Inquilab Logo Happiest Places to Work

شطرنج ورلڈ کپ: فائنل میں ہمپی اور دویہ آمنے سامنے

Updated: July 26, 2025, 12:18 PM IST | Agency | New Delhi

ہمپی اور دویہ نے اگلے سال منعقد ہونے والے خواتین کینڈی ڈیٹس کے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا.

Picture: INN
تصویر: آئی این این

گرینڈ ماسٹر کونیرو ہمپی نے جمعرات کوفیڈے ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں چین کی ٹنگجی لی کو ٹائی بریکر میں  شکست دی اور اب فائنل میں ان کا مقابلہ ہم وطن ہندوستانی دویہ دیشمکھ سے ہوگا۔ سنیچر کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنانے والی ہمپی اور دویہ  دونوں نے اگلے سال منعقد ہونے والے خواتین کینڈی ڈیٹس کے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کنٹرول میں کھیلنے کے باوجود پہلے دو گیمز ڈرا کرنے کے بعد، ہمپی کو ٹائی بریکر میں۱۔۱؍ سے ڈرا کرنا پڑا جس میں دونوں کھلاڑیوں کے لیے اضافی وقت کے ساتھ ہر۱۵؍ منٹ کے دو گیمز تھے۔ اگلے دو ٹائی بریکر گیمز۱۰؍ منٹ کے تھے۔ لی نے پہلا گیم جیت کر برتری حاصل کی لیکن ہمپی نے مشکل پوزیشن میں ہونے کے باوجود دوسرا گیم جیت کر مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا۔
 ٹائی بریکر گیمز کے تیسرے سیٹ میں، ہمپی نے پہلے گیم میں سفید مہروں کے ساتھ آغاز کیا اور انہیں جیتنے کے لیے گیم کے تمام شعبوں میں لی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پہلا گیم جیتنے کے بعد، ہمپی کو فائنل میں پہنچنے کے لیے صرف ایک ڈرا کی ضرورت تھی اور انہوں نے ٹائٹل میچ میں جگہ بنانے کے لیے اسے جیت لیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب شطرنج ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔
 آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے جمعہ کو ہمپی کو فیڈے  خواتین  کے شطرنج ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا عزم اور قابلیت قابل تعریف ہے۔ نائیڈو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’ہندوستانی شطرنج کی گرینڈ ماسٹر کونیرو ہمپی کو فیڈے خواتین کے شطرنج ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد۔‘‘  وزیر اعلیٰ نے فائنل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
  اس سے قبل۱۹؍ سالہ دویہ دیشمکھ، جو ایک بین الاقوامی ماسٹر ہیں، نے فیڈے خواتین کے عالمی شطرنج کپ کے سیمی فائنل کے دوسرے گیم میں سابق عالمی چمپئن  چین کی زونگئی ٹین  کو شکست  دی اور منی میچ۰ء۵۔۱ء۵؍ سے جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ اس عمل میں دویہ   کینڈی ڈیٹس  کے ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے والی پہلی ہندوستانی بن گئیں۔ خواتین  کینڈی ڈیٹس کا شطرنج ٹورنامنٹ اگلے سال شیڈول ہے اور اس ٹورنامنٹ میں خواتین کی عالمی چمپئن  وینجن سو کی حریف کا فیصلہ ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دویہ پہلی بار ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہیں۔ کوارٹر فائنل میں دوسری سیڈ چین کے جونر ژو انہوں نے شکست دی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK