Inquilab Logo

ناگپورکے طالب علم نے تیسری کوشش میں سی ایس امتحان ٹاپ کرلیا

Updated: October 28, 2021, 1:06 PM IST | Agency

کہتے ہیں کہ کوشش کرنے والوں کی کبھی ہار نہیں ہوتی ہے ۔ کامٹی، ناگپور کے ایشان لویا نامی طالب علم نے اسے سچ کردکھایا ہے ۔ ایشان نے کمپنی سیکریٹری امتحان میں قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔

Ishan Loya, Topper of CS Exam (Old Curriculum).Picture:INN
سی ایس امتحان (پرانے نصاب) کے ٹاپر ایشان لویا ۔ تصویر: آئی این این

 کہتے ہیں کہ کوشش کرنے والوں کی کبھی ہار نہیں ہوتی ہے ۔ کامٹی، ناگپور کے ایشان لویا نامی طالب علم  نے اسے سچ کردکھایا ہے ۔  ایشان نے کمپنی سیکریٹری امتحان میں قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔  حالانکہ اس سے پہلے وہ مسلسل دوبار ناکام رہے تھے۔ لیکن ایشان نے ان ناکامیوں کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور کامیابی کے لئے مسلسل محنت کرتے رہے اور بالآخر اپنا ہدف حاصل کرکے ہی دَم لیا۔  تفصیلات کے مطابق سی ایس ٹاپر ایشان لویا قبل ازیں سی ایس امتحان  ۲۰۱۹ء اور سی ایس امتحان ۲۰۲۰ء میں ناکام رہے تھے۔ ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایشان لویا نے کہا کہ ’’اس رزلٹ سے میں بے حد خوش ہوں ، میرے لئے پچھلے دو امتحانات کے نتائج کسی صدمہ سے کم نہیں تھے۔ ‘‘ ایشان نے مزید کہا کہ ’’ میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہوں ، کمپنی سیکریٹری میں کامیابی حاصل کرنے کی وجہ یہی رہی کہ میری تعلیمی لیاقت میں اضافہ ہو اور  میرے پاس ایک اضافی ڈگری ہوجائے۔اس لئے میں نے اس امتحان کی تیاری میں کوئی پروفیشنل کوچنگ کی مدد نہیں لی اور خود ہی گھرپر پڑھائی کی۔‘‘ سی ایس امتحان میں پچھلی دو ناکامیوں کے باوجود اس نوجوان نے اپنا حوصلہ اور ہمت برقرار رکھا اور اپنے ہدف کے لئے مسلسل محنت جاری رکھی۔ ایشان نے بتایا کہ ’’ میرے لئے اچھی بات یہ تھی کہ میں پروفیشنل سی اے بن چکا ہوں، اس لئے دو بار ناکامی ملنے کے باوجود میں نے اس کا منفی اثر خود پر ہونے نہیں دیا۔‘‘ ایشان لویا کی اسکولی تعلیم بی پی بھون ودیا مندر اور دہلی پبلک اسکول سے ہوئی ہے۔ اس کے بعد ایشان نے کامرس میں ڈگری کی تعلیم ہسلوپ کالج سے مکمل کی ۔ ایشا ن نے اس تعلق سے بتایا کہ ’’میں نے ۲۰۱۸ء میں سی اے امتحان کامیاب کیا تھا۔ اس کے بعد میں نے سی ایس کی تیاری شروع کی۔‘‘ خیال رہے کہ سی ایس امتحان برائے پروفیشنل پروگرام (اولڈ اینڈ نیو سلیبس) ، ایگزیکٹیو پروگرام (اولڈ اینڈ نیو سلیبس ) ، فاؤنڈیشن پروگرام جون ۲۰۲۱ء سیشن کے نتائج ۲۶؍ اکتوبر کو جاری کئے گئے ہیں۔ ایشان لویا جنہوں نے ناگپور سینٹر سے پروفیشنل پروگرام(اولڈ )ا متحان میں شرکت کی اور ویشنوی بدری نارائن بیانی جو پونے سینٹر سے  پروفیشنل پروگرام (نیو سلیبس)  امتحان میں شریک ہوئی تھیں نے اپنے اپنے کورس میں قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK