Inquilab Logo

چِپ ڈیزائننگ میں کریئر کیلئے کم ازکم بی ای یا بی ٹیک الیکٹرانک ہونا چاہئے

Updated: March 07, 2023, 10:26 AM IST | Azhar Mirza | Mumbai

مالیگاؤں کے اسلامپورہ سے تعلق رکھنے والے حارث فی الوقت انٹیل ٹیکنالوجی میں بطور سینئر چپ ڈیزائن انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہےہیں۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

 روزنامہ انقلاب کی جانب سے ’پیش رفت‘  پر یہ نیا ہفت واری سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔  اس کے تحت ہر پیر کو مختلف و منفرد پیشے سے وابستہ ایک پروفیشنل سے ہونے والی گفتگو کے اہم اقتباسات  پیش کئے جائیں گے۔جس کے ذریعہ ان کی حصولیابی اور ان کے تجربے و مشاہدے کو پیش کیا جائے گا تاکہ طلبہ کی رہنمائی ہو اور انہیں ترغیب و حوصلہ مل سکے۔ اس ہفتے چپ ڈیزائننگ شعبے سے وابستہ انصاری محمد حارث رئیس احمد سے گفتگوکی گئی ہے۔جو بی ای (ای اینڈ ٹی سی)، ایم ٹیک (جے ایل ایس آئی) ہیں۔ 
 مالیگاؤں کے اسلامپورہ سے تعلق رکھنے والے حارث فی الوقت انٹیل ٹیکنالوجی میں بطور سینئر چپ ڈیزائن انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہےہیں۔ 
آپ ،چپ ڈیزائننگ کے شعبے کی طرف کیسے آئے؟
 گریجویشن (بی ای) کے سال آخر میں مجھے اس کا علم ہوا۔ بعد میں ایم ٹیک کے داخلہ امتحان ’گیٹ‘ کی تیاری  کے دوران  اس فیلڈ کے متعلق گہرائی سے جاننے کا موقع ملا اور میں نے ا س میں کریئر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
آپ نے کہاں سے تعلیم حاصل کی؟
 ابتدائی تعلیمی سفر شیخ عبدالودود پرائمری اسکول  سے شروع ہوا، اسکے بعد پانچویں تا بارہویں جماعت تک  اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج،مالیگاؤں سے پڑھائی مکمل کی۔ اس کے بعد وشو کرما انسٹی ٹیوٹ پونے سے بی ای ہونے کے بعد مہندرا اینڈ مہندرا میں ایک سال کام کیا  اورگیٹ امتحان میں کامیابی کے بعد گجرات کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ایم ٹیک(وی ایل ایس آئی) کیا ہے۔ 
ابتدائی تا ڈگری لیول تک میڈیم کون سا تھا؟
 کے جی تا دسویں تک کا سفر اُردو میڈیم سے ہی ہوا۔ اس کے بعد کی تعلیم انگریزی میڈیم سے ہوئی ہے۔
میڈیم کی تبدیلی  سے کوئی دقت آئی ؟: گیارہویں میں وقتی پریشانی ہوئی  لیکن اضافی محنت سے یہ مسئلہ حل  ہوگیا۔ مثلاً انگریزی لکھنے، پڑھنے  اور سمجھنے کی مشق کی ۔ یہاں میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ ابتداء میں انگریزی بولنے میں مسئلہ ہوتا ہے۔ کیونکہ ہم اردو میڈیم کے طلبہ عموماً بات کرنے سے پہلے اس بات کو اپنی مادری زبان میں سوچتے ہیں اور پھر اس کا ترجمہ انگریزی میں کرتے ہیں، جس کی وجہ سے روانی نہیں آپاتی۔ اس کا حل یہ ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ ’انگلش اسپیکنگ‘ کی مشق کریں ، جس سے ’اردو سے انگریزی‘ کا فلٹر کم ہوتا جائے اور روانی آتی جائے گی۔
بورڈ امتحانات اور ڈگری کورس میں کیا رزلٹ تھا؟: 
 ایس ایس سی ۸۶؍فیصد، ایچ ایس سی (سائنس) ۸۳؍ فیصد۔ انجینئرنگ میں اوسطاً فرسٹ کلاس کے ساتھ ۶۵؍فیصد ۔ گیٹ میں ۹۹؍پرسنٹائل۔ ایم ٹیک میں اوسطاً ۱۰؍ میں ۹ء۱؍ پوائنٹر۔
تعلیم  سے ملازمت تک کسی قسم کی پریشانی یا چیلنج کا سامنا کرنا پڑا؟
 یوں تو ہر طالبعلم کو چھوٹے موٹے چیلنج آتے رہتے ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے آبائی شہر چھوڑ کر دوسرے شہر میں جانا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ میں بھی ابتداء میں کافی پریشان رہا۔ یہاں یہ بتادوں کہ اسی مشکل کی وجہ سے کافی طلبہ کچھ ہی ماہ میں پڑھائی ادھوری چھوڑکر آبائی شہر لوٹ جاتے ہیں۔ حالانکہ کسی بھی دوسرے شہر میں ایڈجسٹ ہونے کیلئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے، پریشانیوں سے بھاگنے کے بجائے ان کا سامنا کرنا چاہئے اور ان کا مناسب حل ڈھونڈنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ 
طلبہ کو کوئی میسیج / پیغام دینا چاہتے ہیں؟ 
 جی ضرور، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ طلبہ کتابوں اور کانسپٹ کو رٹنے کی بجائے انہیں سمجھنے پر دھیان دیں۔ سمجھی ہوئی چیزیں آپ کو ہمیشہ یاد رہیں گی۔جبکہ رٹا ہوا مواد کچھ دن میں ذہن سے نکل جائے گا۔ پڑھائی کے ساتھ کھیل کود اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہئے۔ ان سے آپ کے اندر وہ صلاحیتیں پیدا ہوں گی جو آپ کو عملی زندگی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہت کام آئیں گی۔
چپ ڈیزائننگ میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو اس شعبے میں کیوں جانا چاہئے؟
 ٹرانسسٹراور آئی سی کو اہم ترین ایجاد مانا جاتا ہے۔ آج دنیا کے تقریباً  ہر شعبے کی ترقی کے پیچھے آپ کو مائیکرو چپ نظر آئیگی ۔ مثلاً ۱۵؍ سال قبل کے موبائل فونز اور آج کے موبائل میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ پہلے کے فونز بنیادی کام ہی کرپاتے تھے لیکن اسمارٹ فونز کسی کمپیوٹر کی طرح کام کرپارہے ہیں۔ جوموبائل کے مائیکرو پروسیسر چِپ کی ترقی کی وجہ سے ہی ممکن ہوپایا ہے۔ اسی طرح انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی ترقی کے پیچھے سرور چِپ کا ہاتھ ہے۔ کسی بھی عام کار میں کم سے کم ۵؍مائیکرو پروسیسر چپ ہوتی ہے جو انجن اور دیگر چیزیں کنٹرول کرتے ہیں۔ اسی طرح آپ اپنے استعمال کی کسی بھی چیز کو دیکھیں تو اس میں آپ کو مائیکروچپ نظر آئے گی۔ اگر آپ کسی Cutting Edgeٹیکنالوجی پر کام کرنا چاہتے ہیں تو ضرور اس شعبے کا انتخاب کریں۔
اس شعبے میں کہاں  اور کون  سےمواقع ہیں؟
 اس شعبے کیلئے درکار اعلیٰ تعلیم  کے حصول کے بعد آپ انٹیل، ایپل ، اے ایم ڈی ، گوگل ، Nvidia، کوالکم جیسی پرائیویٹ کمپنیوں میں کام کرسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ سرکاری ادارے مثلاً ڈی آر ڈی او کے  چِپ ڈیزائننگ کے شعبے سے جڑ سکتے ہیں۔ آپ چاہیں تو آئی آئی ٹیز، این آئی ٹیز یا بیرون ملک یونیورسٹییز  میں  چپ ڈیزائن پر ریسرچ کا کام بھی کرسکتے ہیں۔
 اس شعبے کیلئے کون سی تعلیمی لیاقت کی ضرورت پڑتی ہے؟ 
 چپ ڈیزائننگ کے شعبے میں جانے کیلئے گیارہویں ، بارہویں سائنس سے ہونا ضروری ہے ۔اس کے بعد آپ کو بی ای یا بی ٹیک الیکٹرانک برانچ سے کرنا ہوگا۔ بہتر ہوگا کہ آپ ایم ٹیک ، آئی آئی ٹی یا این آئی ٹی سے کریں یا کچھ اچھے پرائیویٹ کالج مثلاً وی آئی ٹی، برلا انسٹی ٹیوٹ، منی پال انسٹی ٹیوٹ وغیرہ سے کریں۔ بی ای یا بی ٹیک کیساتھ بھی آپ اس فیلڈ میں آسکتے ہیں۔
 کون کون سے کورسیز کرنے پڑتے ہیں؟
 اس شعبے کیلئے کم ازکم بی ای یا بی ٹیک الیکٹرانک برانچ سے ہونا چاہئے۔ کمپیوٹر برانچ کے طلبہ کیلئے بھی موقع ہوتا ہے۔ بہتر مواقع کیلئے ایم ٹیک ، وی ایل ایس آئی برانچ سے کریں تاکہ آپ کو اس فیلڈ کی مہارت حاصل ہوسکے۔ مزید ترقی کیلئے پی ایچ ڈی بھی کرسکتے ہیں۔
کیا کوئی داخلہ امتحان ہوتا ہے ؟
 جی نہیں ، مطلوبہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ اس شعبے میں قدم رکھتے ہیں۔
پڑھائی کے بعد جاب کیلئے کیا کرنا چاہئے؟ 
 جیسا کہ میں نے بتایا کہ طلبہ کو کالج پلسیمنٹ پر زیادہ دھیان دینا چاہئے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنے کریئر کی بہتر شروعات کرسکیں۔ اس کے علاوہ طلبہ کمپنیوں کی ویب سائٹ پر جاب کیلئے ضرور درخواست دیں۔ ساتھ ہی لنکڈ اِن پر ملازمت ڈھونڈیں۔ آج زیادہ تر کمپنیاں ہائرنگ  اسی کے ذریعہ کرتی ہیں۔ اسلئے طلبہ لنکڈ اِن پر پروفائل بنائیں۔  چپ ڈیزائننگ کیلئے درکار صلاحیتوں کوسیکھیں اس سے آپ کا ریزیوم پرکشش بنے گا۔ 
کیا کچھ اضافی صلاحیتوں کو بھی بڑھانے کی ضرورت ہے؟
 جی بالکل ، کمیونی کیشن اسکل، اپٹی ٹیوڈ، کریٹیکل تھنکنگ وغیرہ کو بہتر بنائیں۔ یہ خوبیاں پیشہ ورانہ زندگی میں کام آئیں گی۔   کوئی بھی طالب علم/سرپرست  رہنمائی یا مشورہ چاہتےہیں تو مجھ سے ای میل (mohammedharis92@gmail.com) ، لنکڈ اِن (Haris-ansari-92b2877)  پررابطہ کرسکتے ہیں  ، ان شاء اللہ میں رہنمائی کی اپنی جانب سے پوری کوشش کروں گا۔

 اگر آپ بھی منفرد پیشہ سے منسلک ہیں اور اس پیشہ کے متعلق طلبہ کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں توانقلاب سے وہاٹس ایپ پر رابطہ کریں:8850489134

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK