Inquilab Logo

گھنٹوں بیٹھ کر کام کرنا ہو تب بھی چاق و چوبند رہا جاسکتا ہے

Updated: March 31, 2021, 4:41 PM IST | Marium Shaikh | Mumbai

اکثر ایک ہی حالت میں دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والی خواتین کو جسم کے مختلف حصوں میں درد رہتا ہے۔ وقت کی کمی کے سبب وہ اس جانب توجہ نہیں دے پاتیں لیکن کام کے دوران کم وقت والی ورزش کرکے آپ اس تکلیف سے نجات حاصل کرسکتی ہیں، جی ہاں! یہ ممکن ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

ملازمت پیشہ خواتین کی یہ عام شکایت ہوتی کہ دفتر اور گھر سنبھالتے سنبھالتے خود کے لئے وقت نہیں ملتا جس سے صحت متاثر ہوتی ہے۔ خاص کر گھنٹوں کرسی پر بیٹھ کر لیپ ٹاپ میں آنکھ گاڑ کر یا فائلوں میں سر جھکانے والی خواتین کے لئے تو صورتحال اور بھی تکلیف دہ ہے۔ اگر آپ کو بغیر زیادہ وقت خرچ کئے، اپنی کرسی پر بیٹھے بیٹھے ہی صحت کو برقرار رکھنے کے آسان طریقے معلوم ہوجائیں تو کیسا رہے گا؟ چند باتوں کا خیال رکھتے ہوئے ملازمت پیشہ خواتین اپنے دفتر کو ہی فٹ نیس سینٹر بنا سکتی ہیں:
وقفہ لیں ایک اصول بنا لیں، چاہے جو ہو جائے، ہر آدھے گھنٹے میں ایک وقفہ لیں۔ وقفہ ایک منٹ کا ہی ہو، لیکن اپنی کرسی سے اٹھئے اور بھلے ہی پانچ قدم چلنے کی مہلت ملے، پر چلئے۔ میٹنگ میں ہوں تب بھی واش روم جانے کے بہانے ہی سہی، وقفہ ضروری ہے۔
آنکھوں کو آرام دیں لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ پر کام کرتی ہیں تو ہر آدھے گھنٹے میں آنکھوں کو تھوڑا آرام دیں۔ پلکوں کو بار بار جھپکائیں۔ وقفے کے دوران آنکھوں پر پانی چھڑکیں۔ زیادہ دیر تک لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ پر کام کرنے سے آنکھیں خشک ہونے لگتی ہیں یہ کیفیت انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے۔
چلتے ہوئے بات کریں
 دفتر میں اگر فون پر بات کرنی ہے تو بیٹھ کر نہیں، چلتے ہوئے کریں۔ دوران ِ خون بہتر ہوگا۔
کرسی پر ورزش
 آپ کی کرسی آپ کا جم بن سکتی ہے۔ جی ہاں! آپ نے صحیح پڑھا۔ پیٹھ سیدھی کرکے بیٹھیں، پھر پیروں کو دھیرے دھیرے سامنے کی جانب اٹھائیں۔ یہ دس، دس کے سیٹ میں ۳؍ بار کریں۔ دھیرے دھیرے بڑھا بھی سکتی ہیں۔
گردن کو آرام دیں
 ہر ایک گھنٹے میں گردن کو کرسی کے پیچھے کی طرف لٹکا کر ایک منٹ تک بیٹھیں۔ یہ سروائیکل یا اسپانڈی لائٹس سے آپ کو محفوظ رکھے گا۔
واش کو جم بنائیں
 واش روم جاکر ۵؍ منٹ کے لئے اسکارٹس کر سکتی ہیں۔ پانچ۔ پانچ کے ۳؍ سیٹ سے شروعات کریں۔ دھیرے دھیرے تعداد بڑھا سکتی ہیں۔
اسٹریچنگ کریں
 جب بھی کرسی سے کھڑے ہونے کا موقع ملے، تھوڑا کمر کو ٹوئسٹ کریں، اسٹریچنگ ہوتی رہے گی۔ پیر کے پنجوں پر چند سیکنڈ کے لئے کھڑی ہو کر دیکھیں۔ تھکان دور ہوگی۔
چہرے کا فیٹ گھٹائیں
 چہرے کی ورزش بھی دفتر میں کی جاسکتی ہے۔ چیو نگم کھائیں۔ منہ میں ہوا بھر کر بار بار پھلائیں۔ یہ چہرے کی چربی اور ڈبل چن کو کم کرتا ہے۔
دیوار کے سہارے ورزش
 جب بھی وقت ملے تو کسی دیوار کے سامنے ڈیڑھ فیٹ کی دوری پر کھڑے ہو جائیں۔ پھر جسم کو ہاتھوں کے سہارے دیوار پر چھوڑ دیں۔ سر کو دیوار سے چھوئیں، لیکن دھیان رکھیں پیر ڈیڑھ فیٹ دور ہی رہیں گے۔
پیٹھ کو راحت پہنچائیں
 زیادہ دیر تک ایک ہی حالت میں بیٹھ کر کام کرنے سے پیٹھ میں درد ہونے لگتا ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے سب سے پہلے اپنے آپ کو ہاتھوں سے ایسے پکڑیئے جیسے آپ گلے لگا رہی ہوں۔ پھر اپنے الٹے ہاتھ کو سیدھے کندھے پر اور سیدھے ہاتھ کو اُلٹے کندھے پر رکھیں۔ اتنی گہری سانس لیں کہ پیٹھ تک محسوس ہو۔ آدھا منٹ تک اسی حالت میں رہیں۔ دھیرے دھیرے بانہوں کو پرانی حالت میں لائیں۔
گھٹنے کی تکلیف
 کرسی پر مسلسل پیر لٹکا کر بیٹھنے سے گھنٹے میں درد رہنے لگتا ہے۔ اس تکلیف سے نجات حاصل کرنے کے لئے کرسی پر آگے کی جانب سیدھے ہوکر بیٹھیں۔ پیر زمین پر ٹکے ہوں۔ آہستہ سے کھڑے ہوں اور سیدھے قدموں سے دھیرے دھیرے چلیں۔ چند قدم چلنے کے بعد پانچ سیکنڈ تک کھڑے رہیں۔ پھر دھیرے دھیرے واپس لوٹیں اور پھر سے بیٹھیں۔ اس ورزش کو روزانہ ۱۰؍ مرتبہ کریں۔
کلائی کو آرام دیں
 کافی دیر تک کمپیوٹر پر کام کرنے سے کلائی میں بھی درد رہنے لگتا ہے۔ کلائی کو آرام پہنچانے کے لئے دونوں ہتھیلیوں کو بھینچ کر مٹھی بند کرلیں۔ پھر دونوں مٹھیوں کو سامنے پھیلائیں اور دونوں کلائیوں کو ۱۰؍ بار دائیں اور ۱۰؍ بار بائیں گھمائیں۔ درد غائب ہو جائے گا۔
خوب ہنسیں، خوب تالی بجائیں
 دفتری ساتھیوں سے ہلکی پھلکی باتیں کریں، خوب ہنسیں۔ جب جب تالی بجانے کا موقع ملے، کنجوسی نہ کریں۔ یہ سب اچھی مشقیں ہیں۔ یہ دوران ِ خون بہتر کرتی ہیں اور آپ کو چست رکھیں گی اور صحت مند بھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK