Inquilab Logo

کتب بینی کے کئی فوائد؛ بچّوں میں اس کا شوق پیدا کریں

Updated: August 02, 2022, 11:34 AM IST | Odhani Desck | Mumbai

بچوں کو کتابیں پڑھانا تو اتنا مشکل کام نہیں، لیکن کتابوں سے محبت سکھانا والدین، خاص طور پر ماؤں کیلئے محنت طلب کام ضرور ہے۔ کتابوں سے محبّت پیدا کی جاسکتی ہے اگر مائیں بچوں کو کتب بینی کے فوائد بتائیں۔ پہلا قدم یہ ہوگا کہ اپنے گھر میں دلچسپ کتابوں کو اکٹھا کریں

Anything becomes a habit when it is done daily and consistently.Picture:INN
کسی بھی چیز کی عادت اسی وقت ہوتی ہے جب اسے روزانہ اور مسلسل کیا جائے چنانچہ روزانہ کتاب پڑھنے کا معمول بنائیں۔ تصویر: آئی این این

بچّوں میں مطالعے کے شوق یعنی کتب بینی کو نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی کامیابی سے جوڑا جاتا ہے۔ بچوں کو کتابیں پڑھانا تو اتنا مشکل کام نہیں، لیکن کتابوں سے محبت سکھانا ایک والدین، خاص طور پر ماؤں کیلئے محنت طلب کام ضرور ہے۔ ماہرین کے مطابق، درج ذیل طریقوں پر عمل پیرا ہوکر آپ اپنے بچوں میں کتب بینی کی عادت پیدا کرسکتے ہیں:
گھر میں کتب خانہ
 گھر میں بھلے چھوٹا سا ہی سہی مگر ایک کتب خانہ ہونا ضروری ہے کیونکہ یہ بچوںکومطالعے کا شوقین بنانے میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گھر میں موجود کتابوں کی تعداد اور بچوں کی مجموعی تعلیمی قابلیت کے درمیان ایک مضبوط تعلق ہے۔ وہ والدین جو گھر میں زیادہ تعداد میں کتابیں رکھتے ہیں اس حوالے سے زیادہ فائدے میں رہتے ہیں۔ ایسا اس لیے ہے روزانہ کی بنیاد پر کتابوں سے تعلق انہیں اس کا عادی بنا دیتا ہے۔
خود کتابیں پڑھیں
 بچوں میں مطالعے کا شوق پروان چڑھانے کا بہترین طریقہ بچوں کے سامنے خود کتابیں پڑھنا ہے۔ بچوں کے سامنے کتابیں پڑھیں۔ اس طرح بچے کے اندر بھی کتاب پڑھنے کا شوق پیدا ہوگا۔ مائیں روزانہ کتابیں پڑھیں تاکہ بچہ غیر محسوس طریقے سے اس جانب راغب ہوسکے۔
کتابیں پڑھ کر سنائیں
 کتابیں پڑھنے کو ایک تفریحی گروہی سرگرمی بنانے کے بھی اپنے فوائد ہیں۔ گروپ میں اگر باآواز کتاب پڑھی جائے تو بچے الفاظ کا صحیح تلفظ بھی سیکھتے ہیں اور اس سے ان کی پڑھنے کی روانی بھی بہتر ہوتی ہے۔جب وہ تھوڑے بڑے ہوجائیں تو ان سے کہیں کہ وہ آپ کو کتابیں پڑھ کر سنائیں اور ایسا کرتے ہوئے اگر وہ الفاظ کی کوئی غلطی کردیں تو انہیں ڈانٹنے کے بجائے نہایت تحمل سے ان کی درستگی کریں، کہیں وہ اپنا اعتماد نہ کھو بیٹھیں۔ اس سرگرمی سے بچوں کے تلفظ اور ریڈنگ میں بہتری بھی آتی ہے نیز بچّے کی زبان بھی بہتر ہوتی ہے۔
دلچسپ انداز اپنائیں
 اگر آپ اپنے بچے کو مطالعے کے عادی بنا رہے ہیں تو انہیں کتابیں کافی مزیدار محسوس ہونے لگیں گی۔ مگر پھر بھی انہیں یہ معلوم نہیں ہوگا کہ دنیا میں کس کس طرح کے موضوعات پر کتابیں پائی جاتی ہیں۔ چنانچہ جب کبھی بھی آپ باہر جائیں اور آپ کا بچہ آپ سے چیزوں کے بارے میں سوال کرے تو آپ ان سوالات کو نوٹ کرلیں۔ اس کے بعد آپ ۲؍ کام کرسکتے ہیں۔ آسان طریقہ تو یہ ہے کہ خود پڑھ کر اس سوال کا جواب بچوں کو دے دیا جائے، مگر زیادہ اثرانگیز طریقہ جو بچوں کو کتاب سے محبت سکھائے گا وہ یہ ہے کہ بچوں کے پسندیدہ موضوعات سے تعلق رکھنے والی کتابوں کا تحفہ مہینے میں ایک بار ضرور دیجئے۔
کون سا نیا لفظ سیکھا؟
 مائیں روزانہ بچّوں سے کتاب پڑھنے کے بعد پوچھیں کہ آج کون سا نیا لفظ سیکھا؟ اس طرح ان کے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہوگا۔ آپ انہیں نئے لفظ کے معنی اور استعمال کرنے کے بارے میں لکھنے کے لئے بھی کہہ سکتی ہیں۔ اس طرح بچے میں کتب بینی میں دلچسپی پیدا ہوگی۔
مطالعے کو عادت بنالیں
 دیگر کئی صحت بخش چیزوں اور کھیل کی سرگرمیوں کی طرح کُتب بینی کا شوق بھی بچوں کی عادت میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ بحیثیت والدین آپ روزانہ مطالعے کے لئے وقت مخصوص کرسکتے ہیں۔ کیونکہ کسی بھی چیز کی عادت اسی وقت ہوتی ہے جب اسے روزانہ اور مسلسل کیا جائے، چنانچہ کوشش کریں کہ آپ کسی بھی دن بلا ناغہ چاہے آپ کتنے ہی مصروف کیوں نہ ہوں اس کو عادت کو بچوںمیں پروان چڑھائیں۔
مطالعے سے حاصل ہونے والے فوائد
ز دن میں ۱۵؍ منٹ کا مطالعہ بچوں کے ذخیرہ الفاظ میں سالانہ دس لاکھ سے زائد الفاظ کا اضافہ کرسکتا ہے۔
ز آمنے سامنے بیٹھ کر مطالعہ کرنے والے بچوں کا آئی کیو لیول دوسرے بچوں کی نسبت ۶؍ پوائنٹ زیادہ ہوتا ہے۔
ز بنیادی تعلیم حاصل نہ کرنے والے بچوں میں اسکول سے بھاگنے کی شرح مطالعہ کرنے والے بچوں کی نسبت تین سے چار گنا زیادہ ہوتی ہے۔
ز امریکی محکمہ تعلیم کے ایک سروے کے مطابق، مطالعہ کرنے والے بچوں میں اعتماد، یادداشت اور قائدانہ صلاحیتیں زیادہ ہوتی ہیں۔
 ایک تحقیق کے مطابق، باقاعدگی سے کتب بینی کرنے والے افراد نہ صرف روزانہ کوئی نہ کوئی نئی بات سیکھتے ہیں بلکہ ان کی معلومات اور ذہانت کا معیار بھی دیگر افراد کی نسبت بہتر ہوتا ہے۔
 مائیں اپنے بچوں کو کتب بینی کی جانب راغب کرنے کے لئے انہیں اس کے فائدے بھی ضرور بتائیں۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK