• Fri, 06 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زندگی ہنس کر گزارنی ہے یا رو کر؟ فیصلہ ہم ہی کرتے ہیں!

Updated: October 24, 2023, 12:21 PM IST | Rehana Qadri | Mumbai

کسی ناگہانی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے انسان فوراً ہمت ہار جاتا ہے اور مسائل پر غور کرتے کرتے ڈپریشن کا شکار ہو جاتا ہے۔ ڈپریشن انسان کو ناامید بنا دیتا ہے اور وہ زندگی کو ختم کرنے کے بارے میں سوچنے لگتا ہے۔ حالانکہ زندگی بہت خوبصورت ہے۔ باکمال لوگ خوشی اور غم، دونوں صورتحال میں مسکرانا جانتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔

Life is beautiful and becomes more beautiful if it is lived alive. Photo: INN
زندگی بہت خوبصورت ہے اگر اسے زندہ دلی سے جیا جائے تو مزید خوبصورت ہو جاتی ہے۔ تصویر:آئی این این

زندگی اللہ تعالیٰ کا نایاب تحفہ ہے لیکن آج کا انسان اس تحفے کی قدر سمجھنے سے قاصر ہے۔ اپنی حرکتوں اور خامیوں سے زندگی کو برباد کر رہا ہے۔ اپنی زندگی کو مذاق بنا رکھا ہے۔ بزدلی، کمزوری اور منفی سوچ نے اسے زندگی سے کافی دور کر دیا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو ہر انسان کی زندگی دکھوں سے بھری ہوئی ہے۔ خطرات اور مسائل سے گھری ہوئی ہے۔ زندگی میں اتار چڑھاؤ تو آتے رہتے ہیں۔ ہماری ساری طاقت ہماری سوچوں پر مبنی ہے۔ منفی سوچ سے ہم مایوسی اور نااُمیدی کا شکار ہو جاتے ہیں اور ہمیشہ برا سوچتے رہتے ہیں۔ منفی اور فضول سوچوں کو ذہن میں نہ لائیں اور دوسروں کی عیب جوئی نہ کریں۔ دوسروں کے بارے میں بھی منفی سوچ نہ رکھیں۔ مثبت سوچ سے مثبت تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔ روشن پہلو یہ ہے کہ ہر ناکامی کی کوئی نہ کوئی وجہ ہوتی ہے۔ یاد رکھیں ہر ناکامی ہمیں ایک سبق سکھاتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر ناکامی کا تجربہ ہوتا ہے یہ تجربہ انسانوں کی صلاحیتوں اور کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
 زندگی بہت خوبصورت ہے اگر اسے زندہ دلی سے جیا جائے تو مزید خوبصورت ہو جاتی ہے۔ زندگی کے ایک ایک لمحے کو ہمیں سنوارنا ہے اور اسے سنوارنے کیلئے ہمیں ہمت، بہادری، خود اعتمادی، قربانی اور شکر گزاری سے کام لینا ہوگا۔ زندگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی ہے اس میں اتار، چڑھاؤ  آتے رہتے ہیں۔ دکھ اور تکلیف کا سامنا کرتے رہنا پڑتا ہے۔ ہم اکثر ناکامیوں کی وجہ سے بہت اداس ہو جاتے ہیں۔ دراصل ہم روشن پہلو دیکھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ جب پریشانی سے ہمارا سامنا ہوتا ہے تو ہم بار بار یہی سوچتے ہیں مجھے ہی اتنی کیوں پریشانی ہے؟ اس صورتحال میں پریشانی کے بجائے اگر توجہ اس بات پر کی جائے کہ یہ پریشانی مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دینے آئی ہے تو یقیناً اس مثبت سوچ کے سبب آپ کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔ کسی ناگہانی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے انسان فوراً ہمت ہار جاتا ہے اور مسائل پر غور کرتے کرتے ڈپریشن کا شکار ہو جاتا ہے۔ ڈپریشن انسان کو ناامید بنا دیتا ہے اور وہ زندگی کو ختم کرنے کے بارے میں سوچنے لگتا ہے۔ حالانکہ زندگی بہت خوبصورت ہے۔ خوشی اور غم، دونوں ہی زندگی کے حصے ہیں۔ باکمال لوگ خوشی اور غم، دونوں صورتحال میں مسکرانا جانتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔
شوق، جذبہ یا دلچسپی کے بغیر ایک فرد کی زندگی شاید پھیکی ہے۔ کسی شوق کی پیروی یقینی طور پر زندگی میں نئی توانائی لاتی ہے۔ ہمیں اپنی زندگی کا تجربہ کرنے کے لئے بہت شکر گزار ہونا چاہئے سب سے بڑھ کر ہر ایک کو اپنی زندگی کو مزید بامقصد بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ تاہم، زندگی صرف معاشرے میں آزادانہ طور پر رہنے کے لئے نہیں ہے۔ یہ یقینی طور پر اس سے کہیں زیادہ ہے۔ لہٰذا معیار زندگی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ امید، کام کی کارکردگی، خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ امید زندگی کو جلا بخشتی ہے۔ زندگی کا رخ یہ بھی ہے کہ زندگی میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہیں لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو ڈٹ کر حالات کا مقابلہ کرتے ہیں۔ زندگی کے امتحان میں صبر کا خزانہ، ایمان کی قوت اور اللہ تعالیٰ کی رضا ہمیں ہمیشہ آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے اس لئے اچھے دنوں کا انتظار کریں چونکہ جو بھی کام اللہ تعالیٰ کی مرضی اور رضا سے ہوگا تو وہ ہمیشہ زیادہ بہتر ہوگا۔ اور ہمیں خوشیوں کی طرف لے جائے گا۔ اگر ہمیں سب کچھ مل جائے تو اللہ کا شکر بجا لائیں۔
 زندگی زندہ دلی کا نام ہے۔ ہمت، جوش، حوصلہ، ہلچل، چیلنج وغیرہ یہ سب زندگی کی نشانی ہے جو لوگ ہر لمحہ خوشی سے جیتے ہیں۔ زندگی کے خطرات کو چیلنج سمجھ کر سامنا کرتے ہیں۔ انہیں خطروں سے کھیلتے ہوئے اطمینان اور خوشی محسوس ہوتی ہے اس کے بر خلاف بزدل لوگ روزانہ کئی بار مرتے ہیں۔ اگر انسان یہ سوچ لے کہ اسے ایک نہ ایک دن اس دنیا سے جانا ہے تو وہ کھل کر جئے گا۔ موت آنے سے پہلے زندگی کی خوبصورت نعمتوں سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔ زندہ دلی کا مطلب یہ ہے کہ دل کا زندہ ہونا خوش مزاجی اور ہمت سے مسائل کا ڈٹ کا مقابلہ کرنا۔ مایوسی میں بھی مسکراتے رہنا، دوسروں کو ہنستے، ہنساتے رہنا وہی انسان زندگی میں ہمیشہ خوش رہتا ہے جو اپنی زندگی کو کھل کر جیتا ہے وہ سکھ، دکھ، امیدی اور ناامید کو اپنے اوپر اثر انداز ہونے نہیں دیتا۔ آج کل روزمرہ کی زندگی میں کتنے لوگ ہمارے رابطے میں آتے ہیں ان میں چند لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے مثبت انداز سے اور زندہ دلی سے ہم پر اپنا گہرا اثر چھوڑ جاتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں خوش دلی سے اور اچھا جینے کے لئے زندہ دلی سے جینا ہوگا تب کہیں جا کر ہماری زندگی حسین بن سکتی ہے۔ اس لئے کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ: زندگی زندہ دلی کا نام ہے/ مردہ دل کیا خاک جیا کرتے ہیں!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK