Inquilab Logo Happiest Places to Work

زندگی کو منظم بنانے کیلئے ’ٹوڈو لسٹ‘ کی مدد لیجئے

Updated: May 07, 2025, 12:32 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

’ٹوڈو لسٹ‘ تیار کرنا بے حد آسان اور اپنے کاموں کو ترتیب دینا کا مؤثر طریقہ ہے۔ اس سے آپ کو اپنے دن بھر کی کارکردگی کا اندازہ ہوگا، اور آپ اپنے وقت کا درست استعمال کرسکیں گی۔ ’ٹو ڈو لسٹ‘ کی عادت اپنا کر نہ صرف زندگی میں کامیابی حاصل کرنا ممکن ہے بلکہ یہ آپ کو نظم و ضبط کی پابند بھی بننے میں مدد دیتی ہے۔

The biggest advantage of a `to-do list` is that we don`t waste time. Photo: INN
’ٹو ڈو لسٹ‘ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہمارا وقت ضائع نہیں ہوتا۔ تصویر: آئی این این

جب ہم اپنے اطراف کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہر کوئی تیز رفتاری سے دوڑ رہا ہے جبکہ کامیابی کا راز ہے، نظم و ضبط اور لگن۔ اسے ’ٹو ڈو لسٹ‘ بنا کر حاصل کیا جاسکتا ہے۔
’ٹو ڈو لسٹ‘ کیا ہوتی ہے؟
 جب ذہن میں کئی کام ہوتے ہیں تب سب کچھ یاد رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ اس صورتحال میں ’ٹو ڈو لسٹ‘ آپ کا بہترین دوست ثابت ہوسکتا ہے۔
 اس میں آپ صبح اٹھتے ہی وہ سارے اہم کام لکھ لیتے ہیں، جو آپ کو دن بھر کرنے ہیں، مثال کے طور پر بینک جانا ہے، امی کی دوا لینی ہے یا کوئی پروجیکٹ پورا کرنا ہے۔ یہ لسٹ نہ صرف آپ کے پورے دن کو ترتیب دیتی ہے بلکہ کام مکمل ہونے کے بعد ’ٹک‘ (نشان) لگا کر جو سکون ملتا ہے، وہ کسی کامیابی سے کم نہیں۔ اس عادت سے آپ کے وقت کی بچت ہوگی اور قلبی سکون بھی حاصل ہوگا۔
’ٹو ڈو لسٹ‘ کیوں ضروری ہے؟
 ’ٹو ڈو لسٹ‘ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہمارا وقت ضائع نہیں ہوتا۔ ہمارے پاس ایک لمبی لسٹ ہوتی ہے۔ ایک کام ختم ہوتے ہی دوسرے کام کی پلاننگ شروع ہوجاتی ہے۔ اس میں سب سے ضروری کام سب سے پہلے لکھے ہوتے ہیں تو وہ جلدی مکمل ہو جاتے ہیں۔
’ٹو ڈو لسٹ‘ کیسے بنائیں؟
 ہر کسی کا ’ٹو ڈو لسٹ‘ بنانے کا اپنا طریقہ ہوسکتا ہے۔ اپنی سہولت کے مطابق بنائی گئی لسٹ ہی سب سے اچھی ’ٹو ڈو لسٹ‘ ہوتی ہے۔ حالانکہ چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے:
(۱) صبح یا رات میں لسٹ بنائیں
 کچھ لوگ صبح اپنے دن کی شروعات ’ٹو ڈو لسٹ‘ بنا کر کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ رات میں ہی اگلے دن کی پلاننگ کر لیتے ہیں۔ آپ اپنی سہولت کے مطابق دن یا رات منتخب کرسکتی ہیں۔
(۲)سب سے اہم کام پہلے لکھیں
ہمیشہ سب سے اہم اور وقت طلب کام لسٹ میں پہلے لکھیں۔ عام طور پر لوگ صبح کے وقت سب سے زیادہ توانائی محسوس کرتے ہیں، اس لئے بہتر ہے کہ سب سے اہم کام صبح ہی مکمل کئے جائیں۔
(۳) کاموں میں توازن
 ہمیشہ صرف مشکل کاموں کی لسٹ نہ بنائیں۔ اس میں چھوٹے بڑے سبھی کاموں کو شامل کریں تاکہ دن کے آخری حصے میں آپ کو محسوس ہوں کہ آپ نے کافی کام کیا ہے۔ مشکل کاموں کے درمیان آسان کام کرنے سے تھوڑا آرام ملتا ہے۔
(۴) ہر کام کیلئے وقت طے کریں
 ہر کام کو کتنا وقت درکار ہوگا اس کا ہم پہلے سے اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اس لئے ہر کام کے لئے پہلے ہی سے وقت طے کر دیں۔ اس سے آپ زیادہ بہتر کام کر پائیں گی۔ ساتھ ہی سارے کام بآسانی تکمیل تک پہنچیں گے۔
(۵) کام پورا ہونے پر ’ٹک‘ نشان لگائیں
 جب کوئی کام مکمل ہوجائے تو اس کے آگے ’ٹک‘ یعنی نشان لگائیں۔ اس سے آپ کو اپنی کارکردگی کا اندازہ ہوگا اور آپ اچھا محسوس کریں گی۔ ساتھ ہی آپ کو اگلے کام مکمل کرنے کا بھی حوصلہ ملے گا۔
 ’ٹوڈو لسٹ‘ تیار کرنا بے حد آسان اور اپنے کاموں کو ترتیب دینا کا مؤثر طریقہ ہے۔ اس سے آپ کو اپنے دن بھر کی کارکردگی کا اندازہ ہوگا، اور آپ اپنے وقت کا درست استعمال کرسکیں گی۔ ’ٹو ڈو لسٹ‘ کی عادت اپنا کر نہ صرف زندگی میں کامیابی حاصل کرنا ممکن ہے بلکہ یہ آپ کو نظم و ضبط کی پابند بھی بننے میں مدد دیتی ہے۔ اس سے ورک لائف بیلنس کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس عادت کی وجہ سے دنیا کے کئی نامور افراد نے کامیابی حاصل کی ہے۔ آپ بھی ان لوگوں میں شامل ہوسکتی ہیں۔
’ٹو ڈو لسٹ‘ کے فائدے
ذہنی تناؤ کم کرتا ہے
 اس میں کوئی شک نہیں کہ لسٹ کے مطابق کام کرنے سے ذہن پر غیر ضروری دباؤ نہیں پڑتا اور سارے کام بآسانی تکمیل پا جاتے ہیں۔
حوصلہ بڑھتا ہے
 جب آپ کام مکمل ہونے پر ’ٹک‘ کرتی ہیں تو اس سے آپ کو حوصلہ ملتا ہے اور بقیہ کام کرنے کے لئے آپ پُرجوش رہتی ہیں۔
کام پر توجہ
 جب آپ کے سامنے دن بھر کے کاموں کی فہرست ہو تو ہماری توجہ صرف کام پر رہتی ہے۔
حافظہ مضبوط ہوتا ہے
 کام کی فہرست کو باقاعدگی سے تیار کرنے اور اس پر عمل کرنے سے حافظہ مضبوط ہوتا ہے۔
فیصلہ کرنے کی صلاحیت میں بہتری
 ’ٹو ڈو لسٹ‘ کی مدد سے پیچیدہ اور وقت طلب کاموں کو تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ اس سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔
نظم و ضبط کی پابندی
 ’ٹو ڈو لسٹ‘ کے مطابق کام انجام دینے سے سارے کام وقت پر مکمل ہوجاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK