Inquilab Logo

نیشنل ڈیفنس اکیڈمی :بہترین کریئر بھی اور وطن کی خدمت کا موقع بھی

Updated: January 09, 2023, 12:10 PM IST | Momin Fayaz Ahmad Ghulam Mustafa | MUMBAI

این ڈی اے میں داخلہ کیلئے یوپی ایس سی کی جانب سے سال میں ۲؍ بار امتحان منعقد کئے جاتے ہیں۔ مارچ،اپریل اور اگست،ستمبر میں ہونے والے ان امتحانات میں کامیابی کے بعد ڈیفنس اکیڈمی میں ۳؍ سال کی تربیت کا موقع ملتا ہے جونہ صرف فوج میں اچھے عہدہ کیلئے دروازہ کھول دیتا ہے بلکہ معاشرہ میں ممتاز پہچان بھی عطا کرتا ہے

NDA is the prestigious entry point in the army as an officer which involves 3 years of training. ; Photo: INN
این ڈی اے فوج میں بطور افسر داخلے کا باوقار ذریعہ ہے جس میں ۳؍ سال کی ٹریننگ سے گزرنا پڑتا ہے۔ ; تصویر:آئی این این

ہمارے ملک میں فوجیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ بیرونی حملوںسےملک کی حفاظت کرتے ہیں۔ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (N.D.A.)  آرمی، نیوی اور ایئر فورس میں بھرتی کا بہترین ذریعہ  ہے۔یہ ملک کی ٹاپ موسٹ خدمات میں سے ایک  ہے۔ اس ادارے میں داخلے کے لیے سال میں ۲؍ بار مارچ،اپریل اور اگست،ستمبر  میں یونین سروس پبلک کمیشن کے جانب سے امتحان ہوتے ہیں۔۱۶؍ اپریل  ۲۰۲۳ء کے امتحان  کیلئے نوٹیفیکیشن  ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو جاری  ہوچکا ہے۔  اس کا اشتہار  ایمپلائمنٹ نیوز کے علاوہ دیگر اخبارات میں بھی اشتہار دیا جاتا ہے۔ فارم بھرنے کا آخری وقت   ۱۰؍ جنوری ۲۰۲۳ء شا۶؍ بجے تک ہے۔ 
این ڈی اے میں داخلے کی شرائط
  این ڈی اے  میں داخلہ  انٹرنس امتحان سے ہوتا ہے جس کیلئے امیدوار کی عمر ۱۷؍سال سے کم اور ۱۹؍سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ ۱۲؍ویں   پاس ہونا ضروری ہے۔ ایئر فورس اور نیوی میں شرکت  کے متمنی امیدوار کیلئے بارہویں میں فزکس اور میتھس ہونا چاہیے۔امید وار کاغیر شادی شدہ ہونا ضروری ہے۔ فزیکل فٹنیس بہت اچھی ہونی چاہیے۔ امیدوار کا قدکم از کم لمبائی۱۵۷؍ سینٹی میٹر ہونا چاہیے۔   انگلشں اچھی ہونی چاہیے۔ ایسے طلبہ جو بارہویں کا امتحان  دے چکے ہیں مگر رزلٹ نہیں آیا وہ بھی  انٹرنس امتحان دے سکتے ہیں لیکن داخلے کے وقت بارہویں کامیاب ہونے کا سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔ 
درخواست دینے کا طریقہ
  امتحان میں شرکت کیلئے درخواست فارم  یوپی ایس سی کی ویب سائٹ  upsconline.nic.in پر بھرنا ہے۔
تحریری امتحان کس نوعیت کا ہوگا؟
 داخلہ امتحان میں علم حساب کا ۳۰۰؍ مارکس کا پرچہ  اور جنرل ابیلیٹی ٹیسٹ کا۶۰۰؍ مارکس کا  پرچہ دیناہوگا۔ دونوں پرچوں کیلئے ڈھائی ڈھائی گھنٹے کا وقت ملتا  ہے۔سوالہ پرچہ انگریزی میں ہوتا ہے اور  جوابات بھی انگریزی میں ہی لکھنے ہوتے ہیں۔ علم حساب کاپرچہ الجبرا، علم مثلث، شماریات، احتمال، میٹراسیس اور ڈٹرمینس، ڈیفریشن، کیلکولیس، انالیٹیکل جیومیٹری آف ٹو اینڈ تھری ڈائمینشن اینٹی گریس کیلکولیس اینڈ ڈیفرنشیل اکویشن وغیرہ پر مشتمل ہوتا ہے۔
 جنرل ابیلٹی ٹیسٹ کے پرچے کے دو پارٹ ہوتے ہیں۔   پارٹ اول ، انگریزی ۲۰۰؍  نمبر کا ہوتا ہے اس پرچے کے ذریعے امیدوار کی انگریزی  سمجھنے کی صلاحیت اوراس میں اس کی  مہارت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ پارٹ -۲؍ ۴۰۰؍ نمبر کا ہوتا ہے جس میں طبیعات،کیمیا، جنرل سائنس ،جغرافیہ، جنرل نالج، سوشل اسٹڈیز اور حالات حاضرہ پر مشتمل سوالات ہوتے ہیں۔
انٹرویو اور میڈیکل ٹیسٹ کا مرحلہ
 داخلہ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو  انٹریو کیلئے بلایا جاتا ہے جو ۹۰۰؍ مارکس کا ہوتا ہے۔ انٹریو میں گروپ ڈسکشن، گروپ پلاننگ آئوٹ ڈور، پرسنل انٹرویو وغیرہ میںسے ایک موضوع پر اظہار خیال کرنا ہوتا ہے۔جس کی بنا پر طلبہ کی ذہنی آزمائش در پیش مسائل کے حل اور ان کے موجودہ حالات سے واقفیت کے متعلق معلومات حاصل کی جاتی ہے۔   انٹریو  کے بعد داخلہ میرٹ کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔   انٹرویو  میں کامیابی کے بعد میڈیکل ٹیسٹ کیلئے بلایا جاتا ہے۔  عام طور پر ہزاروں طلبہ میں سے  ۶۰۰؍ طلبہ انٹرویو کے مرحلے تک پہنچتے ہیں اوران میں سے ۳؍ سے ۴؍ سو  طلبہ میڈیکل ٹیسٹ  کے مرحلے تک پہنچتے ہیں۔ این ڈی اے کے  مقررہ معیار کے مطابق جسمانی طور پر  صحت مند اور فٹ  امیدواروں کا ہی انتخاب ہوتا ہے اس لئے  امیدوار درخواست بھیجنے سے پہلے اپنا طبی معائنہ اچھی طرح سے کرالیں تاکہ آخری مرحلے میں مایوسی کا شکارنا ہونا پڑے۔
دستاویزات کی جانچ
 ان تمام مراحل سے گزرنے کے بعد  امیدوار  کے دستاویزات کی جانچ ہوتی ہے اوران کی دلچسپی، شوق اور منتخب شعبے جیسے آرمی، نیوی، ایئر فورس اور نیول اکیڈمی کی بنیاد پر انہیں شعبے میں بھیجا جاتا ہے۔ امیدواروں کے منتخب ہو جانے اور اکیڈمی میں داخلے کے فوراً بعد انگلش، حساب، سائنس اور ہندی کے ٹیسٹ لئےجاتے ہیں۔تمام امتحانات،انٹرویو، میڈیکل  فٹنیس کے بعد امیدوار جس شعبے کا انتخاب کرچکا ہے اس کے لیے اسے ٹریننگ کے لیے بھیجا دیا جاتا ہے۔
ا ین ڈی اے میں  ٹریننگ کی نوعیت
 ٹریننگ کے دوران روزانہ ۳؍سے ۵؍ کلومیٹر  دوڑنا ہوتا ہے۔تیرنا، گھڑسواری،پہاڑوں پر چڑھائی وغیرہ ٹریننگ  کا حصہ ہے۔اس کے ساتھ ہی فرصت کے اوقات میں فوٹو گرافی،  پینٹنگ،موسیقی، کشتی وغیرہ کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ این ڈی اے  میں قیام وطعام،کتاب اور کپڑوں کا خرچ حکومت برداشت کرتی ہے۔
 ابتدائی ڈھائی برسوں میں تینوں سروسیز کیلئے مشترکہ ٹریننگ دی جاتی ہے اورکامیاب  کیڈٹس کو جواہر لال نہرو یونیورسٹی دہلی کی بی ایس سی یا بی اے کی ڈگری دی جاتی ہے۔  این ڈی اے پاس کرنے والے آرمی کیڈیٹ انڈین ملٹری اکیڈمی دہرہ دون ،  نیول کیڈٹس جو کیڈٹس ٹریننگ شپ اور ایئر فورس کیڈیٹ اے ایف اے حیدر آباد،  پی ایف ٹی ایس الہ آباد بھیج دیئے جاتے ہیں
کامیابی کے بعد لیفٹیننٹ کے عہدہ پر تقرری
 آئی ایم اے میں  ایک سال کی سخت فوجی ٹریننگ دی جاتی ہے ۔ تاکہ کیڈٹس کو انفنٹرری کے سب یونٹوں کے قیادت کرنے والا کامیاب افسر بنایا  جاسکے ۔کامیاب کیڈٹس کولیفٹیننٹ  کے عہدہ پر مستقل کمیشن دیا جاتا ہے یعنی لیفٹیننٹ کے عہدہ پر ان کی تقرری عمل میں آتی ہے۔یہی معاملہ نیوی اور ایئر فورس  میں بھی ہوتاہے۔  
افسر بننے کے بعد سہولیات
  افسران  بننے کے بعد بے شمار سہولیات حاصل ہوتی ہیں جن میں  شہری بھتہ،مہنگائی بھتہ اور دیگر منظور شدہ بھتے شامل ہیں۔ افسروں کو ماہانہ کٹ الائونس ، مفت راشن اور ڈیوٹی کے مقام سے ایک کلو میٹر کے اندر سرکاری رہائش گاہ فراہم کی جاتی ہے۔   ٹرانسپورٹ یا کیمپس میں قیام گاہ کی سہولت نہ ملنے پرماہانہ ٹرانسپورٹ بھتہ دیا جاتاہے۔  جو طلبہ اس فیلڈ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور جن میں ملک کی خدمت  کا  جنون ہے  وہ این ڈی اے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ مزید معلومات کیلئے یو پی ایس سی کی  ویب سائٹ  
www.upsconline.in
 سے استفادہ کیا جاسکتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK