پاںچ ایسی نعمتیں جن کیلئے آپ شکر گزار ہیں

Updated: March 16, 2023, 1:37 PM IST | Saima Shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں۔

Allah Ta`ala has blessed man with infinite blessings for which we should be grateful
اللہ تعالیٰ نے انسان کو لامحدود نعمتوں سے نوازا ہے جن کا ہمیں شکر گزار ہونا چاہئے

اللہ نے صحت سے نوازا ہے


نعمت تو بے شمار ہیں: (۱) اللہ کے فضل سے اچھی صحت ہے، بیماری سے دور ہوں۔ اسپتالوں کے چکر سے بچایا ہے۔ (۲) میرے وقت میں بڑی برکت دی، آج جہاں ہر ایک وقت کی کمی کی شکایت کرتاہے الحمدللہ میں زوم پر دن میں دو سے تین میٹنگ اٹینڈ کر لیتی ہوں اور خود بھی درس قرآن لیتی ہوں۔ (۳) رب کا کرم ہے میرے شوہر میرا خیال رکھتے ہیں۔ (۴) بی ایم سی میں بحیثیت معلمہ تیس سال کی نوکری کی اور اب دین کی اشاعت اور تبلیغ سے منسلک ہوں جو باعث ِ رحمت ہے۔ (۵) مجھے سسرال والے بڑے اچھے ملے۔
رضوانہ رشید احمد (تھانے)
اللہ نے کسی کا محتاج نہیں بنایا، الحمدللہ


اللہ کی عطا کی ہوئی ہر ایک چیز میرے لئے نعمت سے کم نہیں ہے۔ (۱)اللہ نے مجھے ایمان والی زندگی عطا کی ہے۔ (۲) اللہ نے عزت والی زندگی عطا کی ہے۔ (۳) اللہ نے کسی کا محتاج نہیں بنایا اور اتنی صلاحیت دی که وقت اور حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکوں الحمد للہ۔
(۴) فرمان بردار اور نیک سیرت اولاد ہے۔ اس کے لئے میں اللہ کی بہت شکر گزار ہوں۔ (۵) مَیں ایک معلمہ ہوں اور اللہ نے ایسے طلبہ مجھے عطا کئے ہیں جو علم کی جستجو میں لگے رہتے ہیں اور استاد کی قدر اور علم کی قدر کرنا جانتے ہیں۔
صبا پروین محمد عقیل (گوونڈی، ممبئی)
دو بیٹیوں کی شکل میں رحمتوں سے نوازا


اَن گنت نعمتوں میں سے صرف ۵؍ نعمتوں کے مشکل ترین چناؤ کے بعد یہ وہ چند نعمتیں ہیں جن کیلئے مَیں اللہ رب العزت کی تہہ دل سے شُکر گزار ہوں: (۱) ایک عورت کے قالب میں جنم لینا میرے لئے باعث امتیاز اور باعث شکر ہے۔ (۲) زندگی جیسی نعمت کے ساتھ تمام جسمانی اعضاء کی سلامتی، صحت تندرستی و عافیت انمول دولت ہے۔ (۳)کُشادہ روزی اور رزق حلال سے نوازنے کیلئے ربِ کریم کا شکریہ۔ (۴) اولاد کی نعمت کے طور پر دو فرمانبردار بیٹیوں سے نوازا ہے۔(۵) علم و عمل کی قیمتی ترین نعمت سےنوازا۔
خالدہ فوڈکر (جوگیشوری، ممبئی)
مجھے خوشحال زندگی سے نوازا 


(۱) مَیں اللہ رب العالمین کی شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے حضرت محمدؐ کا امتی بنایا اور ایک دیندار گھرانے میں پیدا فرمایا۔ (۲) اللہ کی مشکور ہوں کہ اس نے مجھے والدین جیسی عظیم نعمت سے نوازا جنہوں نے مجھے دین و دنیا کی بہترین تعلیم سے آراستہ کیا۔ (۳) اللہ کی نوازشوں میں سے ایک میری بیٹیاں ہیں جن کی وجہ سے مجھے ماں کہلانے کا شرف حاصل ہوا۔ (۴) دنیا کی عظیم نعمتوں میں سے ایک اچھی صحت ہے۔ (۵) اللہ کی شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے خوشحال زندگی سے نوازا اور ضرورتمندوں کی مدد کرنے کے قابل بنایا۔
ڈاکٹر روحینہ کوثر سید (ناگپور، مہاراشٹر)
اچھی صحت اور ذہنی و جسمانی تندرستی عطا کی


مَیں مالک کائنات کی بے حد شکرگزار ہوں کہ اس مالک نے مجھے
(۱)دین فطرت پر پیدا کیا، نبی اکرمﷺ کی امت میں شامل فرمایا اور میری رہنمائی کیلئے قرآن جیسی عظیم نعمت عطا کی۔ (۲) بہترین علم، اچھی صحت اور ذہنی و جسمانی تندرستی عطا کی۔ (۳) بے انتہا محبت کرنے والے والدین اور مشفق و سرپرست میرے بڑے ماموں کی محبت بھری توجہ ملی۔ (۴) میرے شریک زندگی جن کی ہر لمحہ میرے تئیں محبت میرا بہت ہی قیمتی اور خوبصورت سرمایہ ہے۔ (۵) میرے پانچوں بیٹے بیٹیاں اور ان کے متعلقین۔
ناز یاسمین سمن (پٹنہ، بہار)

ایمان کی دولت سے نوازا