موجودہ دور میں موبائل فون اور سوشل میڈیا ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں، لیکن ان کا غیر ضروری اور حد سے زیادہ استعمال نوجوان نسل کے لئے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: August 06, 2026, 4:51 PM IST | Momin Nikhat Jahan Mukhtar Ahmed | Mumbai
موجودہ دور میں موبائل فون اور سوشل میڈیا ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں، لیکن ان کا غیر ضروری اور حد سے زیادہ استعمال نوجوان نسل کے لئے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
موجودہ دور میں موبائل فون اور سوشل میڈیا ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں، لیکن ان کا غیر ضروری اور حد سے زیادہ استعمال نوجوان نسل کے لئے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
آج کل اکثر طلبہ اپنا قیمتی وقت تعلیم، مطالعہ اور مثبت سرگرمیوں کے بجائے موبائل فون، آن لائن گیمز، سرفنگ، مختصر ویڈیوز اور سوشل میڈیا پر ضائع کر رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ان کی تعلیمی کارکردگی مسلسل کمزور ہو رہی ہے، یادداشت متاثر ہو رہی ہے، مطالعہ کرنے کا شوق ختم ہوتا جا رہا ہے، لکھنے کی مشق نہ کے برابر ہوگئی ہے اور وقت کی پابندی بھی نظر انداز کی جا رہی ہے۔ اسکے علاوہ مسلسل موبائل فون استعمال کرنے سے آنکھوں کی کمزوری، گردن اور کمر کا درد، بے خوابی، ذہنی دباؤ اور چڑچڑاپن جیسے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مجموعی صحت کے لئے صبح یہ تین عادتیں اپنائیے
ایک اور تشویشناک پہلو یہ ہے کہ بعض نوجوان سوشل میڈیا پر غلط معلومات، غیر اخلاقی مواد اور فضول سرگرمیوں کا شکار ہو جاتے ہیں، جس سے ان کی شخصیت، اخلاق اور مستقبل متاثر ہوتا ہے۔ بعض اوقات یہ رجحان بچوں کو والدین اور خاندان سے بھی دور کر دیتا ہے، جس سے گھریلو تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوتی ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں، ان کے موبائل فون استعمال پر مناسب نگرانی رکھیں اور انہیں وقت کی قدر، مطالعے کی عادت اور مثبت مشاغل کی طرف راغب کریں۔ اسی طرح اسکولوں میں بھی وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا کے فوائد اور نقصانات پر لیکچر، سمینار اور آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ طلبہ میں شعور پیدا ہو۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کے علاوہ، این جی اوز کو بھی چاہئے کہ وہ تعلیمی اور اخلاقی شعور بیدار کرنے کے لئے مؤثر مہمات چلائیں۔
اگر آج گھر کے بڑوں نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو آنے والی نسل کا تعلیمی، اخلاقی اور معاشرتی مستقبل خطرے میں پڑسکتا ہے۔ لہٰذا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کریں، انہیں ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال سکھائیں اور انہیں ایک باکردار، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔