Inquilab Logo

خون میں  وٹامن ڈی کی کمی پر کئی امراض کی پیشگوئی ممکن

Updated: September 15, 2020, 8:43 AM IST | Agency

ایک نئی تحقیق کے ذریعہ ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ خون میںوٹامن ڈی کی کمی ہونے پر کئی امراض کی پیشگوئی ممکن

Vitamin D - PIC : INN
وٹامن ڈی ۔ تصویر : آئی این این

ایک نئی تحقیق کے ذریعہ ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ خون میں وٹامن ڈی کی کمی ہونے پر کئی امراض کی پیشگوئی ممکن ہے۔ خاص طور پر بزرگ افراد کے مختلف امراض کے شکار ہونے کی پیشگوئی اور سنگین کیفیت کا اندازہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ بلجیم کی لیووِن یونیورسٹی کے ڈاکٹر لین اینٹونیو نے یورپی سائنسدانوں کے اشتراک سے ایک مطالعہ کیا ہے جس میں خون میں تیرتے ہوئے وٹامن ڈی کے آزادانہ اجزا کی بنیاد پر مستقبل میں صحت کے مسائل، امراض کے خدشات اور موت تک کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹر لین نے یہ تحقیق ’یورپین کانگریس فار اینڈوکرائنولوجی‘ کے ۲۲؍ویں اجلاس میں پیش کی ہیں۔ وٹامن ڈی مضبوط ہڈیوں کی اہم وجہ ہے۔ ساتھ ہی یہ کئی بیماریوں اور انفیکشن سے بھی بچاتا ہے۔ وٹامن ڈی کی کمی اس وقت عالمی مسئلہ بن چکی ہے اور تقریباًایک ارب افراد میں وٹامن ڈی کی کمی ہے جو ان کے خون کے نمونوں میں دیکھی جاسکتی ہے۔ ہمارے جسم میں وٹامن ڈی کی کئی اقسام ہوتی ہیں جنہیں میٹابولائٹس کہا جاتا ہے۔ اسی بنا پر لوگوں کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی بیشی نوٹ کی جاتی ہے۔ انسانی جسم ایک طرح کی قبل از ہارمون قسم یعنی۲۵؍ ڈائی ہائیڈروکسی وٹامن ڈی سے۱۲۵؍ ڈائی ہائیڈروکسی وٹامن ڈی کی مدد سے وٹامن ڈی بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہی جسم میں اس وٹامن کی سب سے مؤثر قسم بھی ہے۔ تاہم، انسانی جسم میں وٹامن ڈی کے۹۹؍ فیصد میٹابولائٹس کسی نہ کسی پروٹٰین سے جڑے ہوتے ہیں اور اس کی بہت کم مقدار ہی حیاتیاتی طور پر سرگرم ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خون میں اس کی آزادانہ اور سرگرم مقدار صحت اور بیماریوں کی پیش بینی بہت اچھی طرح کرسکتی ہے۔ سروے کے لئے ڈاکٹر اینٹونیو اور ان کے ساتھیوں نے۲۰۰۳ء سے۲۰۰۵ء کے دوران۱۹۷۰ ؍افراد کا جائزہ لیا جن کی عمر۴۰؍ سے۷۹؍برس تھی۔ ماہرین نے خون میں وٹامن ڈی کی مقدار اور صحت کے احوال کے ساتھ ساتھ ،عمر، طرزِ زندگی اور غذا کو بھی نوٹ کیا۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ وٹامن ڈی کی کمی آگے زندگی میں لاحق ہونے والی کئی بیماریوں کی خبر دے سکتی ہے۔  اگر وٹامن ڈی کے دونوں میٹابولائٹس کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے تو کئی بیماریوں کاپتہ چل سکتا ہے۔

tech news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK