Inquilab Logo Happiest Places to Work

بچوں کو مشترکہ خاندان کی اہمیت سے روشناس کرائیں

Updated: July 08, 2021, 2:12 PM IST | Poonam Yadav

گزشتہ چند برسوں سے انسان اکائی کنبے میں رہنا پسند کرتا ہے۔ لیکن اکائی کنبے میں پرورش پانے والے بچے ضدی اور تنہائی کا شکار ہوتے ہیں جبکہ مشترکہ خاندان میں پلنے والے بچّوں میں خاندان کےبزرگوں کو اہمیت دینے اور ان کی عزّت کرنے کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے

 There is selfless love and full support from the elders and children in the family.Picture:INN
مشترکہ خاندان میں بڑوں اور چھوٹوں کو بے لوث محبت اور بھرپور تعاون ملتا ہے۔تصویر :آئی این این

مشترکہ خاندانی نظام میں دادا ،داد ی ، امی ابو، چاچا چاچی اور ان سب کی اولاد ایک ہی گھر میں قیام پذیر ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے یہ روایت دم توڑتی جارہی ہے مگر اس کی  افادیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ مشترکہ خاندانی نظام میں پلنے والے بچّوں میں عمومی طور پر تین خصلتیں نمایاں ہوتی ہیں۔ سب سے پہلی یہ کہ ان بچّوں میں خاندان کےبزرگوں کو اہمیت دینے اور ان کی عزّت کرنے کا رجحان انفرادی خاندان کے بچّوں کی نسبت زیادہ پایا جاتا ہے۔ دوسری، ان بچّوں کو باپ کے علاوہ دوسری نسل یعنی دادا کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے، اس لئے یہ خود کو زیادہ محفوظ اور پُرعزم محسوس کرتے ہیں اور تیسری یہ کہ چونکہ سب بچّے اپنے کزنز وغیرہ کے ساتھ مل کر رہتے ہیں، تو انہیں ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شامل ہونے کی عادت ہوتی ہے، جو آگے چل کر عملی زندگی میں مدگار ثابت ہوتی ہے۔  مشترکہ خاندان کے بچّے اپنے والدین اور دیگر بزرگوں کی زیر ِنگرانی تربیت پاتے ہیں، تو اخلاقی قدریں بھی زیادہ بہتر طور پر سیکھتے ہیں۔ ایسے بچّوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لئے کنبے کے کئی افرادموجود ہوتے ہیں۔ چونکہ ان پر پابندیاں بھی نسبتاً زیادہ ہوتی ہیں، تو عملی زندگی میں اصولوں کے پابند ہوتے ہیں۔ مشترکہ خاندان بنیادی طور پر نیوکلیئر فیملی میں تبدیل ہو کر چھوٹے ہوتے جارہے ہیں۔ لہٰذا آنے والے وقت میں صورتحال مزید خراب نہ ہوں اس لئے ضروری ہے کہ اپنے بچوں کو مشترکہ خاندان کی اہمیت سے واقف کرائیں۔
بڑوں کی عزت کرنا
 خاندان میں اتحاد کی سب سے پہلی سیڑھی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بڑوں کی عزت کرنا سکھائیں۔ یہ بات صرف بچوں پر ہی عائد نہیں ہوتی۔ خود بھی اس بات پر عمل کرنا کریں۔ اپنے بچوں کو گھر میں آئے کسی رشتہ دار کو سلام کرنا اور ادب و احترام سے بات کرنا سکھائیں۔ اگر آپ اپنے ماں باپ سے دور رہتے ہیں تو بچوں کو اپنے فیملی فوٹو البم کے ذریعے گھر کے دیگر افراد سے روبرو کرانا چاہئے۔
محبت سے بات کرنا
 جتنا ممکن ہوسکے اپنے بچوں کو محبت سے باتیں کرنا سکھائیں۔ سب سے ضروری یہ ہے کہ ان باتوں کو زیادہ سکھانے کی ضرورت نہیں پڑتی، بچے ویسا رویہ اختیار کرتے ہیں جیسا ان کے گھر کا ماحول ہوتا ہے۔ اس لئے بچوں کے سامنے کبھی بھی کسی سے بھی بدتمیزی یا چلّا چلّا کر بات نہ کریں۔ ساتھ ہی اپنے بچوں کو اپنے سے بڑے یا چھوٹے سے نرمی سے بات کرنے کی سیکھ دیں۔
بزرگوں کا احترام
 بزرگوں اور بچوں کا احترام کرنا ہماری اچھی تربیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس لئے اپنے بچوں کو ہمیشہ بزرگوں کے تئیں نرمی اور چھوٹے بچوں کے تئیں حساس ہونا سکھائیں۔ انہیں یہ بھی بتائیں کہ زندگی میں کبھی بھی کسی بھی بزرگ کی مدد کے لئے ہمیشہ آگے آئیں۔
تھوڑی سختی بھی ضروری ہے
 اکائی کنبے میں بچوں کو بے حد لاڈ و پیار سے بڑا کیا جاتا ہے۔ جس سے وہ کئی بار ضدی ہوجاتے ہیں اور ہر بات کے لئے ضد کرتے ہیں۔ ایسے میں انہیں ان بچوں کی ضرورتوں اور بنیادی تقاضے کے بارے میں بتائیں جو ان چیزوں سے محروم ہیں۔ جتنا ممکن ہو سکے اپنے بچوں میں تکبر کے جذبے کو پنپنے نہ دیں۔
مشترکہ خاندان کی اہمیت سمجھائیں
  بچوں کو مشترکہ خاندان کے بارے میں بتائیں۔ انہیں اپنے بچپن کے قصے سنائیں۔ انہیں بتائیں کہ گھر میں کیسے کھانے سے لے کر کپڑوں تک کو شیئر کیا جاتا تھا۔ ان باتوں کو اتنے مزیدار طریقے سے بتائیں کہ بچے کو مشترکہ خاندان کی باتیں فضول نہ لگیں بلکہ جب کبھی وہ آپ کے ساتھ آپ کے خاندان کے ساتھ ہوں تو اسے سبھی اپنے ہی محسوس ہو۔
بچوں کو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بتائیں
 مشترکہ خاندان میں بڑوں اور چھوٹے کو بے لوث محبت اور بھرپور تعاون ملتا ہے۔
 خاندان کے سبھی افراد گھر کے اخراجات اٹھاتے ہیں جس سے ذمہ داری کا بوجھ کسی ایک کے کندھوں پر نہیں پڑتا ہے۔
 کسی تنہا شخص کو مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔ سبھی لوگ ایک دوسرے کی مشکل کا حل تلاش کرتے ہیں۔
 مشترکہ خاندان میں تہواروں کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔
 مشترکہ خاندان میں ایک نسل سے دوسری نسل ایک دوسرے کو سمجھتی ہے اور دونوں نسلیں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتی ہیں۔
مشترکہ خاندان میں کوئی بھی کام شروع کرنے سے قبل مشورہ کیا جاتا ہے اور مشورہ کرنا اچھی عادت ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK