Inquilab Logo

چھوٹی چھوٹی چیزوں میں خوشی تلاش کیجئے

Updated: May 27, 2021, 4:06 PM IST | Marium Shaikh | Mumbai

اگر آج سے دو صدی پیچھے مڑ کر دیکھیں تو ہمیں یہ محسوس ہوگا کہ آسائش حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل لوگ بھی دھیرے دھیرے یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ اس سے انہیں دلی سکون نہیں مل سکتا، اس لئے آج سبھی کو خوشی کی تلاش ہے۔ خواتین چونکہ گھر والوں کے ہر آرام کا خیال رکھتی ہیں لہٰذا ان پر ذمہ داری ہے کہ وہ خوشی تلاش کرنے میں مدد کریں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

ہر کسی کو خوشی چاہئے مگر زیادہ تر لوگ اداس اور بیزار نظر آتے ہیں۔ پھر بھی زندگی چلنے کا نام ہے۔ اسی لئے تمام مشکلوں کے باوجود لوگ وقت کے ساتھ مسلسل آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ صحیح معنوں میں وقت سب سے بڑا استاد ہے اور زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ انسان کو بہت کچھ سکھا جاتے ہیں۔ لیکن اب ویسی خوشی انسان کے چہرے پر نظر نہیں آتی۔ پرانے زمانے کی بات کریں تو انسان کے پاس  بہت زیادہ سہولیات نہیں تھیں مگر اس کے باوجودوہ کم سے کم میں بھی خوش تھے مگر اب جتنی آسائش میسر ہے کم ہی لگتی ہے۔ ہمیشہ دوسروں سے موازنہ کیا جاتا ہے۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ آج ہم دکھی اس بات سے ہے کہ دوسرے خوش ہے، یہ ہم سے دیکھا نہیں جاتا۔ یہ سوچ بالکل غلط ہے مگر ہمارے معاشرے میں پیوست کر چکی ہے۔ اس سوچ کو اپنے ذہن سے نکال پھینکنے کی ضرورت ہے۔ اپنی زندگی کے مثبت پہلوؤں کی جانب نظر دوڑائیں آپ کو محسوس ہوگا کہ آپ کے پاس ہنسنے مسکرانے کیلئے کئی وجوہات ہیں۔ آسائش کے پیچھے بھاگنے کے بجائے تھوڑا آرام کیجئے اور سوچئے کہ ہماری خوشیاں کہاں کھو گئی ہیں؟ اس کام کے لئے خواتین اہم رول ادا کرسکتی ہیں کیونکہ خواتین گھر والوں کی زندگی میں مرکزی رول ادا کرتی ہے اس لئے وہ اپنی سوچ بدل کر گھر کے ماحول کو یکسر بدل سکتی ہیں:
مثبت سوچ
 اگر زندگی میں طویل المدت بنیادوں پر خوش رہنا چاہتے ہیں تو مثبت سوچ سے گہری دوستی کرلیں اور ہر منفی سے منفی بات میں سے بھی مثبت پہلو نکال لیں۔ آپ ۴۵؍ دن تک روزانہ صرف تین مرتبہ ایک سے دو منٹ تک اپنی زندگی کا مشاہدہ کریں اور اس کے تین مثبت پہلو نکال لیں پھر ۴۵؍ دن کے بعد آپ کا ذہن خود ہی ایسا کرنے لگے گا اور یہ مثبت پہلو ہی سوچ کا حصہ ہوں گے۔
چھوٹی چھوٹی خوشیاں
  زندگی میں کبھی بھی کسی بڑی خوشی یا کامیابی کا انتظار نہ کریں بلکہ چھوٹی چھوٹی خوشیوں اور کامیابیوں کی اتنی خوشی منائیں کہ جسے آپ نے دنیا فتح کرلی ہو۔
متوازن زندگی
 اپنی زندگی میں کام اور تفریحات کے درمیان توازن رکھیں ایسا نہ ہو کہ آپ صرف زندگی تفریحات کی نذر کردیں اور ایسا بھی نہ ہو کہ اسے بس کام کام اور کام کے نام کردیا جائے۔ کام کے ساتھ ساتھ خود کو، فیملی کو اور دوستوں کو وقت دیں کم از کم ہفتے میں پارٹی یا گھومنے پھرنے کے ایک پلان پر ضرور عمل لدرآمد کریں کیونکہ زندگی صرف کام کرنے کا نام نہیں۔
تخلیقی سوچ
 آپ کی سوچ اور مزاج میں گہرا تعلق ہوتا ہے، اگر آپ معاشرے کی روایتی سوچ سے ہٹ کر ایک تخلیقی سوچ رکھیں گے تو خوشی محسوس کریں گے۔ تخلیقی سوچ کی کچھ سرگرمیاں بھی آپ کا موڈ اچھا بنا سکتی ہیں جن میں لکھنا، پینٹنگ اور موسیقی شامل ہیں۔
خامیاں قبول کریں
  انسان اس وقت کامیاب ہوسکتا ہے جب وہ اپنا احتساب کرتے ہوئے اپنی خامیاں قبول کرے۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کوئی بھی مکمل اور پرفیکٹ نہیں ہوتا لیکن اپنی خامیوں کو قبول کرکے ان میں سدھار لایا جاسکتا ہے۔
اپنی پسند کا کام کریں
 ہمیشہ وہ شعبہ منتخب کریں جس میں آپ کی دلچسپی ہو، کبھی بھی اپنی زندگی کے قیمتی سال ان کاموں میں ضائع نہ کریں جو آپ بے دلی سے کررہے ہوں۔
حال میں زندگی گزاریں
 اگر خوش رہنا چاہتے ہیں تو تلخ سے تلخ ماضی کو بھی فراموش کردیں اور مستقبل کا نہیں سوچیں کیونکہ انہیں بدلنا آپ کے ہاتھ میں نہیں لیکن انسان کا آج اس کے ہاتھ میں ہے اسی لئے اپنے آج میں جئیں۔
خود اعتمادی
 خود اعتمادی خوش رہنے کا سب سے اہم  عنصر ہے اگر انسان میں خود اعتمادی نہیں تو وہ ہمیشہ اپنے آپ کو دوسروں سے کمتر ہی سمجھے گا اور اندر ہی اندر اداس رہے گا لیکن اگر وہ سوچ لے کہ جس طرح ہر انسان میں کوئی نہ کوئی صلاحیت ہوتی ہے اسی طرح آپ میں بھی وہ صلاحیت ہے جو کسی اور میں نہیں۔ جب آپ اپنی اس صلاحیت کو پہچان لیں گےتو خود اعتماد رہیں گے۔
امیدیں وابستہ نہ کریں
 اکثر بہت زیادہ اُمیدیں وابستہ کرلینے سے بھی ہمیں تکلیف ہوتی ہے۔ اگر زندگی میں دلی سکون اور خوشی چاہتے ہیں تو اُمیدیں وابستہ نہ کریں بلکہ جو مل رہا ہے اس میں خوش رہنا سیکھ لیں۔ آپ کو کبھی تکلیف نہیں ہوگی۔
 یہ بات یاد رکھیں کہ دوسروں پر الزام رکھنے والا شخص کبھی خوش نہیں رہ سکتا ہے۔ اس لئے کبھی بھی دوسروں کو اپنی تکلیف کا سبب نہ سمجھیں بلکہ اگر کسی نے کوئی کام کر دیا تو اس کا احساس مان لیں اور اسے ہمیشہ یاد رکھیں

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK