Inquilab Logo

رمضان میں گھر میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا اسنیک مع مختصر ترکیب

Updated: March 30, 2023, 1:06 PM IST | Saima Shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں۔

Different types of dishes are prepared in Iftar, but there is definitely one dish that everyone likes.
افطار میں مختلف قسم کے پکوان تیار کئے جاتے ہیں البتہ ایک پکوان ایسا ضرور ہوتا ہے جو سب کی پسند کا ہوتا ہے

بریڈ رس ملائی


رمضان ہو اور پکوان کی بات نہ ہو تو بات ادھوری سی لگتی ہے۔ سارا دن روزہ رہنے کے بعد روزے دار کو افطار میں اپنی پسند کا اسنیک چاہئے ہوتا ہے۔ بھجیاں، چنا، رگڑا وغیرہ ہر گھر میں بنتا ہے۔ چونکہ میرے بچے میٹھا زیادہ پسند کرتے ہیں اس لئے مَیں ان کے لئے بریڈ رس ملائی بناتی ہوں۔ اسے بنانا بے حد آسان ہوتا ہے اور انتہائی کم وقت میں تیار ہو جاتا ہے۔ 
بریڈ رس ملائی بنانے کا طریقہ
 ایک برتن میں دودھ کی چاشنی تیار کرلیں۔ اس میں زعفران یا زرد رنگ ڈال دیں۔ کاجو، پستہ اور بادام باریک باریک کاٹ کر چاشنی میں ملا دیں۔ بریڈ کو گول یا اپنی پسند کے شیپ میں کاٹ کر رکھ لیں۔ افطار کے پانچ یا دس منٹ پہلے پھیلے ہوئے برتن میں بریڈ کو رکھیں۔ اس پر چاشنی ڈال دیں لذیذ بریڈ رس ملائی کھانے کے لئے تیار ہے۔
ہما انصاری (مولوی گنج، لکھنؤ)
   پودینہ، آلو، پیاز اور پنیر کی پکوڑیاں


رمضان وہ مبارک مہینہ ہے جس کا انتظار شدت کے ساتھ شابان کے مہینے سے ہی کیا جاتا ہے۔ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں، برکتوں اور نعمتوں کی بارش کرتا ہے۔ دسترخوان سجا رہتا ہے۔ طرح کی چیزیں بنائی جاتی ہیں۔  رمضان میں جو میرا خاص اسنیک ہے جو سب کو پسند ہے وہ ہے آلو پیاز، پنیر اور پودینے کی پکوڑیاں جس کی مختصر ترکیب حسب ذیل ہے:
 پودینہ ایک گڈی باریک کٹا ہوا، پیاز دو عدد کٹی ہوئی، ایک بڑا آلو کدو کش کیا ہوا، چار ہری مرچ باریک کٹی ہوئی، ۵۰؍ گرام پنیر کدوکش کیا ہوا، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چمچہ، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چٹکی، نمک اور لال مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ، ایک کپ بیسن اور حسب ضرورت تیل۔ تیل کو چھوڑ کر باقی چیزوں کا آمیزہ تیار کر کے چھوٹی چھوٹی پکوڑیاں تیل میں تل کر نکال لیں اور سوس کے ساتھ شوق سے تناول فرمائیں۔
نجمہ طلعت (جمال پور، علی گڑھ)
چکن کٹلیٹ 


رمضان المبارک میں میری کوشش ہوتی ہے کہ گھر ہی میں افطاری کا اہتمام کروں اور مَیں روزانہ صرف ایک یا دو پکوان ہی بناتی ہوں کیونکہ زیادہ تکلف کرنا وقت کا ضیاع ہے اور صحت کیلئے بھی نقصاندہ ہے۔ میرے گھر میں چکن کٹلیٹ سبھی کو بہت پسند آتے ہیں۔ اس کی ترکیب: چکن کا قیمہ ایک پاؤ، پاؤ دو عدد، ادرک لہسن اور ہری مرچوں کا پیسٹ ایک چمچہ، لال مرچ پاؤڈر اور نمک حسب ِ ذائقہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چمچہ، انڈے ۲؍ عدد، کٹا ہوا ہرا دھنیا ایک پیالی، بریڈ کرمز حسب ِ ضرورت۔ قیمہ میں سارے مسالے ڈال دیں۔ دونوں پاؤ کو پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں اور قیمے میں شامل کرکے اچھی طرح ملا دیں۔ پھر قیمے کی ٹکیاں بنا لیں۔ انڈوں میں ذرا سا نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔ اب ٹکیوں کو پہلے بریڈ کرمز میں لپیٹیں پھر انڈے لگا کر دھیمی آنچ پر سنہرا ہونے تک تل لیں۔ کیچپ یا ہری چٹنی کیساتھ گرما گرم نوش فرمائیں۔
رضوی نگار (اندھیری، ممبئی)

کارن پکوڑے


ویسے تو کافی چیزیں ہیں جو بہت پسند کی جاتی ہیں البتہ ’’کارن پکوڑے‘‘ سب کا پسندیدہ اسنیک ہے۔ یہ تقریباً ۵؍ سال پہلے میں نے مهابلیشور میں کھائے تھے۔ ایک تو موسم بہت خوبصورت تھا ہلکی ہلکی بارش تھی اور ساتھ میں اتنے مزے کے پکوڑے، دونوں کا مزہ دوبالا ہو گیا تھا۔ واپس آ کر جب میں نے اس کو گھر میں بنایا تو ہر فرد کو بڑے پسند آئے اور بنانا بھی بہت آسان ہے۔ طریقہ: بیسن میں کارن،پالک،پیاز،ہری دھنیا،ہری مرچ سب باریک کٹی ہوئی (پیاز اور پالک تھوڑی لیں تاکہ کارن کا مزہ برقرار رہے)، لال مرچ،بھنا زیرہ، بھنی دھنیا ( باریک کٹی ہوئی)، چاٹ مسالہ اورگرم مسالہ چٹکی بھر، نمک حسب ِ ذائقہ سب اشیاء کو اتنے پانی میں ملا لیں کہ بہت پتلا نہ ہو اور سب آپس میں لپٹ جائیں۔ تیل گرم کر کے اس میں تل کے کرارے پکوڑے ہری چٹنی کے ساتھ سب كو کھلائیں اور تعریف وصول کریں۔n
فرح حیدر (اندرا نگر،لکھنؤ)
آلو پیاز کی پکوڑیاں 


یوں تو رمضان میں کئی قسم کے اسنیکس بنتے ہیں جن کے لئے بالخصوص رمضان کا انتظار رہتا ہے لیکن ان سب کے درمیان آلو پیاز کی پکوڑیاں ایسا اسنیک ہے جسے افطاری میں تقریباً روزانہ ہونا ضروری ہے۔ یوں سمجھیں اس کے بغیر افطاری نا مکمل سی لگتی ہے اور اسے بنانا بھی انتہائی آسان ہے۔
پکوڑیاں بنانے کا بہت سادہ سا طریقہ ہے:
 آلو پیاز کو باریک باریک کاٹ لیں اور کوئی سبزی چاہیں تو شامل کرلیں۔ پھر اس میں نمک، مرچ، زیرہ، اجوائن اور بیسن ڈال کر گاڑھا سا آمیزہ بنالیں۔
 پکوڑے کو کرارے دار بنانے کے لئے چاول کا آٹا بھی ڈالا جاسکتا ہے اور پھر تیل گرم کرکے درمیانی آنچ پر چھوٹی چھوٹی پکوڑیاں بناکر تیل میں تل لیں اور چٹنی کے ساتھ پکوڑیوں کے مزے لیں۔
سحر جوکھن پوری (جوکھن پور، بریلی)
آلو کے پکوڑے


ویسے تو بہت سارے اسنیکس ہیں جو افطار کے لئے کافی پسند کئے جاتے ہیں۔ لیکن آلو کے پکوڑے ہمارے گھر میں کافی پسند کئے جاتے ہیں۔ اور اسے بنانے کا طریقہ بھی کافی آسان ہے۔ سب سے پہلے پیالے میں ایک چھوٹی پیالی بیسن لیں۔ اس کے بعد اس میں ایک چھوٹا چمچہ پسی ہوئی ہری مرچ کے ساتھ ہی تھوڑا سا لہسن بھی لیں، تھوڑی سی ہلدی اور آدھا چھوٹا چمچہ زیرہ حسب ِ ذائقہ نمک ملا کر پانی سے اس کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔ بیسن کو بہت زیادہ پتلا نہیں کریں۔ اس کے بعد ایک چھیلا ہوا آلو لیں اور اس کو گول اور پتلا پتلا کاٹ لیں۔
 اب چولہے پر ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور کٹا ہوا آلو بیسن میں لپیٹ کر کڑاہی میں ڈالتے جائیں اور فرائی ہونے کے بعد اسے نکال لیں۔ اب آپ کے سامنے گرما گرم پکوڑے تیار ہیں۔ لال مرچ اور ٹماٹر کی چٹنی کے ساتھ یہ اور مزے کے لگتے ہیں۔
سارہ فیصل (مئو، یوپی)
آلو اور چکن کا اسنیک


رمضان المبارک کو برکتوں والا مہینہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس مہینے میں خواتین کی اعلیٰ ظرفی قابل تعریف ہوتی ہے جن کا شمار بظاہر تو نازک اندام اور کمزوروں میں ہوتا ہے مگر یہی خواتین خود روزہ رکھ کر گھر کے مکینوں کیلئے سحری و افطاری کا انتظام دلجمعی سے کرتی ہے۔ خود میں نے مختلف پکوان کی تیاری کی ہے جس میں آلو اور چکن کے اسنیک کافی مزے دار بنتے ہیں، اس کا بنانے کا طریقہ ہے: سب سے پہلے آدھا کلو چکن اُبال کر خشک کر لیں اور ریشہ ریشہ الگ کرلیں اور پاؤ کلو آلو ابال کر میش کرلیں۔ چکن اور آلو کو ملالیں۔ اس میں کالی مرچ پاؤڈر، ریڈ چلی فلیکس، کارن فلور ایک ایک چھوٹا چمچہ، ریڈ چلی سوس اور نمک، دو عدد پیاز باریک کٹی ہوئی،ایک پیالہ ہرا دھنیا، ان تمام آمیزے کو ملا کر کباب کی شکل دیں۔ اس کے بعد پھینٹے ہوئے انڈے میں لپیٹ کر بریڈ کے چورے میں لپیٹ کر تل لیں۔ چٹنی کے ساتھ گرما گرم پیش کریں۔n
رحمانی کاشفہ عرفان احمد (مالیگاؤں، مہاراشٹر)
دہی بڑے چاٹ


افطار کا دسترخوان کئی چیزوں سے سجا ہوتا ہے۔ مَیں کئی پکوان تیار کرتی ہوں، البتہ دہی بڑے چاٹ میرے گھر والوں کا پسندیدہ اسنیک ہے۔ ترکیب بہت آسان ہے، ذیل میں ملاحظہ فرمائیں:۲۵۰؍ گرام چھلکے والی مونگ دال کو ۳؍ گھنٹے کیلئے بھگو دیں۔ پانی پیسنے بھر کا رکھیں۔ اسی دال میں ایک چمچہ نمک، ۴؍ ہری مرچ اور ۲؍ انچ کا ادرک کا ٹکڑا کے ساتھ پیس لیں۔ اب دال کو خوب پھینٹیں کہ وہ ہلکی ہو جائے پھر پکوڑے کی طرح سے چھوٹے سائز میں تل لیں۔ دہی ایک کلو میں ۱۰۰؍ گرام شکر ملاکر پیس لیں۔ ہری چٹنی کیلئے ہری مرچوں نمک لہسن ہرا دھنیا کو پیس لیں۔ میٹھی چٹنی کیلئے ۵۰؍ گرا م املی ۱۰۰؍ گرام گڑ اُبال لیں، پھر چھان کر اُس میں لال مرچ، کا لانمک، چاٹ مسالہ، سونف اور زیرہ پاؤڈر ملالیں۔اب سبھی کو ایک ساتھ رکھیں۔ پلیٹ میں بڑے، میٹھی دہی، میٹھی چٹنی، ہری چٹنی اور آخر میں سیو ڈا ل کر پیش کریں۔
شاہدہ وارثیہ (وسئی، پال گھر)

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK