Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرزانہ لطیف شیخ روزہ کے اہتمام کے ساتھ بیس افراد کیلئے ٹفن تیار کرتی ہیں

Updated: March 12, 2026, 4:19 PM IST | Saaima Shaikh | Mumbai

فرزانہ شیخ گزشتہ ایک سال سے ٹفن سروس فراہم کر رہی ہیں۔ روزہ رکھ کر روزانہ دھوپ میں بازار جاتی ہیں۔ ان کا دن کا بیشتر حصہ کچن میں گزرتا ہے۔

Farzana Latif Sheikh. Photo: INN
فرزانہ لطیف شیخ۔ تصویر: آئی این این

ویرار کی فرزانہ لطیف شیخ گھر سے ٹفن سروس فراہم کرتی ہیں۔ وہ دوپہر اور رات، دونوں وقت کا کھانا بنا کر لوگوں کے گھر تک پہنچاتی ہیں۔ رمضان کے معمولات کے متعلق کہتی ہیں ’’رمضان میں مجھے بالکل بھی وقت نہیں ملتا۔ گھر کے بھی کام بھی ہوتے ہیں اور کئی لوگوں کے ٹفن بھی تیار کرنا ہوتا ہے۔ صبح چار بجے اٹھ جاتی ہوں۔ سحری اور نماز سے فارغ ہو کر کچن صاف کرکے سو جاتی ہوں اور ساڑھے ۹؍ بجے اٹھ کر کچن میں کام شروع کر دیتی ہوں۔ رمضان میں دوپہر کے کھانے کے لئے کم آرڈرز ہوتے ہیں لیکن رات کے لئے تقریباً ۲۰؍ افراد کے لئے ٹفن تیار کرنا ہوتا ہے۔ ٹفن کے ساتھ ساتھ افطار کی اشیاء کی بھی ڈیمانڈ ہوتی ہے تو وہ بھی تیار کرکے دیتی ہوں۔ افطار کے لئے صرف ۲؍ چکن کے آئٹم ہوتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ثمینہ ایچ امدانی سوشل ورکر ہیں اور روزہ میں بھی فعال رہتی ہیں

فرزانہ شیخ گزشتہ ایک سال سے ٹفن سروس فراہم کر رہی ہیں۔ روزہ رکھ کر روزانہ دھوپ میں بازار جاتی ہیں۔ ان کا دن کا بیشتر حصہ کچن میں گزرتا ہے۔ اس دوران نماز اور قرآن مجید کی تلاوت جاری رکھنے کی پوری کوشش کرتی ہیں۔ روزہ میں اتنی مشقت کرنے کے لئے ان کی حالت غیر ہوجاتی ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’’دن بھر کی مشقت کے بعد جسم تھکان سے چور ہوجاتا ہے۔ مسلسل کچن میں کھڑی رہتی ہوں۔ میری یہ کیفیت رہتی ہے کہ روزہ کھولتے ہی مَیں ۳؍ گلاس پانی پی لیتی ہوں۔ اس کے بعد پھر کچھ کھایا نہیں جاتا۔ جسم نڈھال ہوجاتا ہے۔ لیکن اللہ کا کرم ہے کہ افطار اور نماز سے فارغ ہو کر پھر کچن کا رخ کرتی ہوں۔ رات کیلئے تقریباً ۲۰؍ لوگوں کا کیلئے ٹفن تیار کرتی ہوں۔ ٹفن میں روٹی، سبزی، دال، سالن اور چاول ہوتا ہے۔ تقریباً ۱۰۰؍ سے زائد روٹیاں بناتی ہوں۔ کبھی کبھی زائد روٹیوں کے بھی آرڈرز ہوتے ہیں۔ اتنی روٹیاں بنانے میں کم سے کم ۳؍ گھنٹہ لگتا ہے۔ سارے ٹفن تیار ہونے کے بعد انہیں پہنچانا بھی ہوتا ہے۔ مَیں اسکوٹی پر ڈیڑھ دو کلومیٹر کے دائرے تک آرڈرز پہنچاتی ہوں۔ ٹفن پہنچا کر گھر آئے تک رات کے ساڑھے ۱۲؍ بج جاتے ہیں۔ اس کے بعد گھر کے سارے کام سمیٹ کر کچن صاف کرکے بستر پر آتی ہوں۔ یہ رب کا فضل کرم ہے کہ مَیں پھر اگلے دن کے لئے نئی توانائی کے ساتھ بیدار ہوتی ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: راحیلہ عقیل باپے روزہ رکھ کردو ڈھائی سو افراد کیلئے افطار کی اشیاء تیار کرتی ہیں

فرزانہ کے دو بچے ہیں جن میں سے بیٹی کی شادی ہوچکی ہے اور بیٹا جاب کرتا ہے۔ چھٹی والے دن اِن کے شوہر اِن کی مدد کرتے ہیں۔ اِن کے والدین سبزیاں صاف کرنے اور ٹفن پیک کرنے میں تعاون کرتے ہیں۔ اپنے کام کے تئیں لگن کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ ’’کھانا بنانے کا بہت شوق تھا اور یہی جذبہ ٹفن سروس شروع کرنے کی وجہ بنا جس میں اللہ نے کامیابی دی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK