محبت اور خلوص سے پُر رشتے کسے عزیز نہیں ہوتے لیکن بھاگتی دوڑتی زندگی میں نہ چاہتے ہوئے بھی وقت نے رشتوں کے درمیان فاصلے پیدا کر دیئے ہیں۔ ان فاصلوں کو کم کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاسکتا ہے اورایک فون کال کے ذریعہ بھی دوست و احباب کو قریب لایا جاسکتا ہے۔
مصروفیت کے درمیان آپ اپنوں کی خیر خیریت معلوم کرنے کے لئے تھوڑا وقت ضرور نکال سکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این
اس مشینی دور میں ہر شخص ترقی کی دوڑ میں آگے جارہا ہے۔ عام خواتین ہوں یا ملازمت پیشہ، ہر ایک کو وقت کی کمی کا گلہ ہے۔ ’’گھر، بچے، شوہر اور ملازمت‘‘ ان کے لئے وقت پورا نہیں ہوتا تو دوست احباب اور رشتے داروں کے لئے وقت کیسے نکالیں اور یوں مہینوں بلکہ سال سال بھر گزر جاتا ہے اور اپنوں سے کوئی ملنا جلنا یا رابطہ تک نہیں ہوپاتا۔ وجہ صرف مصروفیت ہے لیکن رشتوں کی مٹھاس اپنائیت کے احساس سے ہوتی ہے اور آپ کو اپنوں کی اپنائیت کا احساس دلانا بہت ضروری ہے ورنہ فاصلے بڑھتے جاتے ہیں۔ اگر ہم چاہیں تو مصروفیات کے باوجود چھوٹے چھوٹے کاموں سے اپنوں کو بہت بڑی خوشی دے سکتے ہیں۔ مصروف ترین زندگی کے باوجود آپ اپنوں سے جڑی رہ سکتی ہیں۔ جی ہاں! یہ ممکن ہے اگر آپ دیئے گئے طریقوں پر عمل پیرا ہوں:
اپنوں سے جڑے رہئے
کھانا پکاتے، سبزی کاٹتے، استری کرتے یا جھاڑو پونچھا کرنے کے ساتھ ساتھ آپ بآسانی چند لمحے نکال کر فون پر گفتگو کرسکتی ہیں یہ اب معمول بن چکا ہے کہ ہم عموماً کسی کو فون بھی تب کرتے ہیں جب ہمیں کچھ کام ہو، کچھ پوچھنا ہو یا کچھ بتانا ہو، لیکن بے وجہ کی جانے والی ایک چھوٹی سی فون کال جس میں آپ صرف خیریت دریافت کریں اور بتا سکیں کہ اس کی کوئی خاص وجہ نہیں بلکہ یوں ہی بات کرنا ہے،چند منٹ کی یہ فون کال کسی اپنے کے دل میں آپ کی اہمیت کئی گنا بڑھا دے گی۔ روزانہ نہیں تو ہر ہفتے اپنے بہن، بھائیوں، رشتہ داروں کو ضرور کال کریں۔ یقین جانئے میکے اور سسرال والوں کے علاوہ رشتے دار اور سہیلیاں سب آپ کو پہلے سے زیادہ قریب محسوس ہوں گے۔
زندگی کے یادگار لمحات
خوشی کے انمول موتی سنہری یادوں کے ذخیرے میں ہمیشہ محفوظ رہتے ہیں۔ کتنا حیران کن اور باعث مسرت ہوتا ہے جب کوئی آپ کی زندگی کے اہم دنوں کو یاد رکھے اور آپ کو وِش کر کے حیرت انگیز خوشی سے دو چار کر ڈالے۔ اپنوں سے وقتاً فوقتاً رابطے میں رہیں گی تو آپ کو یہ تمام اہم دن بھی پتا چلتے رہیں گے، پھر آپ جب اس اہم دن کو یاد رکھیں گی تو یقیناً یہ چیز آپ کے تعلق کو اور بھی مضبوط کردے گی، ساتھ ہی خوشی کا احساس دلائے گی۔ اہم دنوں پر فون کرنا یا کوئی تحفہ لے جانا اچھا تاثر دیتا ہے۔ کسی نے آپ کو یاد رکھا اور اپنی نیک خواہشات آپ کے نام کیں تو کیوں نہ آپ بھی اپنوں کو اپنائیت کا ایسا ہی انمول احساس دلائیں۔ اس کے لئے اپنی ڈائری میں یہ تمام چیزیں لکھ لیں یا موبائل میں محفوظ کرکے یاد دہانی کا الارم لگا دیں تاکہ آپ کو بروقت یاد آجائے۔ کسی رشتہ دار کا بیٹا یا بیٹی تعلیم کے حصول کے لئے شہر یا ملک سے باہر جارہا ہو اور آپ کو تاریخ پتہ ہو تو اس موقع پر فون کرلیں یا کوئی چھوٹا سا تحفہ لے کر پہنچ جائیں۔ یقیناً یہ موقع یادگار بن جائے گا۔
موبائل آپ کی انگلیوں کی جنبش کا منتظر ہے
موبائل فون کا کی بورڈ آپ کی انگلیوں کی جنبش کا منتظر ہے۔ موبائل پر ابھرنے والے محبت بھرے چند لفظوں پر مشتمل پیغام آپ کے اپنوں کے چہرے پر مسکراہٹ لے آتا ہے۔ ایس ایم ایس یا وہاٹس ایپ اب رابطے کا بڑا ذریعہ بن چکے ہیں۔ آپ جب اپنوں کے لئے اخلاص کے ساتھ کوئی پیغام بھیجتی ہیں تو اس سے ان کے دل میں آپ کی قدر و منزلت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ یہ پیغام اظہار ہوتا ہے کہ آپ ہماری یادوں اور ہماری دعاؤں میں ہیں اور یہ احساس بہت خوبصورت ہوتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے سبب موبائل فون پر اپنے جذبات کا اظہار کرنا آسان ہوگیا ہے۔ میسیج کے علاوہ ویڈیو کال کے ذریعہ بھی آپ اپنے عزیز کا حال چال دریافت کرسکتی ہیں۔
ای میل
برقی خط دور جدید میں دنیا بھر میں پیغام رسانی کا جدید اور تیز تر ذریعہ ہے۔ انٹرنیٹ پر کام کرنے والی خواتین کام کے بعد صرف چند منٹ اگر ای میل کے لئے مخصوص کر دیں تو اپنوں سے بآسانی رابطے میں رہ سکتی ہیں۔ گھریلو خواتین بھی اپنے ای میل چیک کرنے کے ساتھ ایک ای میل اپنے میکے، سسرال اور حلقہ احباب میں بھیج کربتا سکتی ہیں کہ آپ کو ان کا کتنا خیال ہے۔ مختلف، تہوار وغیرہ پر اپنے خلوص و محبت کا اظہار کرسکتی ہیں۔ اگر آپ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس مثلاً فیس بک، ٹویٹر وغیرہ استعمال کرتی ہیں تو آپ اس کے ذریعے بھی انہیں پیغام ارسال کرسکتی ہیں۔ ان سب کا مقصد صرف یہ ہے کہ اپنوں کو اپنائیت کا احساس دلایا جائے، ان کے ساتھ رابطے میں رہا جائے اور انہیں یاد رکھا جائے کیونکہ اپنائیت کا احساس ہوتو ساتھ سمندر پار رہنے والے بھی اپنے ہی گھر کے مکین محسوس ہوتے ہیں اور یہ احساس نہ رہے تو ساتھ رہنے والے بھی اجنبی لگنے لگتے ہیں۔ اس لئے جن دوست و احباب سے آپ نے دوری بنا لی ہے، موبائل فون کے ذریعہ ان کی چہیتی بن جائیں۔ یہ کام بہت مشکل نہیں، اپنوں کی محبت اسے آسان بنا دیتی ہے۔