اکثر خواتین وزن کم کرنے کیلئے صرف پھلوں کا استعمال کرتی ہیں۔ یہ طریقہ غلط ہے۔ چونکہ جسم کو کئی وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے کسی ایک قسم کی غذا کے استعمال سے کمزوری آسکتی ہے۔ بہتر یہ ہے کہ پھل کے ساتھ مناسب مقدار میں دیگر غذاؤں کا استعمال کریں تاکہ آپ کو ہر طرح کے وٹامن ملیں
پھل یا اُن کا رَس استعمال کرنے سے پیٹ دیر تک بھرا رہتا ہے جس سے آپ غیر صحت بخش غذا سے دور رہتی ہیں
پھل غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں جو صحت کے لئے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن ان کا صحیح مقدار اور صحیح وقت پر استعمال کرنا ضروری ہے۔ چونکہ اس میں ہائی کیلوریز، فائبر، گلوکوز وغیرہ شامل ہوتے ہیں اس لئے غلط وقت پر اور غلط امتزاج کا انتخاب نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ وزن بھی بڑھ سکتا ہے۔ اگر آپ صحیح وقت اور درست امتزاج کے ساتھ پھل کھائیں تو آپ اپنا وزن کنٹرول کرسکتی ہیں۔
کم شکر والے پھل
نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر روہنی پاٹل کا کہنا ہے کہ، ’’اس پھل کو ترجیح دیں جس کا گلیسمک انڈیکس کم ہو، جیسے کہ بیریز، چیریز، سیب اور ناشپاتی۔ یہ پھل خون میں شکر کی کم مقدار خارج کرتے ہیں، جس سے بلڈ شوگر لیول کنٹرول میں رہتا ہے جس سے وزن کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
پروٹین کے ساتھ
صرف پھل کھانے کے بجائے اسے دوسری غذا کے ساتھ کھائیں، خاص طور پر پروٹین سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ پھل کھائیں۔ دہی، چیز، میوہ جات وغیرہ پروٹین سے بھرپور غذائیں ہیں، ان کے ساتھ پھل کھانا سودمند ثابت ہوگا۔ اس سے آپ کا پیٹ دیر تک بھرا ہوا محسوس ہوگا اور آپ خود کو غیر صحت بخش غذائیں (جنک فوڈ وغیرہ) کھانے سے روک سکیں گی۔
خالی پیٹ پھل نہ کھائیں
ڈاکٹر پاٹل کہتی ہیں کہ، ’’پھل غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں البتہ خالی پیٹ ان کا استعمال کرنے سے بلڈ شوگر لیول بڑھ سکتا ہے۔ بہتر یہ ہوگا کہ آپ ناشتے یا کھانے کے ساتھ پھل کھائیں۔ خیال رہے کہ ناشتے اور کھانے میں استعمال ہونے والی غذائیں پروٹین اور صحت بخش چربی سے بھرپور ہوں تاکہ جسم کو ضروری اجزاء مل سکے۔‘‘
اعتدال میں استعمال کریں
اس میں کوئی شک نہیں کہ پھل صحت کے اعتبار سے مفید ہوتے ہیں مگر ان میں قدرتی شکر اور کیلوریز شامل ہوتی ہیں۔ اس لئے ان کا اعتدال میں استعمال کریں، ورنہ آپ کا وزن بڑھ سکتا ہے۔
بطور سلاد
ڈاکٹر پاٹل مشورہ دیتی ہیں کہ براہِ راست پھل کھانے کے بجائے اسے بطور سلاد استعمال کریں۔ اس کے علاوہ پھلوں کی اسموتھی بھی تیار کی جاسکتی ہے۔ دھیان رہے کہ سلاد اور اسموتھی میں اضافی شکر استعمال نہ کریں۔ آپ اس میں صحت بخش اجزاء بھی شامل کرسکتی ہیں۔
رَس کے بجائے پھل کھانے کو ترجیح دیں
ہوسکتا ہے کہ آپ کو پھلوں کا رَس پینا پسند ہوں مگر پھل چبا کر کھانا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔ پھل چبانے سے ہاضمہ درست رہتا ہے اور جسم کو کئی صحت بخش اجزاء جذب کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ہمیشہ موسم کے اعتبار سے پھل کھائیں۔
وزن کم کرنے میں مددگار پھلوں کے بارے میں جانیں:
کیلا: یہ پوٹاشیم سے بھر پور ہوتا ہے البتہ اس کا زیادہ استعمال وزن کو بڑھاتا ہے جبکہ روزانہ ایک یا دو کیلے کا استعمال کر لیا جائے تو یہ میٹابولزم کی رفتار کو تیز کرتے ہیں اور ورزش کی صورت میں متاثر ہونے واے پٹھوں کی بھی مرمت کرتے ہیں۔
بیریز: بیریز اینٹی آکسیڈنٹس سے بھر پور ہوتی ہیں، یہ وزن کم کرنے میں بہت زیادہ مدد دیتی ہیں، اس کے علاوہ یہ وٹامن سی سے بھی بھر پور ہوتی ہیں، اسٹرابیری اور جامن بیری کی ہی اقسام میں شمار کئے جاتے ہیں، ان کا استعمال کر لیا جائے تو یہ بلیو بیریز جتنا ہی فائدہ دیں گی۔
گریپ فروٹ: گریپ فروٹ یعنی سنگترہ منفرد کیمیائی خصوصیات کی بنا پر موٹاپے پر قابو پانے کے لئے بہترین پھل ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور اس پھل سے انسولین کی سطح متوازن رہنے میں مدد ملتی ہے جس کے نتیجے میں جسم میں چربی کے جمع ہونے کے عمل میں کمی آتی ہے اور جسمانی وزن بھی کم ہوتا ہے۔ سنگرے میں بہت کم کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ اس میں موجود فائبر سے پیٹ کو بھرنے میں مدد ملتی ہے اور تا دیر بھوک کا احساس نہی ہوتا ہے۔
سیب اور ناشپاتی: سیب اور ناشپاتی دونوں میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، چھلکوں کے ساتھ ان پھلوں کو کھانا اضافی فائبر فراہم کرتا ہے جو پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھنے میں مدد دیتا ہے، ان کے جوس کے بجائے پھل کو کھانا زائد چربی کو جسم میں جمنے نہیں دیتا ہے۔
تربوز: تربوز ایک ایسا پھل ہے جس میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو واٹر ویٹ سے نجات میں مدد دیتا ہے۔ عام طور پر ایک بالغ فرد کے جسمانی وزن کا ۵۰؍ سے ۶۰؍ فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے، اس سے زیادہ مقدار کو واٹر ویٹ کہا جاتا ہے جو پیٹ پھولنے اور سوجن کا باعث بن کر لوگوں کو زیادہ موٹا دکھاتا ہے۔ ایک امریکی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تربوز کا شربت پینے سے جسمانی چربی گھلتی ہے جبکہ کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آتی ہے۔