Inquilab Logo

ادویشہ کےپیرا ایتھلیٹ کملا کانت نائیک نے ۲۴؍ گھنٹے میں ۲۱۳؍ کلومیٹر کا فاصلہ

Updated: January 20, 2022, 1:41 PM IST | Agency | Odisha

 اودیشہ ریاست کے  پوری ضلع کے رہنے والے کملاکانت نائیک نامی پیراایتھلیٹ نے ایک انوکھا ریکارڈ قائم کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرانے کا دعویٰ پیش کردیا ہے ۔

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 اودیشہ ریاست کے  پوری ضلع کے رہنے والے کملاکانت نائیک نامی پیراایتھلیٹ نے ایک انوکھا ریکارڈ قائم کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرانے کا دعویٰ پیش کردیا ہے ۔ کملاکانت نے ۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۱۳؍ کلومیٹر کا فاصلہ اپنی مینوئل وہیل چیئر کے ذریعہ طے کیا ہے۔ انہوں نے  اپنی اس میراتھن کی شروعات سنیچر(۱۵؍جنوری ۲۰۲۲ء) کی دوپہر میں  ماسٹر کینٹین اسکوائر سے  کی اور راج محل اسکوائر سائیکل ٹریک پوائنٹ(بھوبنیشور) پر اتوار(۱۶؍جنوری ۲۰۲۲ءکو )مکمل کی۔   قبل ازیں ۲۴؍ گھنٹے میں وہیل چیئر کے ذریعہ سب سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا ریکارڈ۱۸۲ء۴؍کلومیٹر تھا جو پرتگال کے ماریو ٹرینڈاڈے نے بنایا تھا۔ ماریو نے ولا ریئل اسٹیڈیم ، ولا ریئل ، پرتگال میں یہ ریکارڈ ۳؍سے ۴؍ دسمبر ۲۰۰۷ء کو قائم کیا تھا۔   پوری ضلع کے کملا کانت نے مذکورہ بالا ریکارڈ کو توڑدیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ یہ ریکارڈ بناکر میں بے حد خوش ہوں، میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس تاریخی سفر میں میرا ساتھ دیا ، میرا حوصلہ بڑھایا۔  میری یہ حصولیابی یقیناً جسمانی طور سے معذور افراد کے تئیں قائم نظریہ کو توڑے گی۔ میر ااگلا ہدف پیرس پیرالمپک ہے۔ ‘‘ پیراایتھلیٹ کملاکانت کے موبائلٹی پارٹنر سدھارتھ ڈاگے نے کہا کہ ’’۲۴؍ گھنٹے میں اس طرح کا لمبا فاصلہ طے کرنا بہت ہی مشکل کام تھا۔ راج محل سے ماسٹر کینٹین کے درمیان اس فاصلہ  میں کم و بیش  سپر الٹرا میراتھن کا لیپ۱ء۱۴؍ کلومیٹرکا ہے۔ کملا کانت نے ابتدائی ۱۲؍ گھنٹے میں ۱۱۸؍ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور باقی کا فاصلہ بقیہ ۱۲؍ گھنٹے میں کیا ہے ۔ ‘‘  قابل ذکر ہے کہ اس پورے کارنامہ پر نظر رکھنے کے لئے ۸؍کیمرے نصب کئے گئے اور جی پی آر ایس سسٹم انسٹال کیا گیا تھا۔ کملاکانت نے ۲۴؍ گھنٹوں میں کل ۲؍ گھنٹے کا آرام ۴؍ وقفوں میں کیا ہے۔‘‘سدھارتھ نے کہا کہ ’’ ہم اپنے اس پروگرام کی تفصیلات جلد ہی گنیز بک آف ریکارڈ انتظامیہ کو سونپ دیں گے۔ تاکہ اس کارنامہ کا باقاعدہ اعلان ہوجائے۔‘‘ ڈپارٹمنٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرس ،بھوبنیشور اسمارٹ سٹی لمییٹیڈ اور شہر کی ایک این جی او بیٹر لائف فاؤنڈیشن نے کملا کانت کی اس حصولیابی میں کافی مدد کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK