Inquilab Logo Happiest Places to Work

موبائل فون ہمارے لئے ہے یا ہم موبائل فون کیلئے؟

Updated: July 25, 2023, 10:46 AM IST | Dr. Rohina Kausar Syed | Mumbai

آج موبائل فون ہماری زندگی کا ایک اہم عنصر بن گیا ہے، موبائل فون کے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ہمارے ہاتھوں میں نہ ہو تو ہمیں کسی لاچاری اور معذوری کا احساس ہوتا ہے۔ اس کا استعمال کرتے وقت ہم اکثر اپنے آس پاس سے غافل ہو جاتے ہیں، یہ مسئلہ توجہ طلب ہے

Considering today`s environment, it seems that it is very important to educate not only children but also adults about the use of mobile phones.
آج کے ماحول کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ نہ صرف بچوں کو بلکہ بڑوں کو بھی موبائل فون کے استعمال کے متعلق بیدار کرنا اشد ضروری ہے

جدید ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کے لئے بے شمار آسانیاں پیدا کی ہیں۔ تیز رفتار روزمرہ زندگی کو سہل بنا دیا ہے۔ آج ہم تار، پوسٹ کارڈ، انتردیشی سے ای میل اور بعد از وہاٹس ایپ میسیج تک کا سفر طے کر چکے ہیں۔ چند لمحوں میں ہم سات سمندر پار اپنے عزیزوں سے ایسے گفتگو کرتے ہیں جیسے وہ ہمارے سامنے ہی موجود ہو۔ ۲۱؍ ویں صدی میں سائنس نے بے پناہ ترقی کی ہیں اور ہم آئی ٹی دور میں جی رہے ہیں۔ سوال کیا جاتا ہے کہ سائنس رحمت ہے یا زحمت! یہ تو بظاہر ہے کہ ہر سائنسی ایجاد نفع بخش بھی ہے اور کچھ حد تک نقصان دہ بھی۔ یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ ان نعمتوں کا کس طرح استعمال کر کے اپنے لئے رحمت یا زحمت ثابت کرتا ہے۔
 آج موبائل فون ہماری زندگی کا ایک اہم عنصر بن گیا ہے، موبائل فون کے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ہمارے ہاتھوں میں نہ ہو تو ہمیں کسی لاچاری اور معذوری کا احساس ہوتا ہے۔ بات چیت اور میسیج کے علاوہ دیگر کام بھی موبائل فون کے ذریعے بآسانی تکمیل پاتے ہیں۔ مثلاً بجلی یا پانی کا بل بھرنا، کسی کو کوئی ضروری اور اہم دستاویزات کا اشتراک کرنا، اسکول کے ضروری نوٹس والدین تک پہنچانے ہو، کسی ایمرجنسی میں روپیہ ٹرانسفر کرنا، کوئی کانفرنس یا میٹنگ اٹینڈ کرنی ہو، حتیٰ کہ آن لائن اسکول یا کلاس میں حاضری کے لئے موبائل فون کا کثرت سے استعمال ہونے لگا ہے۔
 اینرائڈ موبائل فون مع انٹرنیٹ ہماری آسانیوں کے لئے ہمارے لئے وجود میں آیا ہے لیکن قارئین کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ جیسے موبائل فون ہمارے لئے نہیں بلکہ ہم موبائل فون کے لئے ہیں۔ ہم موبائل فون کا استعمال اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نہیں کرتے بلکہ موبائل فون کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کرتے ہیں۔ آپ سوچ رہے ہوں گے میں ایسا کیوں کہہ رہی ہوں؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک سروے کے مطابق زیادہ تر سڑک حادثات ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر بات کرنے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
 سروے میں کئی میٹرو شہروں کے عوام سے سڑک حادثات کے متعلق ان کی رائے لی گئیں۔ ۹۷؍ فیصد جواب دہندگان کا خیال ہے کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال خلفشار کا باعث بنتا ہے اور حادثات ہو جاتے ہیں۔
 روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال تقریباً ۱۷؍ ہزار افراد موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے موت کے آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار واقعی چونکا دینے والے ہیں، اس کے مطابق ۲۰۱۸ء میں ۱۷؍ ہزار ۵۶۰؍ افراد، ۲۰۱۹ء میں ۲۶ء۳؍ فیصد اور ۲۰۲۰ء میں ۲۶۹۷؍ افراد موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق حادثات کا شکار ہونے والے اکثر ۲۳؍ سے ۳۵؍ سال کے نوجوان ہوتے ہیں۔
 ہم نے اکثر نوجوان لڑکوں کو دوران ڈرائیونگ فون پر بات کرتے ہوئے دیکھا ہے، لیکن آج لڑکیاں بھی اس کام میں پیش پیش ہیں۔ حد تو تب ہوگئی جب بزرگ مرد اور خواتین و حضرات بھی ایسی حماقت کرتے ہوئے نظر آئے۔ کیا واقعی میں یہ اشخاص اتنے مصروف ہوتے ہیں کہ وہ اپنی گاڑی روک کر بات نہیں کر سکتے؟ کثیر تعداد میں ایسے افراد بھی ہیں جو سگنل پر انتظار کا وقت بھی ضائع نہیں کرتے اور موبائل سے کسی سے گفتگو کرنے یا میسیج دیکھنے میں اس قدر مشغول ہو جاتے ہیں کہ انہیں یہ بھی یاد نہیں رہتا کہ وہ سگنل پر کھڑے ہیں اور اب انہیں آگے بڑھنا ہے۔
 گزشتہ دنوں اخبار میں خبر شائع ہوئی کہ ایک دوشیزہ ریلوے ٹریک پر چل رہی تھی، اسے پشت کی جانب سے آنے والی ٹرین کی آواز سنائی نہیں دی کیونکہ اس نے کانوں میں ایئر فون لگایا تھا اور وہ یقیناً کسی سے بات چیت کرنے یا موسیقی سننے میں مصروف تھی۔ آس پاس موجود لوگوں نے بھی اس دوشیزہ کو کئی آوازیں دیں مگر وہ تو سننے سے قاصر تھی۔ نہ صرف دوران ڈرائیونگ بلکہ پیدل چلتے وقت بھی کانوں میں ایئرفون لگانا عام بات ہوگئی ہے۔ جان بوجھ کر اپنی جان کو جو کھم میں ڈالنا کسی خودکشی کے برابر ہی ہے۔ انسان کو اپنے وجود اور زندگی کی حفاظت کرنی چاہئے کیونکہ یہ ہمارے پاس اللہ رب العزت کی امانت ہے۔ آج کے ماحول کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ نہ صرف بچوں کو بلکہ بڑوں کو بھی روڈ سیفٹی قوانین اور موبائل فون کے استعمال کے متعلق بیدار کرنا اشد ضروری ہے۔
 معاشرے میں بہتری لانے میں خواتین اہم کردار ادا سکتی ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ خود موبائل فون کا غیر ضروری استعمال نہ کریں، ساتھ ہی گھر والوں کو بھی تاکید کریں۔ بچوں کو ذہنی و جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں تاکہ ان کے پاس موبائل فون استعمال کرنے کا وقت ہی نہ ہو۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK