Inquilab Logo

ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ایئر ٹریفک کنٹرول اور لینگویج شعبہ میں بڑی بھرتی

Updated: January 10, 2023, 10:54 AM IST | Salim Alware | MUMBAI

چارمختلف زمروں کے لئے کسی بھی مضمون میں پوسٹ گریجویٹس /سائنس / انجینئرنگ گریجویٹس اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں،یہ ملازمتیں مرکزی سرکار کے زمرے میں آتی ہیں اور بہترین تنخواہ اور سہولتوں سے آراستہ ہیں

Airport Authority of India; Photo: INN
ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا; تصویر:آئی این این

 ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا حکومت ہند کا پبلک سیکٹر ادارہ ہے جس کی تشکیل پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت ہوئی تھی۔ سول ایوی ایشن انفرااسٹرکچر کی تعمیر دیکھ بھال ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیاکے ذمہ ہے۔ ہوائی جہاز کو ایئر پورٹ پر پارک کرانے کی بات ہویا دورانِ پرواز اسے سگنل یا ہدایت دینے کی بات ہو یہ ساری ذمہ داری بھی ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا(اے اے آئی) کو سونپی گئی ہے۔ دوران اُڑان ہوائی جہاز کو ہدایت اور اسے کنٹرول میں رکھنے کے لئے سگنل ، لینڈنگ اور اُڑان تمام کاموں کے لئے شعبہ ایئر ٹریفک کنٹرول  بنایا گیا ہے۔اس کے دفتر ملک کے تمام میٹروپولیٹن  شہروں اور تمام ایئر پورٹس پربنے ہوئے ہیں اور یہ ہوائی جہاز کی آمد و رفت کے معاملے میں لمحہ لمحہ نظر رکھتے  ہیں تاکہ ایئر ٹریفک کا پورا نظام طے شدہ سسٹم کے مطابق چلےاور کسی بھی قسم کے چھوٹے بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
  ہمارے نوجو انوں کی اطلاع کے لئے مزید عرض کردیں کہ ایئرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کو ’منی رتن کٹیگری‘ میں کٹیگری ـ1 ‘اسٹیٹس دیا گیا ہے کل ۱۳۷؍ ایئر پورٹس کا مینجمنٹ( جس میں ۲۴؍ بین الاقوامی ایئر پورٹس شامل ہے) ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا سنبھالتی ہے۔ ایئر کارگو درآمد برآمد، کوریئر سروس اور ٹرانشپمنٹ کے لئے سہولتیں فراہم کرنا بھی اے اے آئی کی ذمہ داری ہے۔
  اس وقت ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نئی دہلی کےصدر دفتر سے ایک نوٹیفکیشن08/2022 جاری کیا ہے اور اس کے توسط سے آفیشیل لینگویج(دفتری زبان) کے شعبہ اور ایئر ٹریفک کنٹرل( اے ٹی سی) کے لئے مختلف اسامیوں کی بھرتی کے لئے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔  مکمل تفصیلات درج ذیل میں دی جا رہی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہمارے اہل امیدوار ملازمتوں کے اس بہترین موقع سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ یاد رہے امیدوار اہلیت کی بنیاد پر ایک سے زیادہ پوسٹ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ہر درخواست علاحدہ  سے کریں۔
موقع کیا ہے؟
  ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ایئر ٹریفک (اے ٹی سی) اور لینگویج شعبہ میں ملازمت کا موقع
پوسٹ کوڈ، اسامی کا نام، تعداد
 پوسٹ کوڈ(۱): منیجر(آفیشیل لینگویج):۲؍اسامیاں۔ ہندی یا انگریزی میں پوسٹ گریجویشن کامیاب امیدوار جن کا انگریزی یا ہندی مضمون رہا ہو(گریجویٹ لیول پر)۔ یا کسی بھی مضمون میں پوسٹ گریجویشن مگر ہندی یا انگریزی مضمون لازمی رہاہو۔
پوسٹ کوڈ(۲): جونیئر ایگزیکٹیو(ایئر ٹریفک کنٹرول): ۳۵۶؍ اسامیاں۔ ۳؍ سالہ سائنس گریجویٹ( بی ایس سی)، فزکس اور میتھمیٹکس کے ساتھ یا انجینئرنگ گریجویٹس جن کے کسی بھی سیمسٹر کے نصاب میں فزکس او رمیتھمیٹکس نصاب شامل رہے ہوں۔
- امیدواروں کو انگریزی میں تحریر اور گفتگو دونوں میں انگلش میں مہارت ہو اور دسویں یا بارہویں میں انگریزی بطور مضمون لیا ہو۔
پوسٹ کوڈ(۳): جونیئر ایگزیکٹیو(آفیشیل لینگویج):۴ ؍ اسامیاں ۔ انگریزی یا ہندی میں پوسٹ گریجویٹ کامیاب امیدوار جنہوں نے گریجویشن لیول پر ہندی یا انگریزی بطور مضمون لیا ہو یا انجینئرنگ گریجویشن ( جن کا فزکس اورمیتھمیٹکس گریجویشن لیول کے کسی بھی سیمسٹر میں بطور نصاب شامل رہے ہوں)۔
پوسٹ کوڈ(۴): سینئر اسسٹنٹ(آفیشیل لینگویج): ہندی میں پوسٹ گریجویشن کرچکے امیدوار جنہوں نے گریجویشن لیول پر انگریزی بطور مضمون لیا ہو یا انگریزی میں پوسٹ گریجویشن کرچکے امیدوار جنہوں نے گریجویشن لیول پرہندی بطور مضمون لیا ہو۔ یا کسی بھی مضمون میں پوسٹ گریجویشن کامیاب امیدوار جن کا گریجویشن لیول پر ہندی یا انگریزی بطور لازمی؍ اختیاری مضامین رہے ہوں یا گریجویٹ لیول پر ہندی؍ انگریزی لازمی یا اختیاری مضمون رہے ہوں اور تعلیم ہندی یا انگریزی میڈیم سے ہوئی ہو یعنی تعلیم اگر ہندی میڈیم سے ہوئی ہے تو انگریزی مضمون لازمی؍ اختیاری رہا ہو اور تعلیم اگر انگلش میڈیم سے ہوئی ہے تو ہندی مضمون لازمی؍اختیاری رہا ہو یا کسی بھی مضامین میں ماسٹر ڈگری کامیاب رہے ہوں اور گریجویشن لیول پر میڈیم آف اسٹڈیز ہندی یا انگریزی رہا ہو۔ جن گریجویٹ لیول کے امیدواروں کو مدعو کیا گیا ہے ان کے پاس ہندی یا انگریزی کورس کا ڈپلوما؍ سرٹیفکیٹ ہو یادوسال کا ہندی سے انگریزی یا انگریزی سے ہندی میں مترجم کا کسی بھی مرکزی ؍ریاستی دفتر میں یا کسی سرکاری انڈر ٹیکنگ کمپنی میں کام کا تجربہ رہا ہو۔
عمر کی حد
 برائے سینئر اسسٹنٹ: عمر کی اوپری حد میں ۳۰؍سال(۲؍جنوری ۲۰۲۳ ءکو)
 برائے جونیئر ایگزیکٹیو:عمر کی اوپری حد ۲۷؍سال(۲۱؍جنوری ۲۰۲۳ءکو)
برائے منیجر:عمر کی اوپری حد۳۲؍سال(۲۱؍جنوری ۲۰۲۳کو)
نوٹ:عمر کی اوپری حد میں ایس ٹی ایس سی امیدواروں کو ۵؍ سال، اوبی سی امیدواروں کو ۳؍ سال، معذوروں کو ۱۰؍سال اور ایکس سروس مین کو ضابطے کے مطابق رعایت ہوگی۔ معاشی کمزور طبقات کے لئے ۱۰؍ فیصد نشستیں مختص ہیں۔
تنخواہ کا اسکیل
منیجر لیولE-3۔۶۰؍ہزار تا ایک لاکھ ۸۰؍ہزار روپےماہانہ
جونیئر ایگزیکٹیو لیولE-1 ۔۴۰؍ہزار تا ایک لاکھ ۴۰؍ہزار روپے ماہانہ
سینئر اسسٹنٹ لیولNE-6۔۳۶؍ہزار تا ایک لاکھ ۱۰؍ہزار روپے ماہانہ
 بیسک تنخواہ کے علاوہ مہنگائی الاؤنس،پرکس(۳۵؍فیصد)، ہاؤس رینٹ الاؤنس، سی پی ایف گریجویٹی، سوشیل سیکوریٹی اسکیم کے فوائد، میڈیکل فوائد و دیگر(اےاے آئی)کے ضابطے کے مطابق۔
 مجموعی طور پر سالانہ’سی ٹی سی‘ برائے منیجر تقریباً ۱۸؍لاکھ روپے ، تقریباً۱۲؍لاکھ روپے او ربرائے سینئر اسسٹنٹ تقریباً ۱۱؍لاکھ ۔
بھرتی کا طریقۂ کار
قابلیت اور اہلیت کے عین مطابق پُر کی ہوئی درخواست گزاروں کو آن لائن ایگزامینیشن کے لئے بلایا جائےگا۔
آن لائن ایگزامینیشن کے لئے امیدواروں کے رجسٹرڈ ای میل آئی پر ایڈمٹ کارڈ روانہ کئے جائیں گے۔
آن لائن امتحان میں منفی مارکس کا سسٹم نہیں ہوگا۔
جونیئر ایگزیکٹیو(برائے ایئر ٹریفک کنٹرول) کے لئے ایگزامینیشن کوالیفائی کئے ہوئے امیدواروں کو سرٹیفکیٹ کی تصدیق، وائس ٹیسٹ اور ڈرگ ڈاپ ٹیسٹ کے لئے طلب کیا جائےگا۔ میرٹ لسٹ کے اعلان سے قبل امیدواروں کا سابقہ ریکارڈ بھی جانچا جائےگا۔
منیجر(آفیشیل لینگویج) کے لئے امیدواروں کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق اور انٹرویو ہوگا۔
انٹرویو، ٹیسٹ، سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لئے آتے وقت امیدواروں کو تمام اوریجنل سرٹیفکیٹ و اسناد ساتھ لانا ہے۔
درخواست کیسے دیں؟
درخواست صرف اور صرف آن لائن دینا ہے۔
امیدوار سب سے پہلے ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا(اے اے آئی) کی ویب سائٹwww.aai.aero پر کریئرس کلک کریں۔
nنوٹیفکیشن کا باریکی سے مطالعہ کریں اور اپنی تعلیمی لیاقت کے مطابق پوسٹ کے لئے آن لائن اپلائی کریں۔
امیدواروں کے اس اپنا ای میل آئی ڈی اور موبائل نمبر ہونا لازمی ہے۔ ریکروٹمنٹ پروسیس کے پورے عرصے میں یہ ایکٹیو رہیں تاکہ کوئی جانکاری یا معلومات آپ تک پہنچتی رہی۔
امیدوار آن لائن درخواست فارم پُر کرتے وقت اپنی ذاتی معلومات بالکل صحیح ڈھنگ سے پُر کریں۔
تاریخ پیدائش دسویں یا بارہویں کے سرٹیفکیٹ کے عین مطابق لکھیں۔
تصویر ۳؍ ماہ سے زیادہ پرانی نہ ہو۔ فوٹو گراف ۲۰ ؍تا ۵۰ ؍کے بی سائز میں اسکین کرکے اَپ لوڈ کریں۔
دستخط کی امیج کے لئے سفید کاغذ اور کالی پین کا استعمال کریں۔ اس کی سائز ۱۰ ؍تا ۲۰ ؍کی بی کے درمیان ہو۔
امیدواروں کو ایک ہزار  روپے بطور درخواست فیس ادا کرنا ہے۔ ایس ٹی ایس سی،معذور اور خواتین امیدواروں کو فیس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
فیس پیمنٹ گیٹ وے کے ذریعے انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے ادا کرنی ہے۔
کیا آپ کو  نوٹیفکیشن کی پی ڈی ایف چاہئے؟ 
  امیدوار کالم نگار کے وہاٹس ایپ نمبر7738706130  پرAAI میسیج(واٹس ایپ) کریں۔ انہیں مذکورہ بھرتی نوٹیفکیشن کی پی ڈی ایف  فائل بھیج دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK