باورچی خانہ میں گرم گھی میں پیاز اور گرم تیل میں کڑی پتہ ڈالنے اور پسے ہوئے مسالے بھونتے وقت اس کی خوشبو سے پورا گھر مہک جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: July 30, 2026, 4:41 PM IST | Mumbai
باورچی خانہ میں گرم گھی میں پیاز اور گرم تیل میں کڑی پتہ ڈالنے اور پسے ہوئے مسالے بھونتے وقت اس کی خوشبو سے پورا گھر مہک جاتا ہے۔
باورچی خانہ میں گرم گھی میں پیاز اور گرم تیل میں کڑی پتہ ڈالنے اور پسے ہوئے مسالے بھونتے وقت اس کی خوشبو سے پورا گھر مہک جاتا ہے۔ اس سے اہل ِ خانہ کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ کیا پک رہا ہے، ساتھ ہی بھوک بھی بڑھ جاتی ہے۔ کھانا ذائقہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ خوشبو دار ہو تو لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ اس تحریر میں جانئے کھانا خوشبو دار بنانے کے چند طریقوں کے بارے میں:
تازہ اجزاء استعمال کریں
تازہ اجزاء کی خوشبو ہمیشہ زیادہ متحرک اور دلکش ہوتی ہے۔ تلسی، دھنیا، پودینہ اور تھائم تازہ استعمال کریں، اس سے کھانے میں اچھی خوشبو اٹھتی ہے۔ اسی طرح مسالے وقت کے ساتھ اپنی تاثیر اور خوشبو، دونوں کھو دیتے ہیں، اس لئے تازہ مسالہ پیس کر استعمال کریں، جیسے کہ ثابت گرم مسالہ پیس لیں، دھنیا پاؤڈر کے لئے اسے ثابت توے پر بھون لیں، پھر پیس کر استعمال کریں، اس سے سبزی اور سالن میں اچھی خوشبو آتی ہے۔
کھانا پکانے کا اہم جزو ’تڑکا‘
پیاز، لہسن، ادرک جیسی خوشبو دار سبزیاں اکثر کھانوں کی بنیاد ہوتی ہیں۔ جب انہیں مکھن یا تیل میں ہلکا سا بھنا جاتا ہے تو یہ خوشبو دار مرکبات خارج کرتی ہیں جو کھانے کو لذیذ مہک دیتے ہیں۔ یہ عمل ہمارے یہاں تڑکا کہلاتا ہے، کھانے کی خوشبو کو بھرپور بنیاد فراہم کرتا ہے۔
مسالوں کو بھوننا
پورے مسالوں کو پیسنے یا پکانے سے پہلے ہلکی آنچ پر خشک بھوننے سے ان کے اندر چھپے خوشبو دار تیل خارج ہوتے ہیں۔ زیرہ، دھنیا، سرسوں کے بیج اور سونف جب بھنے جائیں تو یہ مہک میں اضافہ کرتے ہیں۔ صرف ایک سے دو منٹ کا یہ عمل باورچی خانے کو لاجواب خوشبو سے بھر دیتا ہے۔
تیزابی اجزاء کا استعمال
لیموں کا رس، سرکہ یا ٹماٹر جیسے تیزابی اجزاء کھانے کی مہک کو تازگی بخشتے ہیں اور بھاری پکوانوں کے ذائقے کو ہلکا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اجزاء شامل کرنے کا وقت بھی اہم
پکوان مکمل ہونے کے بعد آخر میں تازہ جڑی بوٹیاں شامل کرنے سے نہ صرف ذائقہ بہتر ہوتا ہے بلکہ خوشبو بھی تازہ اور ہلکی رہتی ہے۔ دھنیا، پودینہ یا ہری مرچ کی تازگی کھانے کو مہک سے بھر دیتی ہے، جو مہمانوں کے لئے ایک دلکش دعوت ثابت ہوسکتی ہے۔ یاد رکھیں، یہ اجزاء اگر زیادہ دیر پکائے جائیں تو اپنی خوشبو کھو بیٹھتے ہیں، اس لئے انہیں آخر میں شامل کرنا ہی بہتر ہے۔
آپ سادہ کھانا بنا رہی ہیں یا کوئی خاص ڈش، اگر خوشبو دلکش ہو تو پہلا تاثر ہی ناقابلِ فراموش بن جاتا ہے۔