Inquilab Logo Happiest Places to Work

راحیلہ عقیل باپے روزہ رکھ کردو ڈھائی سو افراد کیلئے افطار کی اشیاء تیار کرتی ہیں

Updated: March 10, 2026, 4:20 PM IST | Saaima Shaikh | Mumbai

راحیلہ عقیل گزشتہ ۵؍ سال سے کیٹرنگ کا کام کر رہی ہیں۔ وہ کچن کی ذمہ داری سنبھالتی ہیں جبکہ اُن کے شوہر اسٹال کے کام دیکھتے ہیں۔ اس کام میں مدد کے لئے ۳؍ سے ۴؍ لوگوں کی ٹیم ہے۔ روزہ رکھ کر دن بھر دہکتے چولہے کے پاس مسلسل کھڑے ہو کر کام کرنا آسان ہے؟ کے جواب میں کہتی ہیں، ’’اللہ کا کرم ہے کہ روزہ رکھ کر کام کرنے میں کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔‘‘

Rahila Aqeel Baape. Photo: INN
راحیلہ عقیل باپے۔ تصویر: آئی این این

راحیلہ عقیل باپے کا تعلق تھانے، رابوڑی سے ہے۔ وہ کیٹرنگ کا کاروبار کرتی ہیں۔ رمضان میں ۲۰۰؍ سے ۲۵۰؍ افراد کے لئے ڈرائے اور فرائے آئٹم تیار کرتی ہیں۔ وہ اپنے معمولات کے متعلق کہتی ہیں کہ ’’مَیں صبح چار بجے اٹھتی ہوں۔ تہجد پڑھ کر سحری تیار کرتی ہوں۔ گھر والوں کو جگاتی ہوں۔ سحری سے فارغ ہو کر فجر پڑھتی ہوں پھر تلاوت میں مشغول رہتی ہوں۔ اس کے بعد سو جاتی ہوں۔ پھر ساڑھے ۸؍ بجے اُٹھ جاتی ہوں۔ تب سے دوپہر کے ۲؍ بجے تک ڈرائے اور فرائے آئٹم (۱۰؍ سے ۱۲؍ آئٹم ہوتے ہیں) تیار کرتی ہوں۔ ۲؍ بجے کے بعد ظہر کی نماز کے لئے وقفہ لیتی ہوں۔ ظہر کی نماز سے فارغ ہو کر سارے آئٹم کو کنٹینر میں پیک کرنے کا عمل شروع ہوجاتا ہے جس کیلئے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ درکار ہوتا ہے۔ ساڑھے ۳؍ بجے تک پیکٹس تیار ہوجاتے ہیں۔ میرا گھر نور مسجد کے قریب ہے اور وہیں اسٹال (نور فاسٹ فوڈ) لگتا ہے۔ پیکٹس تیار ہوتے ہی سار ے آئٹم اسٹال پر سج جاتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: جی ایم مومن ویمنس کالج: ’آئی ایس او‘ سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والا پہلا ادارہ

راحیلہ عقیل گزشتہ ۵؍ سال سے کیٹرنگ کا کام کر رہی ہیں۔ وہ کچن کی ذمہ داری سنبھالتی ہیں جبکہ اُن کے شوہر اسٹال کے کام دیکھتے ہیں۔ اس کام میں مدد کے لئے ۳؍ سے ۴؍ لوگوں کی ٹیم ہے۔ روزہ رکھ کر دن بھر دہکتے چولہے کے پاس مسلسل کھڑے ہو کر کام کرنا آسان ہے؟ کے جواب میں کہتی ہیں، ’’اللہ کا کرم ہے کہ روزہ رکھ کر کام کرنے میں کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔ مَیں مسلسل اللہ کا ذکر کرتی رہتی ہوں۔ حالانکہ ۱۴؍ واں روزہ تھوڑا بھاری گزرا۔ دراصل اس دن گرمی بڑھ گئی تھی۔ صبح ۱۰؍ بجے میری ۸؍ سال کی جڑواں بیٹیاں ٹیوشن گئیں اور جب ۱۲؍ بجے لوٹیں تو ان کی حالت خراب تھی۔ گرمی کی وجہ سے انہیں پیاس کا احساس ہورہا تھا۔ پھر کلی کرکے وہ دونوں ساڑھے ۱۲؍ بجے اسکول چلی گئیں۔ جب ۴؍ بجے گھر لوٹیں تو ان کی حالت اتنی غیر ہوگئی تھی کہ روزہ توڑوانا پڑا۔ مَیں نے انہیں پانی پلایا اور پھل کھلائے۔ وہ دن مجھ پر بھی بہت بھاری گزرا۔ ساڑھے چار بجے کام مکمل ہونے کے بعد مجھے چکر آنے لگا مگر اللہ اللہ کرکے روزہ مکمل ہوا۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ، ’’رمضان میں معمولات پیچیدہ ہوجاتے ہیں۔ کام زیادہ ہوتا ہے اور نیند کا دورانیہ بے حد مختصر ہوجاتا ہے۔ دن بھر بھی آرام کرنے کے لئے وقت نہیں نکلتا۔ مگر اللہ کی خاص عنایت ہے کہ کام کے ساتھ ساتھ روزہ، نماز اور تلاوتِ قرآن جاری رہتی ہے۔ حتیٰ کہ دن بھر فعال رہنے کے سبب صحت بھی اچھی رہتی ہے۔‘‘ راحیلہ کا ماننا ہے کہ یہ سب کام کرنے کی ہمت انہیں اپنے شوہر سے ملتی ہے۔ وہ انہیں اپنا ’سپورٹ سسٹم‘ کہتی ہیں۔ بتا دیں کہ راحیلہ باپے چکن چیز بریڈ رول، سموسے، کباب، بریڈ رول، چکن چیز کرسپی، پڈنگ، دم آلو، رشین کباب، چناچٹ پٹا، رگڑا، کھچڑا (سنڈے اسپیشل) وغیرہ ڈرائے اور فرائے آئٹم تیار کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK