Inquilab Logo

لاک ڈاؤن میں عیدالاضحی کی تیاری کس طرح کریں؟

Updated: July 29, 2020, 11:24 AM IST | Inquilab Desk

عیدالفطر کی بہ نسبت عیدالاضحی کے موقع پر گھریلو خواتین کو زیادہ وقت کچن میں گزارنا پڑتا ہے۔ مگر اس مرتبہ کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن پرعمل کرنا اور جسمانی دوری کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اس لئے ساری احتیاطی تدابیر کے ساتھ سادگی سے بقرعید منائی جائے۔عید کا ذکر سنتے ہی خواتین کے ذہن میں تیاری آتی ہے۔ عیدالفطر کی بہ نسبت عیدالاضحی کے موقع پر گھریلو خواتین کو زیادہ وقت کچن میں گزارنا پڑتا ہے۔

House Cleaning - Pic : INN
گھر کی صفائی ۔ تصویر : آئی این این

عید کا ذکر سنتے ہی خواتین کے ذہن میں تیاری آتی ہے۔ عیدالفطر کی بہ نسبت عیدالاضحی کے موقع پر گھریلو خواتین کو زیادہ وقت کچن میں گزارنا پڑتا ہے۔ اس مرتبہ سوشل ڈسٹنسنگ کی وجہ سے دعوتوں کا دور محدود رہنے کا امکان ہے۔ قربانی کے جانور خریدنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ لاک ڈاؤن کے سبب بیشتر لوگوں کے معاشی حالات بہتر نہ ہونے کے سبب اس مرتبہ ہمیشہ کی طرح جوش و خروش نظر نہیں آرہا ہے۔ ان باتوں سے ہرگز مایوس نہ ہوں بلکہ سادگی سے عید منانے کی کوشش کریں۔ اگر آپ صاحبِ حیثیت ہیں اور قربانی کر رہے ہیں تو اس میں غریب پڑوسیوں اور رشتہ داروں کو ضرور شامل کریں۔ ان پریشانیوں کے باوجود آپ کوشش کریں تو بہتر انداز میں بقر عید منا سکتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ پہلے کی طرح ڈھیر سارے پکوانوں کی تیاری نہ ہو مگر چند لذیذ پکوان تو تیار ہی کئے جاسکتے ہیں۔ گھر کی صاف صفائی پر بھی خصوصی توجہ بھی دی جاسکتی ہے۔ اس لئے اگر پیشگی کچھ تیاریاں کر لی جائیں تو عید پر تھکن سے بچا جا سکتا ہے۔ ملبوسات کے علاوہ بقر عید کے پکوان کی بھی چھوٹی موٹی تیاریاں عید سے پہلے کر کے رکھی جا سکتی ہیں۔ جیسے گھر کے تمام افراد کے عید کے دن زیب تن کئے جانے والے ملبوسات پہلے سے استری کر کے رکھ لیں۔ اس طرح عید کے دن یا اس سے قبل استری کے کام سے بچ جائیں گی۔ اسی طرح سب افراد کے جوتے، سینڈل، چپل وغیرہ بھی عید سے ایک دن قبل نکال لیں۔ اپنی اور بچیوں کی چوڑیاں، زیورات، کلپ وغیرہ بھی ایک جگہ نکال لیں، تاکہ عید کے دن تیاری میں زیادہ وقت نہ لگے۔ ہوسکتا ہے کہ ہمیشہ کی طرح کپڑوں کی خریداری نہیں ہوئی ہوگی مگر اداس نہ ہوں، اپنے سے کمتر کی جانب دیکھیں اور اللہ کا شکر ادا کریں کہ انہوں نے ہمیں کئی نعمتوں سے نوازا ہے۔ آپ چاہے پچھلے سال کا عید کا جوڑا نکال کر اس کو دھو کر استری کرکے پہن سکتے ہیں۔ ایک عید ایسی بھی منائیں کہ یادگار بن جائے اور یقین مانیں کہ ایسا کرنا خوشی کا ہی باعث ہوگا۔
 بقرعید کے موقع پر قربانی کے حوالے سے بھی خواتین کی خاصی مصروفیات رہتی ہیں۔ گوشت کے خصوصی پکوانوں کی تیاری سے پہلے ایک اہم مرحلہ قربانی کے گوشت کی تقسیم کا ہوتا ہے۔ ہوتا یہ ہے کہ عین عید کے روز اس حوالے سے خاصی ہاپا دھاپی رہتی ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ گوشت کی تقسیم کے لئے سب رشتے داروں کے ناموں کی ایک فہرست بنالیں، تھیلیاں، ناموں کی پرچیاں، مارکر، ربر بینڈ، اسٹیپلر وغیرہ کا بندوبست کر لیں۔ 
 عیدالاضحیٰ کے موقع پر خواتین کا بیشتر وقت باورچی خانے کی نذر ہو جاتا ہے اور اس دوران ظاہر ہے نئے کپڑے پہننے سے عموماً گریز کیا جاتا ہے۔ کپڑے خراب ہونے سے بچانے کے لئے اس موقعے پر ایپرن کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
 گوشت کو جلد گلانے کے لئے کچے پپیتے کا استعمال خاصا کارگر رہتا ہے۔ اس لئے اسے دھو کر کاٹ لیں اور چھلکے سمیت پیس کر رکھ لیں۔ اضافی مقدار ہوا بند ڈبے میں رکھ کر فریز کر لیں۔ ادرک، لہسن بھی پیس کر فریز کرلیں۔ برف کے چھوٹے ٹکڑے جمانے کی ٹرے میں بھی ادرک لہسن جما سکتی ہیں۔ جب یہ جم جائے تو اسے ایک تھیلی میں نکال کر بھی فریج میں رکھا جا سکتا ہے، پھر سہولت سے ایک یا دو ٹکڑے سالن میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
 یہ تو ہر خاتون خانہ جانتی ہی ہے کہ اگر پیاز لال کی ہوئی ہو تو ہنڈیا پکانا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ اس لئے بقرعید کے لئے بھی خصوصی طور پر زیادہ مقدار میں پیاز لال کر کے رکھ لیں۔ اس کے ساتھ بقرعید پر دہی کا استعمال بھی زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے لئے آپ گھر میں دہی جما کر پلاسٹک کی تھیلیوں میں پیکٹ بنا کر فریج میں رکھ لیں، پھر جب بھی ضرورت پڑے توکچھ دیر پہلے نکال کر پانی میں بھگو دیں، تو دہی قابل استعمال ہو جائے گی۔
 کھانوں میں تیار مسالوں کے بڑھتے ہوئے رواج کے باوجود آج بھی بہت سی خواتین تمام مسالے اپنے ہاتھ سے تیار کرتی ہیں۔ اس سے ایک طرف وہ من چاہا ذائقہ حاصل کر لیتی ہیں، تو دوسری طرف مہنگائی کے دور میں خاصی کفایت بھی ہو جاتی ہے۔ بقرعید کیلئے ایسے تمام مسالے بھی پہلے سے تیار کر کے رکھے جاسکتے ہیں تاکہ باربار مسالے نہ بنانے پڑیں۔ تندوری مسالا بھی آپ پہلے سے تیار کر کے رکھ سکتی ہیں۔ اس کے لئے نمک (دو چھوٹے چمچے)، پسی ہوئی لال مرچ (چار چھوٹے چمچے)، زردے کا رنگ (آدھا چھوٹا چمچہ سے کم)، پسا ہوا دھنیا (دو چھوٹے چمچے)، پسا ہوا گرم مسالا (دو چھوٹے چمچے) اور ہلدی (آدھا چھوٹے چمچے) ملا کر رکھ لیں۔ یہ مقدار ایک کلو گوشت کے لئے کافی ہے۔ اگر گوشت کی مقدار زیادہ ہو تو پھر اسی اعتبار سے اجزاء کی مقدار بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔ تیاری کے وقت گوشت میں یہ مسالا کچا پپیتا، ادرک، لہسن، دہی اور لیموں کا رس ملا کر رکھ دیں۔ چند گھنٹوں بعد ہلکی آنچ پر پکائیں۔ یہ فرنچ فرائز، رائتے کے ساتھ بہت مزہ دیتا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK