Inquilab Logo

اپنے لئے وقت کیسے نکالیں؟ اور اسے کیسے صرف کریں؟

Updated: June 01, 2023, 1:14 PM IST | Saima Shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں

Take at least an hour every day for yourself, during which time read a book that will bring out your personality.
روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ اپنے لئے نکالیں، اس دوران کسی ایسی کتاب کا مطالعہ کریں جس سے آپ کی شخصیت نکھر جائے۔

صبح ہی سے آغاز کیجئے


ہر وہ کام جس کا ہم دل سے عہد کر لیں ہمارے لئے مشکل نہیں رہ جاتا ہے۔ وقت نکالنے کے لئے سب سے پہلے ہم کو وقت کا پابند ہونا پڑے گا۔ اگر سب کام ہم وقت پر کر لیں تو وقت نکا لنا کچھ بھی مشکل نہیں ہوگا۔ یہ بات خود آزمائی ہوئی ہے کہ صبح کی نماز کے بعد دوبارہ اگر لیٹ جاتے ہیں تو سارے کاموں میں تاخیر ہو جاتی ہے، اور اگر صبح ہی سے ہر کام وقت پر کر لیا جائے تو ہم بآسانی اپنے لئے وقت نکال سکتے ہیں۔ ایک اور اہم چیز کہ جب ہم خود اپنے وقت کی قدر کریں گے تبھی دوسرا بھی کرے گا۔
 مجھے سب کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگتا ہے۔ کوشش کرتی ہوں کہ یہ وقت سب کے ساتھ اچھی باتوں میں گزرے۔ کسی کو کچھ نصیحت دوں جو اس کے کام آئے يا کسی کی نصیحت لوں جو میرے کام آسکے۔
فرح حیدر (اندرا نگر، لکھنؤ)
شاپنگ کا پروگرام بنائیں


اپنے روزمرہ کے کاموں کو جلدی نمٹا کر ہم‌اپنے لئے وقت نکال سکتے ہیں۔ ہفتہ کے دن ہی سبزیاں صاف کر کاٹ کر فریج میں رکھ دیں۔ گوشت مچھلی بھی صاف دھو کر چھوٹے چھوٹے ضرورت کے لحاظ سے پیکٹ بنا لیں تو ہمارا کافی وقت بچے گا، صرف ایک ہی دن محنت کرنی پڑے گی۔ اب جو وقت ان کاموں میں صرف ہوتا تھا وہ ہمارا ذاتی ہو گا۔
 فارغ اوقات میں کوئی اچھی سی کتابیں پڑھیں، کچھ لکھیں۔ بیوٹی پارلر سے اپنی گرومنگ کروائیں۔ شاپنگ کا پروگرام بنائیں (ونڈو شاپنگ)۔ اپنے شوہر کے ساتھ کوالیٹی ٹائم گزاریں۔ اپنی سہیلی کے ساتھ باہر جائیں۔ شام کی چائے اطمینان سے پئیں، اس سے ذہن پر اچھا تاثر پڑے گا۔ فارغ وقت میں مجھے اپنے نواسے کے ساتھ کھیلنا بہت پسند ہے۔
رضوانہ رشید انصاری (امبرناتھ، تھانے)
چہل قدمی کریں


عورتوں کا پورا دن مصروفیت میں اور کام کاج میں نکل جاتا ہے وہ خود کیلئے وقت نہیں نکال پاتیں لیکن یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے لئے بھی وقت نکالیں اور اپنی پسندیدہ چیزیں کرنے میں اس وقت کا استعمال کریں۔ میں اپنی بات ہی کہتی ہوں، یہ میرا معمول ہے کہ صبح نماز سے فارغ ہوکر گھر سے باہر نکل کر کچھ دور چلتی ہوں۔ اگر آپ کے لئے ممکن ہوں تو گھاس پر چلیں تا کہ تھکان کم ہو اور آپ اچھا محسوس کریں۔ کچھ دوست بنائیں جن کے ساتھ آپ کو بات کرنا اچھا لگتا ہو اور آپ ان کے ساتھ کچھ سوچے سمجھے بغیر ساری باتیں کہہ سکیں۔ اپنے بچے کو خود اسکول چھوڑنے جائیں تاکہ آپ تھوڑا گھر سے باہر بھی نکلیں اور لوگوں سے مل پائیں۔ اپنے شوہر کے کام پر جانے کے بعد اپنا سارا کام جلد ختم کرکے آپ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں۔
صدف الیاس شیخ (تلوجہ)
کارآمد مصروفیات میں صرف کریں


علی الصباح بیدار ہوکر عبادت کے ساتھ اپنے دن کی شروعات کرنا بہترین ہے کہ صبح کے وقت میں برکت ہوتی ہے۔ اپنے معمولات میں اہم کاموں کو فوقیت دیکر ہم وقت کے زیاں سے بچ سکتے ہیں۔ خانہ داری کے کام بھی مناسب ٹائم ٹیبل کے تحت انجام دینا وقت کی بچت کا ایک کارگر طریقہ ہے۔ سوشل میڈیا ہمارے وقت کا دشمن ہے، اس سے پرہیز کریں۔
 کوشش کرنی ہے کہ کافی مشقت کے بعد اپنے لئے بچایا ہوایہ قیمتی وقت پھر کسی بیکار مشغولیت کی نذر نہ ہو جائے، اس وقت کو ہم اپنی کسی پسندیدہ سرگرمی، ہنر، کچھ نیا سیکھنا، اضافی عبادات اور بہترین دینی ادبی کتابوں کے مطالعے جیسی نافع اور کارآمد مصروفیات میں صرف کرسکتے ہیں۔ کسی سماجی فلاحی وکام میں شریک ہونا بھی وقت کا بہتر استعمال ہے۔
خالدہ فوڈکر(جوگیشوری، ممبئی)

ٹائم مینجمنٹ کامیابی کی کلید ہے
وقت سے قیمتی کوئی چیز نہیں اور وقت سے طاقتور بھی کوئی چیز نہیں ہے اور وقت بہترین معالج بھی ہے۔ ہر آدمی کے پاس ۲۴؍ گھنٹے کا وقت ہوتا ہے۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ وہ اپنے وقت کو کتنے عمدہ طریقے سے استعمال کرتا ہے۔ ٹائم مینجمنٹ پر انسان کی کامیابی اور ناکامی کا انحصار ہوتا ہے۔ ہر خاتون کا، ہر فرد کا اپنا اپنا معمول ہوتا ہے۔ اسی میں سے کچھ وقت نکالنا پڑتا ہے۔
 اس وقت کا استعمال میں بچوں کو پڑھانے میں، بیماروں کی عیادت کرنے میں، اپنے دوستوں سے ملاقات کرنے میں، دین کی مزید معلومات حاصل کرنے میں، قرآن کریم کا ترجمہ پڑھنے میں اور کوئی نئی ریسیپی سیکھنے میں استعمال کرتی ہوں۔
نجمہ طلعت (جمال پور، علی گڑھ)
اپنا شوق پورا کریں


ہم خواتین گھر کے کام اور ذمہ داریوں میں اتنی مصروف رہتی ہیں کہ ہم یہ بھول جاتی ہیں کہ یہ زندگی ہماری بھی ہے۔ ہمیں خود کو کچھ وقت دینا بہت ضروری ہے۔ روزمرہ کے کاموں سے فارغ ہو کر ایک گھنٹہ خود کو دیں۔ اس وقت ہم اپنے شوق اپنی خواہشات کو حد میں رہ کر انجام دے سکتی ہیں۔ ورزش کریں اور چاق و چوبند رہیں۔ ہم ہمیشہ گھر والوں کی پسند کو اہمیت دیتی ہیں کبھی خود کی پسند کی کوئی ڈش بھی بنائیں۔ ہر انسان میں کوئی نہ کوئی ہنر ہوتا ہے اسے پہچاننا اور اسے آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔
ہما انصاری ( مولوی گنج، لکھنؤ)
وہ مختصر وقت صرف آپ کا ہوگا
خود کو وقت دینا ذاتی شخصیت کی صحت کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اپنے معمولات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا وقت تلاش کریں جس میں آپ فارغ ہوتی ہیں۔ وہ وقت چاہے کچھ منٹوں پرمبنی ہی کیوں نہ ہو، لیکن معمولات سے نکالا ہوا وہ مختصر وقت صرف آپ کا ہوگا جس میں آپ وہ کام کریں گی جو آپ کی دلی مسرت کا باعث بنے۔ مثلاً اگر آپ لکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ان اوقات میں پین اور ڈائری پکڑ کر پرسکون کونے میں بیٹھ جائیں اور وہ لکھیں جو آپ لکھنا چاہتی ہیں۔ اگر کوئی آرٹ میں دلچسپی رکھتی ہیں تو وہ انٹرنیٹ کی مدد سے کچھ ایسی چیزیں تیار کرسکتی ہیں جنہیں استعمال میں بھی لایا جاسکتا ہے۔ مختصراً وہ دلچسپیاں جو ذمے داریوں کے سبب بھلا دی جاتی ہیں ان پر تھوڑی توجہ دی جائے۔
فاطمہ یوسف (نالاسوپارہ)
گھر والوں کے ساتھ وقت گزاریں
اپنے لئے وقت کیسے نکالیں؟ اگر یہ سوال آپ کے ذہن میں آتاہے تو صبح جلدی اٹھنے کی عادت ڈال لیں۔ شاید آپ کو میری یہ بات عجیب لگے لیکن یہی حقیقت ہے کہ صبح کا اٹھنا کامیابی کی ضمانت ہے۔ جب آپ صبح اٹھیں گی تو محسوس کریں گی کہ جو سکون اور اطمینان صبح نماز فجر کے وقت میں ہوتا ہے وہ باقی کے اوقات میں نہیں ہوتا۔ اس کے علاہ اپنے اسکرین ٹائم کو کم کریں۔ اگر ہم خود پر ذرا سا کنٹرول کرکے ضرورت کے مطابق موبائل کا استعمال کریں تو ہمارا بہت سا وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا۔ اپنے وقت کو اپنی مٹھی میں رکھے۔ خالی اوقات میںگھر والوں کو اپنا وقت دیں۔ کوئی مشغلہ اپنائیں۔ اپنے وقت کو انمول سمجھیں۔ وقت کی قدر کریں۔ دنیا آپ کی قدر کرے گی۔
ڈاکٹر ادیبہ شجاع الدین شیخ (مالونی، ملاڈ)
اپنی صحت پر توجہ دیتی ہوں


میرا ایسا ماننا ہے کہ ہر ذمہ داری کو ہم بآسانی مکمل کرسکتے ہیں اگر ہم ہر کام منصوبہ بندی سے کریں۔ اس طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے ہم اپنی مصروفیات میں سے کافی وقت نکال سکتے ہیں۔ اور اس وقت کا درست استعمال کرسکتے ہیں۔ گھریلو مصروفیات میں غرق ہو کر ہم اپنی صحت پر توجہ نہیں دیتے۔ اگر ہم صحتمند رہیں گے تو گھر کی ذمےداریاں بھی بآسانی مکمل کر سکتے ہیں۔ اس لئے مجھے جو وقت ملتا ہے اس میں، میں کچھ آسانی سے کی جانے والی ورزش کرتی ہوں۔ اور خود کو چست، چاق و چوبند رکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔
مومن رضوانہ محمد شاہد (ممبرا، تھانہ)
’’اسکرولنگ‘‘ وقت کی دشمن
وقت اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک ایسی نعمت ہے جو ہر ایک کے پاس ہے، البتہ اس کا درست استعمال آنا چاہئے۔ اپنے لئے وقت نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم دن بھر کے افعال کا ایک ٹھوس نظام الاوقات بنائیں اور پھر اسی ترتیب سے اپنے کاموں کو مستقل طور پر کرنے کے عادت ڈالیں۔ صبح اٹھنے اور رات سونے کا وقت مقرر ہو، تاکہ صحت بھی متاثر نہ ہو۔ موبائل فون یا سوشل میڈیا کا صرف ضرورت کے تحت استعمال کیا جائے اور پھر اس بچے ہوئے وقت کو کبھی اپنے پسندیدہ مشاغل، کبھی بڑوں کی خدمت اور کبھی پسندیدہ کتابوں کے مطالعے میں صرف کیا جائے۔ غیر ضروری اسکرولنگ سے اپنے آپ کو بچا کر رکھا جائے کیونکہ اس وقت موبائل کی اسکرولنگ وقت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔
سحر جوکھن پوری (جوکھن پور، بریلی)

اپنی صحت پر توجہ دوں گی


چوبیس گھنٹوں کو کوئی اپنی مٹھی میں قید نہیں کرسکتا ہے۔ اسلئے سمجھداری اسی میں ہے کہ ہم اپنے وقت کا صحیح استعمال کریں۔ غیر ضروری کاموں سے اجتناب کریں۔ پھر تو ہمارے پاس وقت ہی وقت ہوگا۔ ان اوقات میں، میں علم کے حصول میں خاص طور پر قرآن فہمی میں لگاؤں گی۔ اپنے شوہر، اپنے بچوں اور بچوں کے بچوں کو ذہنی و جسمانی سکون فراہم کرنے میں صرف کروں گی اور اس کے علاوہ اپنی صحت کی جانب توجہ دینے میں مبذول کروں گی۔
ناز یاسمین سمن (پٹنه، بہار)
مختلف سرگرمیاں اپنائیں اور فعال رہیں
شب و روز اپنی فیملی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مصروف خواتین اپنے لئے وقت نکالیں۔ آپ کے لئے یہ اچھا ہوگا کہ فرصت کے لمحوں کو غنیمت جانیں اور مندرجہ ذیل طریقے سے صرف کریں:
٭ پینٹنگز کریں اس سے تناؤ سے نجات ملےگی _۔
٭ بچوں کے ساتھ ورڈ پرابلم، روبک کیوب جیسے معمے کو حل کرنے کی کوشش کریں، یہ عمل آپ کو ایکٹیو رکھنے میں مدد کرے گا۔ 
٭ باغبانی کریں، اِس کے کئی طبی فوائد ہیں۔
٭ اخبار یا رسالے کا مطالعہ کریں، ذہنی مشق ہوگی۔
٭ اپنا خاص خیال رکھیں، یاد رہے یہ خاندان آپ سے ہے۔
عصمت آفرین عطاءالرحمٰن تاج (گیا، بہار)
کسی اچھی کتاب کا مطالعہ


اپنے لئے وقت کو فارغ کرنے کا خیال بڑا ہی خوش آئند ہے۔ روزانہ کے لگے بندھے معمولات سے صرف نظر کرکے اپنے لئے وقت کے کشکول سے کچھ لمحے چرا لینا یقیناً ایک بہترین تجربہ ہو سکتا ہے۔ اس طرح ہم وہ بہت سارے کام کرسکتے ہیں جن کے بارے میں ہم اب تک صرف سوچتے ہی رہے تھے۔ چاہے وہ کسی اچھی کتاب کا مطالعہ ہو یا پھر کوئی ایسی ان دیکھی جگہوں کی سیر، جہاں ہم صرف تصور میں ہی جا پائے ہوں۔
فوڈکر ساجدہ (جوگیشوری، ممبئی)
اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں
یہ بات قابل رشک ہے کہ ہم دوسروں کی خوشیوں کی وجہ بنیں لیکن اسی کے ساتھ ساتھ اب ہمیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود کیلئے بھی وقت نکالیں کیونکہ یہ عظیم نعمت ایک بار ہی ملتی ہے۔ لوگوں کے دکھ سکھ میں شریک ہوں، ان کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم رکھیں، ساتھ ہی خود کیلئے اوراپنے بچوں کیلئے بھی وقت نکالیں۔ ان کی بہترین تربیت کریں صحیح و غلط کی پہچان کروائیں، اچھے برے کی تمیز سکھائیں تا کہ آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔ قرآن مجید کی تلاوت کریں۔ سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہو کر خود کی زندگی کو کامیاب بنائیں۔ فرصت کے لمحات میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور زندگی کے ہر پہلو کو سنوارنے کی کوشش کریں۔ 
رحمانی کاشفہ ڈاکٹر عرفان احمد (مالیگاؤں، مہاراشٹر)
اپنی شخصیت کو نکھارنے کی کوشش کریں


ایک خاتون چاہے وہ ملازمت پیشہ ہو یا خاتونِ خانہ، بہت زیادہ مصروف ہونے کی وجہ سے اپنے وجود ہی کو بھول جاتی ہے اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتی ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ بے پناہ مصروفیات کے باوجود روزانہ یا ہفتہ کے روز کچھ مخصوص وقت اپنے لئے محفوظ رکھیں۔ صحابیات کی زندگی پر عمل پیرا ہو کر اپنی شخصیت کو نکھارنے کی کوشش کریں۔ مثبت خیالات پر مبنی اور متاثر کن کتابوں کا مطالعہ کریں۔ اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کریں اور زندگی کو خوشگوار بنائیں۔ 
ڈاکٹر روحینہ کوثر سیّد (ناگپور، مہاراشٹر)

مطالعہ کرتی ہوں
زندگی کے ہدف کا حصول اس وقت آسان ہو جاتا ہے جب انسان وقت کا صحیح استعمال کرے۔ صحیح وقت کے استعمال سے مراد اپنے وقت کو تخلیقی، تعمیری اور اصلاحی کاموں میں صرف کیا جائے۔ جن کا شمار عبادات میں ہوتا ہے۔ جب ہدف پر نظر مرکوز ہو تو وقت کا انتظام آسان ہوجاتا ہے۔ لہٰذا میں اپنے کاموں کو کچھ حصوں میں تقسیم کردیتی ہوں۔ اور کام کی تکمیل طے شدہ وقت پر کرتی ہوں جس کی وجہ سے مصروفیات کے باوجود مجھے کافی وقت فراغت کا نصیب ہوتا ہے۔
 ان خالی اوقات‌میں، مَیں مطالعہ اور تحریری کاموں کو انجام دیتی ہوں۔ اس کےعلاوہ عبادت اور احباب سے ملاقات کے لئے بھی کچھ وقت میں نے مختص کیا ہے۔
شبنم فاروق (گوونڈی، ممبئی)
اپنی شخصیت نکھاریں


ہر کام منصوبہ بندی کے ساتھ کرنے سے ہم اپنے لئے وقت نکال سکتی ہیں۔ اُن وقت کو مضمون لکھنے، سلائی، کڑھائی، خریداری، صفائی وغیرہ کرنے میں صرف کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے چہرے کی نگہداشت کیلئے ڈی آئی وائے تیار کیا جاسکتا ہے اور سیلف گرومنگ کی جاسکتی ہے۔ کوئی ہنر سیکھا جاسکتا ہے جیسے ڈرائیونگ سیکھی جاسکتی ہے۔  اگر زبان سیکھنا چاہتی ہیں تو خالی اوقات ایک بہترین موقع ہے۔ کسی بھی عمر میں کوئی بھی ہنر سیکھا جاسکتا ہے اس لئے اپنے لئے وقت نکالیں اور اپنی شخصیت کو نکھاریں۔
شاہدہ وارثیہ (وسئی، پال گھر)
اپنی ذات پر توجہ دیں


خواتین کی زندگی اپنے گھر اور اس سے منسلک افراد کے اطراف ہی محدود ہوتی ہے۔ ذمہ داریوں نبھاتے نبھاتے اپنے وجود کو فراموش کر دیتی ہیں۔ اس لئے روزانہ اپنے لئے ایک گھنٹہ نکالیں۔ اس میں صرف اپنے بارے میں سوچیں۔ بیوٹی پارلر کا چکر لگائیں، اگر یہ ممکن نہ ہو تو گھریلو نسخوں سے اپنے حسن کو سنوار سکتی ہیں۔ اپنے لباس کو نیا لک دے سکتی ہیں۔ اپنی اسکول یا کالج کی پرانی دوستوں کو فون کر کے پرانی خوشگوار یادوں کو پھر سے تازہ کرلیں۔ نیز اپنی اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھاریں۔
نور فاطمہ رضوی (لکھنؤ)
اپنی صحت و جلد کا خیال کریں


اپنے معمولات کا جائزہ لیں۔ ہر کام کے لئے وقت مخصوص کر لیں۔ منظم طریقے سے کام کرکے اپنے لئے وقت نکالنا کافی آسان ہو جاتا ہے۔ وقت نکل آنے پر اس کا بہترین استعمال کریں۔ سب سے پہلے تو قرآن کریم کی مع ترجمہ و تفسیر تلاوت کریں کہ یہ ہم پر فرض ہے۔ اس کے بعد اپنی صحت و جلد کا خیال کریں۔ گھریلو نسخوں کے ذریعے خود کو پُرکشش بنانے کی کوشش کریں۔ ہلکی پھلکی ورزش کے ذریعے خود کو چاق و چوبند رکھیں۔ خود کی ذات پر توجہ دے کر آپ اپنی شخصیت میں نمایاں فرق محسوس کریں گی۔
رضوی نگار (اندھیری، ممبئی)
آن لائن کورس کریں


سب سے پہلے دیر رات تک جاگنے کی عادت ترک کردیں، صبح جلد اٹھنے کی عادت ڈالیں۔ اس طرح آپ وقت کا صحیح استعمال کرسکتی ہیں۔ غیر ضروری فون پر وقت برباد نہ کریں۔ اس طرح کافی وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا۔ اس بچے ہوئے وقت میں ہم وہ کام انجام دیں جو آپ کو خوشی دیتا ہے۔ اس دوران میں آپ سلائی، بنائی اور کڑھائی کرسکتی ہیں۔ آن کلائن کورس کرسکتی ہیں۔ دینی معلومات حاصل کرسکتی ہیں۔ آج کل یوٹیوب سے کوئی بھی ہنر سیکھنا بے حد آسان ہوگیا ہے۔
یاسمین محمد اقبال (میرا روڈ، تھانے)
اپنی صحت پر توجہ دیں


ایک کامیاب زندگی کے لئے ضروری ہے کہ ہم دیئے گئے چوبیس گھنٹوں کا صحیح طور پر استعمال کریں۔ چوبیس گھنٹوں میں اپنے کاموں کو تقسیم کر لیں۔ اس میں اپنی ذات کے لئے کچھ گھنٹے نکالیں۔ اس دوران میں ورزش کریں۔ سلائی، کڑھاہی یا دیگر مصروفیات انجام دیں۔ روزانہ ۱۵؍ منٹ چہل قدمی کریں۔ اس طریقے سے آپ اپنی صحت پر خاص توجہ دے پائیں گی، نیز ان کاموں کو انجام دیتے وقت آپ کو خود کو مطمئن محسوس کریں گے جس سے آپ کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
یاسمین انصاری سہیل (بھیونڈی، تھانے)
کوئی کورس ہی جوائن کر لیں
اپنے لئے وقت نکالنا کافی مشکل کام ہے لیکن ناممکن نہیں۔ اگر گھر میں رہنے والے سبھی افراد اپنی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اپنا کام خود ہی انجام دیں تو کام بھی آسانی سے ہو جائے گا اور کسی پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا اور ہم اپنے لئے وقت بھی نکال پائیں گی۔ خالی وقت کو یوں بیٹھ کر یا موبائل فون پر نہ گزاریں، اس وقت کو بھی کارآمد بنائیں۔ کوئی رسالہ پڑھیں یا سلائی کڑھائی کریں۔ جس کام کا شوق ہے وہ کریں یا کوئی کورس ہی جوائن کر لیں۔ اپنی ذاتی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے کوشش کریں۔ ہلکی پھلکی ورزش کریں، اس سے آپ تازہ دم محسوس کریں گی۔ اپنی پسند کا کوئی پکوان بنائیں اور اس کا لطف اٹھائیں۔ ان تمام سرگرمیوں کو انجام دیتے وقت آپ کو خوشی ہوگی۔
عریشہ کوکب (مظفر پور، بہار)

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK