Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید کی خوشیاں اور خواتین کی ذمہ داریاں

Updated: March 17, 2026, 3:13 PM IST | Dr. Asma Rahmatulla | Mumbai

رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں جب اختتام کو پہنچتی ہیں تو عید الفطر کی خوشیاں ہر گھر میں مسکراہٹیں بکھیر دیتی ہیں۔ عید دراصل شکرانے، خوشی اور باہمی محبت کا دن ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں جب اختتام کو پہنچتی ہیں تو عید الفطر کی خوشیاں ہر گھر میں مسکراہٹیں بکھیر دیتی ہیں۔ عید دراصل شکرانے، خوشی اور باہمی محبت کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ایک مہینہ اللہ کی عبادت، صبر اور تقویٰ میں گزارنے کے بعد بندہ اپنے رب کا شکر ادا کرے اور معاشرے کے دوسرے لوگوں کے ساتھ خوشیاں بانٹے۔

یہ بھی پڑھئے: کیا آپ کی عیدالفطر کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں؟

عید کے حقیقی معنوں کو فراموش نہ کریں

خواتین کا کردار عید کی خوشیوں کو حقیقی معنوں میں خوبصورت بنانے میں نہایت اہم ہوتا ہے۔ گھر کی تیاری، بچوں کی خوشیوں کا خیال، مہمانوں کی آمد اور مختلف پکوانوں کی تیاری... یہ سب کام اکثر خواتین کے کندھوں پر ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ خواتین عید کی تیاریوں کے دوران اپنی روحانیت اور عبادت کو بھی نظر انداز نہ کریں۔

ضرورتمندوں خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں

عید صرف نئے کپڑے پہننے یا عمدہ کھانے بنانے کا نام نہیں بلکہ یہ دلوں کو جوڑنے اور رشتوں کو مضبوط بنانے کا موقع بھی ہے۔ خواتین اگر چاہیں تو اس دن کو معاشرتی خیرخواہی کا ذریعہ بنا سکتی ہیں۔ پڑوس میں موجود ضرورت مند خاندانوں کا خیال رکھنا، یتیم بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا اور رشتہ داروں کے ساتھ محبت و احترام کا رویہ اپنانا عید کی اصل روح کو زندہ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہم آج کے دور کی بااختیار خواتین ہیں، زکوٰۃ کی ادائیگی کی فکر کیجئے

سادگی کی اہمیت

آج کے دور میں عید کی تیاریوں میں دکھاوا اور فضول خرچی بھی بڑھتی جارہی ہے۔ مہنگے ملبوسات اور غیر ضروری اخراجات بعض اوقات عید کی سادگی اور برکت کو متاثر کرتے ہیں۔ خواتین اگر اعتدال اور سادگی کو اختیار کریں تو نہ صرف گھریلو بجٹ متوازن رہتا ہے بلکہ عید کی خوشیاں بھی حقیقی معنوں میں محسوس ہوتی ہیں اور غریبوں کی دل آزاری بھی نہیں ہوتی۔

بچوں کو عید کا صحیح پیغام سمجھائیں

ماں کی حیثیت سے خواتین کی ایک اہم ذمہ داری یہ بھی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عید کا صحیح پیغام سمجھائیں۔ بچوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ عید صرف تفریح اور مٹھائیوں کا نام نہیں بلکہ اللہ کا شکر ادا کرنے، بڑوں کی عزت کرنے اور چھوٹوں سے محبت کرنے کا دن ہے۔

عید کا پیغام

اگر خواتین عید کو عبادت، محبت، سادگی اور خدمت ِ خلق کے جذبے کے ساتھ منائیں تو یقیناً یہ دن صرف ایک تہوار نہیں بلکہ ایک سماجی اور اخلاقی درس بن سکتا ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو عید ہمیں دیتی ہے کہ ہم خوشیوں کو صرف اپنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں پورے معاشرے تک پہنچائیں۔ آئیے اس عید اس کے حقیقی پیغام کو عام کریں۔

یہ بھی پڑھئے: خاموش التجا؛ صدقہ اُنہیں دیں جو مانگ نہیں سکتے

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری عید کو حقیقی خوشیوں، محبتوں اور برکتوں سے بھر دے اور ہمیں ایسا معاشرہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے جہاں ہر گھر میں عید کی مسکراہٹیں یکساں طور پر نظر آئیں، آمین۔ اس کے علاوہ، دُنیا میں امن و امان کی فضا ہموار ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK