کرناٹک میں پری یونیورسٹی ایگزام میں ایک باحجاب طالبہ نے ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ہے ۔
Updated: June 27, 2022, 12:38 PM IST | Agency | Karnataka
کرناٹک میں پری یونیورسٹی ایگزام میں ایک باحجاب طالبہ نے ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ہے ۔
کرناٹک میں پری یونیورسٹی ایگزام میں ایک باحجاب طالبہ نے ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ہے ۔ منگلور کے الائسس پی یو کالج کی الہام رفیق نامی طالبہ نے پی یو ایگزام میں سائنس اسٹریم سے ۵۹۷؍ نمبرات حاصل کئے ہیں۔ الہام رفیق نے کہا کہ ’’میں بہت ہی خوش ہوں ، میرا رزلٹ ۹۱ء۵؍ فیصد ہے، میری امتیازی کامیابی کی خبر پھیلنے کے بعد سے مبارکبادکے پیغامات کا سلسلہ اب تک جاری ہے، رشتے دار وں اور جان پہچان کے سبھی افراد کی جانب سے مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ ‘‘ الہام کے والد محمد رفیق اور والدہ معیزۃ الکبریٰ اپنی بیٹی کی اس شاندار کامیابی پر خوشی سےپھولے نہیں سمارہے ہیں۔ الہام ، کلینکل سائیکلوجی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ اس نے کہا کہ ’’مجھے ہمیشہ سے ہی دماغ اور اس کی کارکردگی کے متعلق پڑھنے میں دلچسپی رہی ہے،اسی لئے میں نے دسویں جماعت سے ہی طے کرلیا ہے کہ کلینکل سائیکلوجی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کروں گی۔‘‘ اس نے یہ بھی بتایا کہ ’’ وہ روزانہ باقاعدگی کے ساتھ کالج سے گھرآنے کے بعد پڑھائی کرتی تھی، یہ اس کا ہمیشہ سے معمول رہا ہے۔پری یونیورسٹی امتحان میں بہترین کارکردگی کے پیچھے اس عادت کا اہم کردار ہے۔‘‘ دھیان رہے کہ کرناٹک پری یونیورسٹی امتحان میں ریاستی سطح پر ایک طالبہ نے ہی پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ بنگلور کی رہنےو الی سمرن راؤ نامی طالبہ نے سائنس اسٹریم سے ۵۹۸؍مارکس حاصل کئے ہیں۔ پی یو امتحان کا نتیجہ سنیچر(۱۸؍جون ۲۰۲۲ء کو) کو جاری کیا گیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق ریاست میں طلبہ کی کامیابی کا مجموعی فیصد ۶۱ء۹؍ ہے۔ خیال رہے کہ کرناٹک وہ ریاست ہے جہاں طالبات کے حجاب ، نقاب پہننے پر بلاوجہ تنازع پیدا کیا گیا، اس تناظر میں باحجاب طالبہ کے ٹاپر بننے پر مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ لوگوں کی بڑی تعداد اس خبر کو سوشل میڈیا پر شیئر کررہی ہے اور الہام کو مبارکباددینے کے ساتھ مستقبل کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کررہی ہے۔