Inquilab Logo

جے ای ای ایڈوانسڈ ۲۰۲۰ء کے نتائج جاری،پونے کے چراغ فلورنے اوّل مقام حاصل کیا

Updated: October 06, 2020, 11:27 AM IST | Agency | New Delhi

اس داخلہ امتحان میں گنگولا بھون ریڈی اور ویبھو راج بالترتیب دوسرےا ور تیسرے مقام پر رہے، ۴۳؍ہزار۲۰۴؍طلبہ نے کوالیفائی کیا

Chirag, Pune
چراغ، پونے

جوائنٹ انٹرنس ایگزام (جے ای ای) ایڈوانسڈ۲۰۲۰ء کے نتائج پیر کو جاری کئے گئے ۔ جس میں آئی آئی ٹی بامبے زون کے چراغ  فلور نے پہلی  پوزیشن حاصل کی جبکہ آئی آئی ٹی روڑکی کی کنشکا متل لڑکیوں کے زمرے میں  ٹاپر رہیں۔ تاہم ، کنشکا آل انڈیا رینک میں۱۷؍ ویں مقام پر ہے۔
 انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی دہلی کی جانب سے جاری کردہ  نتائج کے مطابق چراغ نے۳۹۶؍ میں سے ۳۹۲؍   مارکس حاصل کرکے پہلا مقام حاصل کیا  جبکہ کنشکا نے ۳۹۶؍ میں سے۳۱۵؍  مارکس  حاصل کئے۔ آئی آئی ٹی دہلی کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق  امسال  جے ای ای ایڈوانسڈ کے داخلہ امتحان میں ایک لاکھ ۵۰؍ہزار ۸۳۸؍طلبہ شریک ہوئے جن میں سے ۴۳؍ ہزار ۲۰۴؍ طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میں۶؍ہزار ۷۰۷؍ لڑکیاں  بھی شامل ہیں۔
 دھیان رہے کہ ہر سال جے ای ای ایڈوانسڈ کے نتائج جون میں ظاہر کئے جاتے ہیں۔ تاہم اس بار کورونا وائرس کی وباء کے سبب اس میں تاخیر ہوئی۔گزشتہ سال کارتکیہ گپتا نے اوّل پوزیشن حاصل کی تھی اور ان کا تعلق مہاراشٹر سے تھا۔ دھیان رہے کہ جوائنٹ انٹرنس ایگزام مینس  اور پھر جوائنٹ انٹرنس ایگزام ایڈوانس کوالیفائی کرنے والے امیدوار ملک کے ۲۳؍  آئی آئی ٹیز میں  انجینئرنگ،  سائنس اور آرکیٹیکچر کے انڈر گریجویٹ کورسیز میں داخلوں کے اہل ہوتے ہیں۔
چراغ فلور کےمتعلق خاص باتیں
 امسال جے ای ای ایڈوانسڈ میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے  ٹاپرکا اعزاز پانے والے  طالب علم چراغ فلور پونے کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے جے ای ای مینس میں بارہویں رینک حاصل کی تھی۔ وہ بہت ہی ہونہار طالب علم ہیں اور وہ امریکہ کے نامور تعلیمی ادارہ  میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی ) میں داخلہ حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ۱۹؍ کے سبب وہ فی الحال امریکہ نہیں جاسکے ہیں اور گھر بیٹھے ہی آن لائن کلاسیز میں شرکت کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK