Inquilab Logo

’ہیپی تھریڈس‘ خاتون دستکاروں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی عمدہ کوشش

Updated: August 03, 2020, 7:07 AM IST | Saadat Khan

یہ ادارہ خواتین کی فنی صلاحیتوںکو اُجاگرکرکے انہیں خود کفیل بنانےکیلئے سرگرم عمل ہے ۔ جن خواتین میں دستکاری، سلائی، کڑھائی اور بنائی کی صلاحیت موجود ہے، انہیں سماجی اور معاشی طورپر مستحکم کرنےکی کوشش اس ادارے کا قابل ستائش مشن ہےہیپی تھریڈس منافع کے بغیر کام کرنے والا ادارہ ہےجو خواتین کی فنی صلاحیتوںکو اُجاگرکرکے انہیں خودکفیل بنانے اور اُن میں خود اعتمادی پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

Happy Threads
ہیپی تھریڈس

ہیپی تھریڈس منافع کے بغیر کام کرنے والا ادارہ ہےجو خواتین کی فنی صلاحیتوںکو اُجاگرکرکے انہیں خودکفیل بنانے اور اُن میں خود اعتمادی پیدا کرنے کیلئے کوشاںہے۔ دستکاری، سلائی، کڑھائی اور بنائی کا ذوق و شوق اور صلاحیت رکھنے والی خواتین کو ایک پلیٹ فارم دے کر نیز جب ضرورت ہو، انہیں مناسب تربیت دے کر اُن کے فن کو مزید نکھارنا اور انہیں سماجی و معاشی طورپر مستحکم کرنا اس ادارہ کا مشن ہے ۔ فی الحال ملک کی مختلف ریاستوں کے شہروں، قصبو ں اور دیہاتوں کی تقریباً ۷۱۰؍ خواتین اس ادارہ سے وابستہ ہیں جس کے ذریعہ وہ اپنے فن کو بھی نکھار رہی ہیں اور مناسب اُجرت اور محنتانہ بھی حاصل کررہی ہیں۔ ۲۱۔۲۰۲۰ء میں یہ ادارہ اپنے ممبروں کی تعداد میں ۳؍گنا اضافے کیلئے کوشاں ہے تاکہ دستکاری سے دلچسپی رکھنے والی ضرورتمند خواتین زیادہ سے زیادہ استفادہ کرسکیں۔ ساتھ ہی انہیں زیادہ کام دینےکی کوشش کی جائے گی تاکہ ان کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ فی الحال یہ ادارہ خصوصی طورپر کروشیا کے ذریعے تیارکی جانے والی اشیاء پر زیادہ توجہ دےرہاہے۔
دستکار اور ہم 
 ادارہ کا آغاز ۵۰؍ خاتون دستکارو ںسے ہواتھا جبکہ اس وقت اس سے ۷۰۰؍ سےزیادہ خاتون دستکار منسلک ہیں۔ ایک وقت میں ۱۵۰؍ تا ۲۰۰؍ دستکارادارہ سے فیض یاب ہوتےہیں۔ کروشیا کے علاوہ سلائی، کپڑوں پر پینٹنگز، مختلف قسم کی زردوزی، کڑھائی اوربنائی وغیرہ کےلئے بھی خواتین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ ادارہ اپنی سرگرمیوں میں تنوع پیدا کرنے کیلئے کیٹرنگ سروس جاری کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔    ہیپی تھریڈس سے وابستہ ہونے والی خواتین کو جس فنی خدمت کیلئے منتخب کیا جاتا ہے اگر اُن کے فن کو نکھارنے کیلئے ٹریننگ ضروری تصور کی جاتی ہے تو لائیو ورکشاپ، آڈیو اورویڈیو کے ذریعے اس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ وہ اعلیٰ معیاری اشیاء تیارکرسکیں۔ ادارہ اُنہیں مناسب معاوضہ دیتا ہے اور اگر وہ خواہشمند ہوں تو اندرون و بیرون ملک مارکیٹنگ چینل کی سہولت بھی دی جاتی ہے تاکہ براہ راست بھی ان کامال فروخت ہوسکے۔
 ادارہ کاطریقۂ کار:
     جو خواتین دستکاری جانتی ہیں اور گھریلو روزگار حاصل کرنا چاہتی ہیں، ادارہ کے نمائندے اُن تک پہنچتےہیں۔ اُن کی سلائی، کڑھائی اور کروشیا ورک کی جانچ کے بعد (اگر وہ ادارہ کے معیار کے مطابق پایا گیا تو) ان کا انتخاب کیاجاتاہے۔ اس دوران یہ دیکھا جاتا ہے کہ اُن کا فنی معیار کیا ہے، انہیں کام کا کتنا تجربہ ہے اور اُن میں خود کفیل ہونے کی کتنی لگن ہے۔ اُن کی فراہم کردہ معلومات سے اطمینان ہونے کےبعد انہیں کام دیا جاتاہے تاکہ وہ خودکفیل ہوں، اپنی سماجی پہچان بناسکیں اور ایک اچھا پیغام عام کریں جس سے معاشرہ مثبت تبدیلیوں سے ہمکنار ہو۔  
 انتخاب کے بعد خواتین کو ہیپی تھریڈس اور اس کے گروپ سے  متعارف کرایا جاتا ہے۔ بعدازیں انہیں بنیادی ٹریننگ دی جاتی ہے اور  ہیپی تھریڈس کے ضابطوں اور اُصولوں سے واقف کرایا جاتا ہے۔
  ادارہ ’ہیپی تھریڈس‘کے کام کرنے کا ایک طریقہ یہ ہےکہ خواتین اپنی تیار کردہ مصنوعات کانمونہ روانہ کرتی ہیں۔ اگر ادارہ کا ڈیزائنر ان نمونوں کو کچھ تبدیلیوں کے ساتھ پاس کردے تو انہیں مزید مال تیارکرنےکا آرڈر دیاجاتاہے۔ دوسرا طریقہ یہ ہےکہ ادارہ کا ڈیزائنر اپنی پسند کے مطابق جو اشیاء بنوانا چاہتاہے، اُن کاپی ڈی ایف یا ویڈیو بھجواتا ہے یا لائیو ٹریننگ کےذریعے آرڈر دیا جاتا ہے۔
 دستکار کو آرڈر دینےکےبعد جب اشیاء تیار ہوجاتی ہیں تو ادارہ ان سے یہ مال خرید لیتاہے۔ اس کےبعد مال فروخت کرنےکی ذمہ داری ادارہ کی ہوتی ہے۔ چاہے ادارہ کے پاس اس مال کو فروخت کرنےکا آرڈر ہویانہ ہو،  دستکاروںکے بل کی ادائیگی کردی جاتی ہے۔ ان کے محنتانہ کی یہ رقم ان کے بینک اکائونٹ میں منتقل کردی جاتی ہے ۔   
 نئے دستکار جو ادارہ سے جڑناچاہتےہیں، وہ ہیپی تھریڈس کے نمائندوںسے رابطہ کرتےہیں۔ نمائندے انہیں ضرورت کےمطابق آرڈر دیتے ہیں۔ تیارشدہ مال ہیپی تھریڈس کے مین پروڈکشن سینٹر سورت میں جانچ کیلئے بھیجاجاتاہے جہاں پروڈکشن انچارج مال کی کوالیٹی وغیرہ کی جانچ کرتاہے۔ مال کی جانچ کےبعداسے مختلف ذرائع سےمارکیٹ میں روانہ کرنےکا مرحلہ شروع ہوتاہے۔
کون کون سے پروڈکٹس؟ 
  ہیپی تھریڈس عام طورپر تحفےمیں دی جانےوالی اشیاء میں بھی دلچسپی لیتا ہے بالخصوص وہ اشیاء جو مختلف تہواروںکےموقع پر تحفےمیں دی جاتی ہیں ۔ مثلاً دیوالی کےموقع پرتحفہ رکھ کر دینےکی خوبصورت ٹوکری۔ ہیپی تھریڈس نے دیوالی پر یہ ٹوکری بڑے پیمانےپر سپلائی کی تھی۔  ادارہ، اپنی مارکیٹنگ ٹیم اور بورڈ کے ممبران کےمشورے پر اشیاء بنانے کی منصوبہ بندی کرتاہے۔ ٹیم کی رپورٹ پر ڈیزائنر مختلف شہروں،  قصبوں اور اضلاع کے نمائندوں سے رابطہ کرتےہیں۔ انہیں اشیاء کی سائز اور رنگ وغیرہ کے بارے میں بتاتےہیں۔ بعدازیں یہ نمائندے اپنے گروپ کے دستکاروںکو اس کی معلومات فراہم کرتےہیں۔ انہیں اس کا نمونہ بنانےکی ہدایت دی جاتی ہے۔ اگر یہ اشیاء اس سے پہلے بھی بنائی جا چکی ہوں تو نمونہ بنانے کے بجائے براہ راست آرڈر دیا جاتا ہے ۔ 
پروڈکٹ کیٹگری 
 جیسا کہ عرض کیا گیا، ہیپی تھریڈس کے پروڈکٹ خصوصی طور پر تحفے کے زمرےمیں آتے ہیں اور ان اشیاء کی خریدارزیادہ تر وہ خواتین ہیں جو دستکار خواتین کی مداح نیز ان کے ہنر کی قدرداں ہوتی ہیں۔ ان میں گھر سجانے، فیشن کے طورپر استعمال ہونےوالی اشیاء، زیورات، اسٹیشنری، ڈائری ، نوٹ پیڈاور بیگ وغیرہ شامل ہیں۔ 
مارکیٹنگ چینل
 ہیپی تھریڈس کے کام کرنےکا طریقہ عام مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ کمپنیوں سے الگ ہے۔ یہ ادارہ زیادہ سے زیادہ دستکاروںکو گروپ میں شامل کرکے انہیں روزگار کا موقع فراہم کرتاہے۔ اس لئے ان دستکاروں کےذریعے تیارکردہ اشیاء کو بڑی تعدادمیں فروخت کرنےکی کوشش کی جاتی ہے تاکہ کام کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں اور خواتین کی حوصلہ افزائی ہو۔ اس کیلئے مذکورہ ادارہ آئی ایم سی ، رُچیکا، ہیلپنگ ہینڈ ، کالا گھوڑا فیسٹیول ( ممبئی ) اور دیگر شہروں مثلاً احمد آباد، پونے اور سورت میں لگائی جانےوالی بڑی نمائشوں میں حصہ لیتاہے۔ اب ادارہ جنوبی اور شمالی ہندوستان کے معروف شہروںمیں منعقد ہونےوالی نمائشوں میں شرکت کی تیاری کر رہاہے۔ اس کے علاوہ علاقائی سطح پر بھی دستکاروںکی تیار کردہ اشیاء کو فروغ دینےکیلئے نیشنل ریٹیل اسٹورس میں بھی ان اشیاء کو رکھنے کی جدوجہد جاری ہے۔ اس طرح نئی مارکیٹس، بشمول کارپوریٹ شعبہ، کی تلاش بھی ادارہ کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
  نرم و نازک کھلونوں کی سپلائی کیلئے ہیپی تھریڈس نے ’’فرسٹ کرائی‘‘ نامی ادارہ سے پارٹنر شپ کرنےمیں کامیابی حاصل کی ہے۔ ’فرسٹ کرائی‘  کی ویب سائٹ پر ہیپی تھریڈس کا نام درج ہے۔اس کے دہلی، بنگلور، احمدآباد، پونےاور حیدرآباد کےاسٹور س میں بھی ہیپی تھریڈس کی اشیاء فروخت کی جارہی ہیں۔ 
 عالمی بازارمیں رسائی کیلئے کمیونٹی نیٹ ورک اوران خواتین سے رابطہ جاری ہے جو ہیپی تھریڈس سے واقف ہیں۔ ان کے ذریعے آرڈر حاصل کرکے انہیں مال سپلائی کیاجارہاہے۔ تہواروںکی مناسبت سے بھی اندرون و بیرونِ ملک مال کی فروخت کا منصوبہ ہے مگر امسال کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے نمائش اور دیگر سماجی تقریبات کا انعقاد مسئلہ ہے اس لئے ادارہ اپنے اس ہدف کو حاصل نہ کرنے کے باوجودپُر امیداور پُرعزم ہے۔ 
 برانڈ کی روز افزوں مقبولیت
 ہیپی تھریڈس کی مقبولیت ایک برانڈ کے طورپر روز افزوں ہے جس کا سہرا ادارہ کے ذمہ داران اور ان دستکاروں کے سر بندھتا ہے جو عمدہ کوالیٹی کی اشیاء سازی کیلئے اعلیٰ ساز و سامان استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کام کو بڑی ذمہ داری سے ادا کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK