Inquilab Logo

آرمی نائیک کی بیوہ جیوتی نینوال ’اوٹی اے‘ سےگریجویشن مکمل کرکےآرمی افسربن گئی

Updated: November 23, 2021, 2:07 PM IST | Agency

ہندوستانی فوج کے شہید  نائیک دیپک نینوال کی بیوہ جیوتی نینوال آفیسرس ٹریننگ اکیڈمی چنئی سے اپنا گریجویشن مکمل کرکے فوجی افسر بن گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے آنجہانی شوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔

Officer Jyoti Nainwal with her children.Picture:PTI
آفیسر جیوتی نینوال اپنے بچوں کے ساتھ تصویر: پی ٹی آئی

 ہندوستانی فوج کے شہید  نائیک دیپک نینوال کی بیوہ جیوتی نینوال آفیسرس ٹریننگ اکیڈمی چنئی سے اپنا گریجویشن مکمل کرکے فوجی افسر بن گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے آنجہانی شوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ گریجویشن کی تقریب گزشتہ دنوں چنئی میں منعقد کی گئی تھی جس میں  ۹؍سالہ لاونیا ، ۷؍ سالہ ریانش    نے اپنی والدہ کو افسر کاتمغہ حاصل کرتے ہوئے دیکھا۔  جیوتی نینوال نے بتایا کہ میرے شوہر کے گزرجانے کے بعد میری دنیا ہی اجڑگئی تھی۔ یہ ۱۱؍ اپریل  ۲۰۱۸ء کا وہ دن ہمارے لئے دکھ اور صدمہ بھرا ثابت ہوا تھا جب مجھے یہ دکھ بھری خبر ملی کہ میرے شوہر جو راشٹریہ رائفلز بٹالین کا حصہ تھے، وہ جموں کشمیر میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک مڈبھیڑ میں وطن کی حفاظت کرتے ہوئے زخمی ہوگئے ہیں۔ وہ تقریباً ۴۰؍  روز تک زیر علاج رہے لیکن  زخموں کی تاب نہ لاکر زندگی کی جنگ ہارگئے۔ اس دکھ کی گھڑی میں میری والدہ نے میرا حوصلہ بڑھایا تھا اور کہا تھا کہ ’’ تمہاری زندگی تمہارے بچوں کے لئے قیمتی ہے، اب تمہیں ہی انہیں  سنبھالنا  ہوگا۔ اس لئے تمہیں اس دکھ سے سنبھل کر کھڑے ہونا ہوگا تاکہ تمہارے بچوں کو بھی حوصلہ ملے ۔ ‘‘ دہرادون کی رہنے والی جیوتی نینوال شادی کے بعد خاتون خانہ ہوگئی تھیں لیکن شوہر کی موت کے بعد اپنی والد ہ کے مشورے پر انہوں نے انڈین آرمی میںشمولیت کا قصد کیا۔ تب جیوتی کو یہ بھی علم نہیں تھا کہ شمولیت کا یہ عمل کیسے ہوتا ہے اور سروس سلیکشن بورڈ انٹرویو کیا ہوتا ہے۔ دیپک کی پیرینٹ کمپنی ’ون مہار ریجمنٹ‘ کے بریگیڈیئر چیما اور کرنل ایم پی سنگھ کو جب علم ہوا کہ شہید دیپک کی بیوہ فوج میں شمولیت کا ارادہ رکھتی ہیں تو انہوں نے جیوتی کی رہنمائی کی۔  جیوتی نے بتایا کہ میری انگریزی بھی کچھ خاص نہیں تھی، اب تک گھریلو ذمہ داریوں میںمصروف رہتی تھی اس لئے مجھے کافی تیاری کرنی پڑی۔ بریگیڈیئر چیما نے مجھے کتابیں اور ناول دئیے اور پھر ان کے سلسلہ وار مطالعے کے بعد وہ مجھ سے سوالات کرتے ۔ اس طرح میری انگریزی بہتر ہوئی۔  اس کے بعد جیوتی نے شہید فوجی اہلکاروں و افسروں کی بیواؤں کی فوج میں شمولیت کی اسکیم کے ذریعہ سروس سلیکشن بورڈ  ایگزام دیا اور اس میں کامیابی کے بعد وہ ۱۱؍ماہ کی ٹریننگ کے لئے منتخب کی گئیں ۔ جیوتی نے اس تربیتی کورس میں پوری دلچسپی اور لگن کا مظاہرہ کیا اور اب و ہ فوجی افسر بن گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK