Inquilab Logo

بالوں میں پروٹین کی کمی کیسے پوری کریں؟

Updated: November 28, 2023, 12:45 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کسی نے سچ ہی کہا ہے کہ لمبے، گھنے، حسین اور چمکدار بال خواتین کے بناؤ سنگھار میں چار چاند لگادیتے ہیں .... لیکن چہرے کا بناؤ سنگھار کتنا ہی دلنشین کیوں نہ ہو، اگر بال ڈھنگ سے نہ سنوارے جائیں تو ساراحسن ماند پڑ جاتا ہے۔

Natural methods should be adopted to compensate for protein deficiency in hair. Photo: INN
بالوں میں پروٹین کی کمی کو پورا کرنے کیلئے قدرتی طریقوں کو اپنانا چاہئے۔ تصویر : آئی این این

کسی نے سچ ہی کہا ہے کہ لمبے، گھنے، حسین اور چمکدار بال خواتین کے بناؤ سنگھار میں چار چاند لگادیتے ہیں .... لیکن چہرے کا بناؤ سنگھار کتنا ہی دلنشین کیوں نہ ہو، اگر بال ڈھنگ سے نہ سنوارے جائیں تو ساراحسن ماند پڑ جاتا ہے اسی لئے بالوں کی آرائش اور سجاوٹ کے لئے اکثر خواتین مختلف اشیاء کا استعمال کرتی ہیں جن میں ہے ڈرائرر، اسپرے اور جیل وغیرہ شامل ہیں ۔ بلو ڈرائی اور ہیئر آئرن کا استعمال بھی بہت عام ہوچکا ہے۔ یہ سب اشیاء وقتی طور پر تو بالوں کو خوبصورت اور جاذب نظر بنا دیتی ہیں مگر بعد ازاں نقصانات کا باعث بنتی ہیں۔
 یادرہے کہ اگر بالوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو بالوں میں موجود قدرتی پروٹین کی کمی سے بال روکھے اور بے جان ہوکر ٹوٹنے لگتے ہیں اور بالوں کی قدرتی چمک بھی ختم ہوجاتی ہے لیکن بعض خواتین ان مسائل کی وجہ جاننے کے بجائے وقتی طور پر بالوں کو خوبصورت بنانے کے طریقے ڈھونڈ لیتی ہیں اور اصل مسئلہ جوں کاتوں رہتا ہے۔ بالوں میں پروٹین کی کمی سے نجات کیلئے پہلے تو پروٹین مہیا کرنے والی غذائیں کھائیں مثلاً انڈا، گوشت، پنیر، پالک، مٹر، لو بیا، بندگوبھی، پھول گوبھی، پھلیاں ، اناج، دالیں ، چنے، دہی، مشروم اور میوہ جات وغیرہ خصوصاً بادام اور کاجو کھانے سے بالوں میں پروٹین کی وافر مقدار جمع ہوجاتی ہے جو بالوں کو کیمیکل اور ہیئر ٹولز کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
 اگر بالوں کو ضروری پروٹین میسر آجائے تو نہ صرف بال نرم و ملائم ہوجاتے ہیں بلکہ اگر ہلکے ہوں تو گھنے محسوس ہوتے ہیں ، چمکدار اور مضبوط ہوجاتے ہیں ۔ بالوں کی پروٹین فراہم کرنے کے لئے اگر آپ مہنگے اور مصنوعی طریقوں پر ہزاروں روپے خرچ نہیں کرنا چاہتیں تو چند آسان گھریلو ٹوٹکے بھی آزما سکتی ہیں :
 قدرتی پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ انڈا ہے اس لئے ایک انڈے کی زردی میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر برش کی مدد سے بالوں میں لگائیں اور ۲؍ گھنٹے کے بعد ٹھنڈے پانی سے بال دھو لیں۔
 دہی اور کریم کا استعمال بھی بالوں میں قدرتی نمی بر قرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ دہی میں انڈا یاکوئی بھی تیل ملاکر ۲۰؍ منٹ تک بالوں میں لگا رہنے دیں ۔ آپ ہر ہفتے صرف کریم (پیکٹ والا) بھی تیل کی طرح بالوں میں لگا سکتی ہیں۔
بالوں کی لمبائی کے مطابق ایک یا ایک سے زائد انڈے لیں اور ایک کیلے کو ہاتھوں سے اچھی طرح مسل کر ماسک تیار کر لیں اور جڑوں سے سروں تک بالوں میں یہ ماسک لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد تازہ پانی سے بال دھو کر خشک کرلیں۔
 ہفتے میں ایک یا ۲؍ مرتبہ زیتون یا ناریل کے تیل سے سر میں مساج کرنے سے بالوں کے سروں کی بھی مرمت ہوجاتی ہے۔ چونکہ مایو نیز میں انڈا اور تیل شامل ہوتا ہے اس لئے ۲؍ بڑے چمچے مایونیز میں کدوکش کی ہوئی آدھی ناشپاتی ملا کر ۲؍ گھنٹے کے لئے بالوں میں لگائیں تو بال نرم و ملائم ہو جائیں گے۔
 ایک یا ۲؍ انڈوں میں ایک بڑا چمچہ بادام کا تیل ملا کر اچھی طرح پھینٹیں اور سر میں اچھی طرح لگائیں ۔ ایک گھنٹے کے بعد سر اچھی طرح دھولیں۔
 کیلے کے ۲؍ قتلے، ایک بڑا چمچہ ناریل کا تیل اور ۲؍ بڑے چمچے شہد ایک ساتھ بلینڈ کرلیں ، اسے بالوں کی جڑوں سے سروں تک لگا کر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں ، پھر بالوں کو دھو لیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK