ایک ہفتے میں تقریباً ۹۰۰؍ روپے کی کمی سے فکرمند۔ پانی کی قلت کے باعث فصل کی سنچائی کیلئےواٹر ٹینکروں کے استعمال سے پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔ حکومت سے مدد کی اپیل۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 1:30 PM IST | Agency | Nashik
ایک ہفتے میں تقریباً ۹۰۰؍ روپے کی کمی سے فکرمند۔ پانی کی قلت کے باعث فصل کی سنچائی کیلئےواٹر ٹینکروں کے استعمال سے پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔ حکومت سے مدد کی اپیل۔
ریاست بھر کے کسان اس وقت خشک سالی کے بحران کی وجہ سے بری طرح متاثر ہیں۔ بوئی ہوئی فصل تباہ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے کسان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت انہیں یقین دلا رہی ہے کہ ہم کسانوں کو ہرگز تنہانہیں چھوڑیں گے۔ ریاست میں کچھ جگہوں پر چھوٹی فصل کی کٹائی ہوئی ہے۔ کسانوں کو امید ہے کہ اس فصل کی کم از کم اچھی قیمت ضرور ملے گی لیکن اس حوالے سے بھی کسان مایوس ہیں۔ ناسک کے لاسلگاؤں اے پی ایم سی مارکیٹ کمیٹی جسے پیاز ڈپو کہا جاتا ہے، میں پیاز کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے کسان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
ناسک ضلع میں لاسلگاؤں اے پی ایم سی مارکیٹ کمیٹی میں پیاز کی قیمتوں میں زبردست کمی آئی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں مانگ کے مقابلے پیاز کی آمد میں اضافے سے قیمت پر دباؤ پڑا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی پیاز بین الاقوامی مارکیٹ میں کم قیمت پر دستیاب ہے جس سے برآمدات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ٹی وی نائن کی خبر کے مطابق ایکسپورٹرس کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے پیاز کی قیمتیں گر رہی ہیں۔
ایک ہفتے میں پیاز کی قیمتوں میں تقریباً ۹۰۰؍ روپے کی کمی نے پیاز پیدا کرنے والوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پانی کی قلت کے باعث پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے جبکہ پیاز کی فصل کو ٹینکروں سے سیراب کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے کسان اس بات کا اظہار کر رہے ہیں کہ موجودہ مارکیٹ قیمت سے لاگت کو پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت جلد از جلد اس میں مداخلت کرے اور کسانوں کو امداد فراہم کرے۔
ایک ہفتہ قبل کی اور آج کی پیاز کی قیمت
گزشتہ منگل کو سرخ پیاز کی زیادہ سے زیادہ قیمت ۵؍ہزار ۷۰۰؍ روپے فی کوئنٹل تھی۔ یہی قیمت آج ۴؍ ہزار ۸۷۱؍ روپے پر ہو گئی ہے۔ لاسلگاؤں مارکیٹ کمیٹی میں کسان تقریباً۳۵۳؍ گاڑیوں میں لال پیاز فروخت کیلئے لائے تھے۔ اس سرخ پیاز کی زیادہ سے زیادہ قیمت۴؍ہزار ۸۶۱؍ روپے فی کوئنٹل، کم از کم ایک ہزار ۵۰۰؍ روپے اور اوسطاً ۴؍ہزار روپے سے ۴؍ہزار ۴۰۰؍ روپے فی کوئنٹل ہے۔