Inquilab Logo

انقلاب تعلیم ایکسپوکا شاندار آغاز، امین پٹیل کے ہاتھوں افتتاح، طلبہ کی بھیڑ

Updated: June 14, 2022, 5:26 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

طلبہ کی بڑی تعداد افتتاح سے قبل ہی پہنچ چکی تھی، ممبئی اور مضافات کے طلبہ ہی نے استفادہ نہیں کیا بلکہ نوی ممبئی، بھیونڈی حتیٰ کہ شولاپور سے طلبہ نے اپنے والدین کے ساتھ انقلاب تعلیم ایکسپو میں شرکت کی

Inaugurating the Inquilab Taleemi Education Expo MLA Amin Patel.Picture: Inquilab,Sameer Abidi
انقلاب تعلیم ایکسپو‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے رکن اسمبلی امین پٹیل۔ تصویر ،انقلاب: سید سمیرعابدی

  انقلاب تعلیم ایکسپو کا شاندار آغاز ہوچکا ہے۔ حسب اعلان سنیچر، ۱۱؍ جون کو انجمن اسلام وی ٹی کے احاطے میں اس ایکسپو کا افتتاح، مہاراشٹر اسمبلی میں ممبا دیوی حلقے کی نمائندگی کرنے والے فعال رکن اسمبلی امین پٹیل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انقلاب اور مڈڈے انفو میڈیا لمیٹیڈ کے عہدیداران، عملے کے افراد، کارپوریٹر جاوید جنیجا، اندرون و بیرون مہاراشٹر کے تعلیمی اداروں کے نمائندے اور طلبہ کے ساتھ آئے ہوئے اُن کے والدین موجود تھے جن کی تالیوں کی گونج میں امین پٹیل نے ربن کاٹ کر اس ایکسپو کا افتتاح کیا۔ معاشرہ میں تعلیم کے تئیں بیداری  اور طلبہ کے جوش و خروش کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ افتتاح سے قبل ہی بڑی تعداد میں طلبہ، اپنے والدین یا اساتذہ کے ساتھ، انجمن اسلام کے کیمپس میں حاضر ہوچکے تھے۔  افتتاحی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی امین پٹیل نے ادارہ انقلاب کو اس بات پر مبارکباد پیش کی کہ اس کے ذریعہ معاشرہ کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے ایسی تقریبات گاہے بہ گاہے منعقد کی جاتی ہیں جن سے معاشرہ کو فیض پہنچ سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ مَیں اس ایکسپو کا حصہ بننے والے اداروں سے خوب واقف ہوں اور اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ یہ ادارے اپنے آپ میں کئی اداروں کو سمیٹے ہوئے ہیں اور طلبہ کی ضرورتوں کو پورا کررہے ہیں۔ اُنہوں نے ایکسپو کے شاندار انعقاد پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ میری دُعا ہے کہ آئندہ جب یہ ایکسپو منعقد ہو تو موجودہ جگہ سے بھی بڑی جگہ پر یعنی انجمن اسلام کے پورے گراؤنڈ پر ہو تاکہ مزید اداروں کو مدعو کیا جاسکے اور جو طلبہ استفادہ کرنا چاہیں اُنہیں اس سے بھی زیادہ اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کرنے اور نت نئے کورسیز کے بارے میں جاننے کا موقع ملے۔ 
  انقلاب کے ایڈیٹر شاہد لطیف نے اپنی مختصر گفتگو کے دوران صاحب اعزاز امین پٹیل کی بابت کہا کہ ادارہ انقلاب اُنہیں جب بھی زحمت دیتا ہے وہ اپنی مصروفیات کے باوجود وقت نکالتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جتنے ادارے اس ایکسپو کا حصہ ہیں وہ ہمارے معاشرہ کے بہت اہم اور قیمتی ادارے ہیں اور اُنہیں کسی قسم کا تعارف درکار نہیں ہے۔ جب ان اداروں کو ہم نے اس ایکسپو کے لئے مدعو کیا تو اُنہوں نے بلاتامل لبیک کہا جس کا نتیجہ ہے کہ یہ محفل اتنی سجی دھجی دکھائی دے رہی ہے۔ شاہد لطیف نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ابتدائی لمحات ہی میں اس تعلیم ایکسپو کی کامیابی کی جھلک دیکھی جاسکتی ہے کہ افتتاح سے قبل ہی یہاں طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ان طلبہ میں وہ بھی ہیں جو دور دراز سے آئے ہوئے ہیں۔   انقلاب اور مڈڈے انفومیڈیا لمیٹیڈ کی بزنس ہیڈ محترمہ سنگیتا کباڈیا نے اس موقع پر کہا کہ انقلاب نے تعلیم کیلئے ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرنے کو اولیت دی ہے، ہم چاہیں گے کہ تعلیم ایکسپو آئندہ بھی منعقد کریں اور اس سے بڑے پیمانے پر کریں۔ اُنہوں نے آئے ہوئے طلبہ اور اُن کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور اُن کے جذبے کی داد دی۔ افتتاحی اجلاس میں انقلاب سیلس ہیڈ سعید قادری، شعبہ سیلس ہی کے نمائندگان محمد جاوید اور عرش محمد کے علاوہ برانڈ سولیوشن کی محترمہ پریتی تلوار، انقلاب کے ادارتی عملے کے رئیسہ منور، صائمہ شیخ، شہباز خان، عبدالکریم شیخ، اقبال انصاری اور قطب الدین شاہد اورانقلاب  ڈجیٹل ٹیم کے عبدالاحد انصاری شریک تھے۔  دو روزہ انقلاب تعلیم ایکسپو میں مجموعی طور پر ۱۲؍ اسٹال ہیں۔ اففتاح کے موقع پر جن اداروں کے نمائندگان موجود تھے اُن کے نام اس طرح ہیں:  انجمن اسلام، جامعہ محمدیہ اور مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس مالیگاؤں، جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا، شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز، کالسیکر ٹیکنیکل کالج پنویل، ایم ایچ صابو صدیق انجینئرنگ کالج بائیکلہ، ایم ایچ صابو صدیق پالی ٹیکنیک ناگپاڑہ، تھیم گروپ آف انسٹی ٹیوشنز بوئیسر، این ٹی آئی اکیڈمی، خاتون ایجوکیشن کیمپس مالیگاؤں، بینک آف مہاراشٹر اور مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن(ایجوکیشن لون سے متعلق رہنمائی کیلئے) ۔ اس ایکسپو کا آج دوسرا اور آخری دن ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK