Inquilab Logo

صحیح کھانا ہی نہیں، صحیح وقت پر کھانا بھی ضروری ہے

Updated: July 21, 2020, 10:06 AM IST | Kanchan SIngh

کئی مرتبہ آپ نے بڑے بزرگوں کو کہتے سنا ہوگا کہ دہی، کیلا وغیرہ رات کو نہیں کھانا چاہئے۔ آپ سوچتے ہوں گے کہ ایسا بھلا کیوں؟ یہ تو صحت بخش غذائیں ہیں، لیکن کسی بھی چیز کو کھانے کا ایک صحیح وقت ہوتا ہے۔ اگر اسی وقت وہ چیز کھائی جائے تو نہ صرف آپ زیادہ صحت بخش ہوگا بلکہ کسی طرح کا سائیڈ افیکٹ بھی نہیں ہوگا۔

Kitchen - Pic : INN
کچن ۔ تصویر : آئی این این

کئی مرتبہ آپ نے بڑے بزرگوں کو کہتے سنا ہوگا کہ دہی، کیلا وغیرہ رات کو نہیں کھانا چاہئے۔ آپ سوچتے ہوں گے کہ ایسا بھلا کیوں؟ یہ تو صحت بخش غذائیں ہیں، لیکن کسی بھی چیز کو کھانے کا ایک صحیح وقت ہوتا ہے۔ اگر اسی وقت وہ چیز کھائی جائے تو نہ صرف آپ زیادہ صحت بخش ہوگا بلکہ کسی طرح کا سائیڈ افیکٹ بھی نہیں ہوگا۔
دہی
 گرمی کے موسم میں دہی کھانا بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ یہ پیٹ کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے، لیکن رات کو دہی نہیں کھانا چاہئے۔ ماہرین کے مطابق، رات میں دہی کھانے سے کھانسی کے ساتھ ہی پیٹ سے متعلق دیگر پریشانیاں بھی ہوسکتی ہیں۔
صحیح وقت کیا ہے؟ دوپہر کے وقت دہی کھانا بہترین ہے۔ دہی کو غلطی سے بھی گرم کرکے کھانے کی بھول نہ کریں۔
دودھ
 ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لئے دودھ بہت ضروری ہے مگر اسے کب پینا چاہئے، اس سے متعلق ہر کسی کی رائے الگ الگ ہے۔ کچھ لوگ صبح ناشتے کے وقت دودھ پیتے ہیں، تو کچھ رات کو سونے سے پہلے۔ ویسے کبھی بھی صبح خالی پیٹ نہیں پینا چاہئے، اس سے تیزابیت کی شکایت ہوسکتی ہے۔
صحیح وقت کیا ہے؟ ماہرین کے مطابق، اگر صبح میں دودھ پیا جائے تو یہ آپ کو پورا دن توانائی سے بھرپور رکھتا ہے جبکہ رات میں دودھ پینے سے ذہن پُرسکون رہتا ہے اور نیند بھی اچھی آتی ہے۔ آیوروید میں دودھ پینے کا صحیح وقت رات میں ہی بتایا گیا ہے۔
چاول
 عام طو پر لوگ سمجھتے ہیں کہ چاول کھانے سے وزن بڑھتا ہے جبکہ یہ پورا سچ نہیں ہے۔ چاول میں کاربوہائیڈریٹ ہوتا ہے، جو جسم کے لئے ضروری ہے۔ ہاں، اسے محدود مقدار میں ہی کھانا چاہئے۔ کچھ لوگوں کو یہ بھی لگتا ہے کہ دوپہر میں چاول کھانا پھر بھی ٹھیک ہے، مگر رات میں نہیں کھانا چاہئے کیونکہ یہ آسانی سے ہضم نہیں ہوتا۔
صحیح وقت کیا ہے؟ ماہرین کے مطابق، رات میں ہی چاول کھانا چاہئے، مگر بہت کم مقدار میں۔ اس سے یہ آسانی سے ہضم بھی ہو جاتا ہے اور آپ کو نیند بھی اچھی آتی ہے، جبکہ دوپہر میں چاول سے اجتناب برتنا چاہئے کیونکہ بلڈ شوگر لیول بڑھ جاتا ہے، جس سے کام کے وقت آپ کو نیند آنے لگتی ہے۔
شکر
 چائے یا دودھ میں بہت زیادہ شکر نہیں ڈالنی چاہئے، مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ شکر کھانا پوری طرح سے بند کر دیں۔ تھوڑی شکر کھانی بھی ضروری ہے۔
صحیح وقت کیا ہے؟ شکر کو دن میں کھانا درست ہوتا ہے، کیونکہ انسولین شوگر کو اثردار طریقے سے جذب کر لیتا ہے اور یہ آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے جبکہ رات میں شکر کھانے سے بلڈ شوگر لیول بڑھ جاتا ہے اور آپ کو ٹھیک سے نیند نہیں آتی، تو اگر رات کو کھانے کے بعد آپ کو میٹھا کھانے کی عادت ہے تو اسے تبدیل کر لیجئے۔
دال اور لوبیا
 پروٹین سے بھرپور دال اور لوبیا (بینز) کو بھی خوراک میں شامل کرنا ضروری ہے، مگر اسے کھانا کا صحیح وقت بھی معلوم ہونا چاہئے۔ رات کے وقت دال اور لوبیا کھانا ٹھیک نہیں ہوتا کیونکہ یہ آسانی سے ہضم نہیں ہوتے اور پھر پیٹ میں تیزابیت پیدا ہونے لگتی ہے۔
صحیح وقت کیا ہے؟ صبح اور دوپہر کے وقت اسے کھانا اچھا ہوتا ہے کیونکہ تب یہ آسانی سے ہضم ہوجاتے ہیں اور گیس کی شکایت نہیں ہوتی۔
سیب
 وٹامن، منرل اور فائبر سے بھرپور سیب میں کولیسٹرول بالکل نہیں ہوتا۔ یہ صحت بخش پھل ہے تبھی تو کہتے ہیں ’’روزانہ ایک سیب سے، رہے ڈاکٹر دور‘‘۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ بہتر نتائج کے لئے سیب کھانا چاہئے؟
صحیح وقت کیا ہے؟ خالی پیٹ سیب کھانے سے جسم سے سارے نقصاندہ مادّے نکل جاتے ہیں۔ سیب جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے اور وزن بھی کنٹرول کرتا ہے۔
انہیں بھی کھائیں صحیح وقت پر
ز اخروٹ کو رات کو سوتے وقت بطور اسنیک کھائیں، اس سے اچھی نیند آئے گی۔
ز انجیر اور خوبانی کو صبح کھانے سے جسم کا میٹابولزم بڑھتا ہے اور پیٹ کو گرمی ملتی ہے۔ لہٰذا صبح ہی کھائیں۔ رات میں انہیں کھانے سے تیزابیت کی شکایت ہوسکتی ہے۔
ز چیز (پنیر) بھی صبح کھائیں کیونکہ اسے ہضم ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے اور اس سے وزن بھی جلدی بڑھتا ہے۔
ز کافی صبح کے وقت پئیں، اس سے توانائی ملتی ہے اور سستی غائب ہو جاتی ہے۔ رات کو کافی پینے کی غلطی نہ کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK