• Sun, 20 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: حاجی ملنگ سے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والا شخص گرفتار

Updated: September 20, 2026, 1:01 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

پاکستان میں طویل عرصہ قیام کا انکشاف، ہل لائن پولیس کے علاوہ ممبئی اے ٹی ایس بھی تفتیش میں مصروف۔

Personnel from the Hull Line Police Station have taken the suspect into custody. Photo: INN
ہل لائن پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔ تصویر: آئی این این

حاجی ملنگ سے پولیس نے پاکستان میں کئی برس قیام کرنے کے بعد جعلی دستاویزات پر وطن واپس لوٹنے والے ایک ہندوستانی باشندے کو حراست میں لیا ہے۔ ملزم نے نہ صرف پاکستان میں جعلی شناخت اختیار کر کے وہاں کا پاسپورٹ بنوایا بلکہ اسی پاسپورٹ پر ہندوستان داخل ہوکر دوبارہ ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش بھی کر رہا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبئی اے ٹی ایس نے بھی تفتیش شروع کردی ہے۔ 
موصولہ اطلاعات کے مطابق حاجی ملنگ پہاڑی پر ہل لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لیا۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ملزم دراصل حاجی ملنگ کا ہی رہنے والا ہے اور کچھ سال قبل وہ باضابطہ ہندوستانی پاسپورٹ کے ذریعے پاکستان میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے گیا تھا۔ وہاں وہ تقریباً ۴؍ سے ۵؍ سال تک مقیم رہا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں قیام کے دوران ملزم نے اپنا ہندوستانی پاسپورٹ تلف کر دیا اور مبینہ طور پر ایک فرضی نام اور جعلی شناخت کے بل بوتے پاکستانی پاسپورٹ بنوا لیا۔ کچھ عرصہ بعد وہ اسی پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرتے ہوئے قانونی ویزے کے ذریعے ہندوستان واپس آ پہنچا۔

یہ بھی پڑھئے: حکومت سے ۸؍ ہزار تجربہ کار کمپیوٹر ٹیچروں کی باقاعدہ تقرری کامطالبہ

ہندوستان پہنچنے کے کچھ ہی دنوں بعد ملزم نے دوبارہ ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی غرض سے متعلقہ محکمہ میں درخواست جمع کرائی۔ تاہم پاسپورٹ حکام نے جب جانچ پڑتال کی تو یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ درخواست گزار کے پاسپورٹ کا ریکارڈ اور ہندوستان آمد دراصل ایک پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے عمل میں آئی ہے۔ اس تضاد اور مشکوک نقل و حرکت پر پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے ہل لائن پولیس کو مطلع کیا جس پر ایک خصوصی ٹیم نے ۲؍ سے ۳؍روز قبل ملزم کو حاجی ملنگ کے مقام پر چھاپہ مار کر پکڑ لیا اور اس کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی۔ 
اے ٹی ایس نے تحقیقات شروع کردی
چونکہ ملزم پاکستان میں غیر معمولی مدت تک مقیم رہا اور اس نے پڑوسی ملک میں رہتے ہوئے جعلی دستاویزات تیار کرائیں اس لئے پولیس نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر ممبئی اے ٹی ایس کو آگاہ کر دیا ہے۔ اے ٹی ایس کی خصوصی ٹیم اب اس زاویے سے تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس شخص کے پاکستان میں کسی نیٹ ورک سے روابط تھے یا اس اقدام کے پیچھے کوئی دیگر سازش کارفرما تھی سیکوریٹی اور تفتیش کی حساسیت کے پیش نظر پولیس نے ملزم کی اصل شناخت، تصویر اور ایف آئی آر کی تفصیل کو فی الحال صیغۂ راز میں رکھا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK