Inquilab Logo

عیدالاضحی کی آمد آمد ہے.... تیاری کرلیجئے

Updated: July 20, 2021, 3:19 PM IST | Asiya Marium | Mumbai

بقر عید سے قبل ہر گھر میں خواتین خوب زور و شور سے تیاریوں میں مصروف رہتی ہیں۔ ان کے ذمہ گھر کی صفائی اور مزے مزے کے پکوان بنانے کیلئے مسالے تیار کرنے کے علاوہ کئی کام ہوتے ہیں۔ انہیں گوشت محفوظ کرنے کی بھی فکر رہتی ہے۔ اس مضمون میں ان کی آسانی کیلئے چند طریقے بتائے جا رہے ہیں

Eid-ul-Adha is coming .... get ready.Picture:INN
عیدالاضحی کی آمد آمد ہے.... تیاری کرلیجئے۔تصویر :آئی این این

عیدالاضحیٰ یوں تو خواتین کے لئے تھکا دینے والی عید ہوتی ہے کہ اُن کا سارا دن کچن، گھر کی صفائی اور دعوتوں کے اہتمام میں نکل جاتا ہے، لیکن دوسری جانب اُن کے لئے یہ خیال ہی باعث ِ طمانیت ہوتا ہےکہ گوشت مہنگا ہونے کے سبب وہ عام دِنوں میں جو پکوان نہیں بنا پاتیں، بقر عید کے دِنوں میں بآسانی پکالیتی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ عیدالاضحی کی آمد سے قبل ہی کچن کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، فریج، ڈیپ فریزر صاف کیا جاتا ہے، تاکہ وقت کی بچت اور کام کا بوجھ کم ہوسکے۔ تاہم، ان تمام تر اقدامات کے باوجود بھی خواتین کا عید کا دن مصروف ہی گزرتا ہے۔ یہاں آپ کے کام کو آسان بنانے کے لئے چند طریقے پیش کئے جا رہے ہیں
گھرکی جھٹ پٹ صفائی
  سب سے پہلے آپ اپنے گھر کی غیر ضروری اشیاء کو ضائع کر دیں تاکہ صفائی کے دوران پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 اس کے بعد گھر کے سارے جالے جھاڑ لیں۔ جالے جھاڑتے وقت پنکھے، ٹیوب لائٹ اور چھتوں کی صفائی بھی کرتی جائیں۔
کچن کی صفائی کرتے وقت سارا سامان ایک ساتھ نہ نکالیں بلکہ ایک گوشہ صاف کرکے ساری چیزیں ترتیب سے رکھ دیں پھر دوسرے حصے کی صفائی کریں۔ اس طرح آپ کم وقت میں زیادہ کام کر پائیں گی۔
فریج کی صفائی کرتے وقت پورا سامان باہر نکالیں۔ سب سے پہلے غیر ضروری سامان پھینک دیں۔ اس کے بعد صاف پانی میں کپڑا ڈبو کر فریج صاف کرلیں۔ آخر میں خشک کپڑے سے پورے فریج کو پونچھیں۔ اس کے بعد فریج میں ضروری اشیاء ترتیب سے رکھیں اور پانی بوتلیں دھو کر بھریں اور انہیں فریج میں رکھ دیں۔
 گھر کے پردے، بستر، چادر، بیڈ شیٹ سب بدل لیں۔ گھر کی رونق بڑھ جائے گی۔
الماری کی صفائی کرتے وقت بھی پہلے پرانے کپڑے جو کئی عرصے نہیں پہنا گیا ہے باہر نکال دیں۔ اس کے بعد دوبارہ ترتیب سے کپڑے رکھ دیں۔
چند مسالوں کی تیاری
  بقر عید ہو اور مزے مزے کے پکوان نہ ہوں تو ایساتوممکن ہی نہیں ہوتا۔اسی لئے ان تمام پکوانوں کی تیاری کیلئے مسالوں کاانتظام پہلے سے ہی کرکے رکھ لیں۔ خصوصاً ان مسالہ جات کی تیاری پہلے سے کرلیں جن کی زیادہ ضرورت پیش آتی ہے۔ چند مسالے کی ترکیب ملاحظہ فرمائیں:
گرم مسالہ: ڈیڑھ کپ زیرہ، آدھا، آدھا کپ دھنیا اور بڑی الائچی، ایک پون کپ ثابت کالی مرچ، ۳؍ چوتھائی کپ ہری الائچی، ۷؍ سے ۸؍ دارچینی کے ٹکڑے، ایک پون کپ لونگ، ایک کپ جاوتری، جائفل کے ۲؍ ٹکڑے۔ ساری اشیاء کو توے پر بھون لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر ثابت مسالوں کو بلینڈر میں پیس کر پاؤڈر بنا لیں۔ہوا بند ڈبے میں بھر کر محفوظ کر لیں۔ یہ بقر عید میں کافی کام آئے گا۔
بریانی مسالہ: ایک تیز پات، ڈیڑھ چھوٹے چمچے سونف، ۲؍ اسٹار پھول، ۶؍ ہری الائچی، ۲؍ کالی الائچی، ایک بڑا چمچہ ثابت کالی مرچ، دارچینی کے ۵؍ ٹکڑے، ایک بڑا چمچہ لونگ، ۴؍ سے ۵؍ جاوتری، آدھا چھوٹا چمچہ جائفل پاؤڈر، ۳؍ اسٹون فلاور، دھیمی آنچ پر گرم توے ان ثابت مسالوں کو بھون لیں۔ اب بلینڈر میں پیس کر چھلنی سے سے چھان لیں۔ دردرا پسے ہوئے مسالے کو الگ کریں۔ مہین پسا ہوا مسالے کو ہوا بند ڈبے میں محفوظ کرلیں۔ عید کے موقع پر اکثر گھروں میں بریانی بنتی ہے۔ یہ بریانی کا مسالہ بے حد کام آئے گا۔
چٹ پٹی چٹنی کی تیاری
کیری کی چٹنی: آدھا کپ کیری، ایک کپ ہرا دھنیا، ۲؍ ہری مرچ، ایک، ایک چھوٹا چمچہ زیرہ اور شکر، حسب ِ ضرورت نمک ملا کر بلینڈ میں ڈالیں۔ ۲؍ بڑے چمچے پانی ملا کر پیس لیں۔ گرم گرم کباب، کوفتے یا سینک کباب کے ساتھ نوش فرمائیں۔
اِملی کی چٹنی: ۲۰۰؍ گرام اِملی، ۳۰۰؍ گرام گڑ، آدھے سے ایک چمچہ بھنا ہوا زیرہ، نمک اور سرخ مرچ کا پاؤڈر حسب ِ ذائقہ، آدھے سے ایک چمچ کالا نمک۔ ۵؍ کپ پانی ابال لیں، اِملی شامل کریں اور ۱۰؍  منٹ کیلئے پکائیں۔ رس نکال لیں اور گودا پھینک دیں۔ باقی تمام اجزاء شامل کریں۔ تب تک پکائیں جب تک گڑ حل اور چٹنی گاڑھی نہیں ہوجاتی۔ ٹھنڈی کرکے پیش کریں۔
گوشت کو محفوظ کرنے کا طریقہ
 گوشت کو ۳؍ ماہ تک منجمد کیا جاسکتا ہے، تاہم منجمد ہونے کے بعد گوشت کی ذائقے اور ساخت کو برقرار رہنے کی ضمانت جو چیز یقینی بنائے گی وہ یہ ہے کہ آپ نے اسے کتنی جلدی فریز کیا ہے۔ یہاں آپ کو دو اہم کاموں کو ذہن میں رکھنا ہوگا، پہلا یہ ہے کہ گوشت کو جلدی سے منجمد کریں جس کا آپ فوری طور پر استعمال کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہیں اور یہ یقینی بنانا ہے کہ آپ کا فریزر ۱۸؍ ڈگری سینٹی گریڈ پر ہے تاکہ گوشت جلدی سے جم جائے اور ضرورت پڑنے پر فریزر سے نکال کر پکایا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK