• Tue, 11 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپنی زندگی کو اُمید، عمل اور روشنی سے آباد رکھیں

Updated: November 05, 2025, 3:53 PM IST | Dr. Asma Rahmatullah | Mumbai

یہ سب ممکن ہے اگر آپ مثبت سوچ اپناکر اس پر بلا تاخیر عمل کریں۔ ہوسکتا ہے کہ بیشتر خواتین سوچیں کہ وہ مثبت سوچ اختیار کرتی ہیں اس کے باوجود ان کی زندگی میں روشنی نظر آتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صرف سوچنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس کے لئے آپ کو عمل بھی کرنا ہوگا۔

Life can be made happy only by putting positive thinking into practice. Photo: INN
مثبت سوچ کو عملی جامہ پہنا کر ہی زندگی کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
زندگی کے پیچیدہ راستوں میں خواتین کو کئی بار ایسی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑ دیتے ہیں۔ معاشرتی دباؤ، خاندانی ذمہ داریاں، پیشہ ورانہ چیلنجز، اور ذاتی خواہشات میں توازن قائم رکھنے کی جدوجہد خواتین کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ ایسے حالات میں ایک طاقتور نسخہ جو ہر خاتون کو اختیار کرنا چاہئے، وہ ہے مثبت سوچ کو اپنانا اور فوری طور پر عمل کرنا۔ ہوسکتا ہے کہ بیشتر خواتین سوچیں کہ وہ مثبت سوچ اختیار کرتی ہیں اس کے باوجود ان کی زندگی میں روشنی نظر آتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صرف سوچنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس کے لئے آپ کو عمل بھی کرنا ہوگا۔ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانی ہوگی۔ مثال سے سمجھئے، حنا نے اپنے پروجیکٹ کے لئے سخت محنت کی۔ لیکن اس کا نتیجہ اچھا نہیں آیا اور وہ مایوس ہوگئی۔ بس غلطی یہی ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کسی کام کے لئے سخت محنت کرتی ہیں تو صبر سے کام لیں۔ اگر نتیجہ اچھا نہ نکلے تب بھی مثبت سوچیں کہ کوئی بات نہیں آئندہ اس سے بہتر کوشش کروں گی۔ لیکن خود کو صرف سوچ تک محدود نہ رکھتے ہوئے اس جانب کوشش کیجئے۔ پچھلی غلطیوں پر نظر ثانی کریں، اس کے بعد نئے سرے سے کوشش کیجئے۔ اس کے بعد بہترین نتیجہ آپ کے سامنے ہوگا اور تب آپ کو مثبت سوچ کی اہمیت کا بھی احساس ہوگا۔
’’آپ کی سوچیں آپ کی حقیقت کی بنیاد بنتی ہیں۔‘‘ راجہ رام موہن رائے
ذہن، جیسا کہ ایک زرخیز زمین کا ٹکڑا ہوتا ہے، خیالات کا مسکن ہے۔ اگر اسے سیراب اور آباد نہ کیا جائے، تو وہ بنجر ہو جاتا ہے۔ خواتین کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ان کے ذہن میں جن خیالات کی پرورش ہوتی ہے، وہ ان کی عملی زندگی پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ اگر آپ خیالات کی دنیا میں مثبت بیج بونے اور انہیں عملی زمین پر اُگانے کی کوشش نہیں کریں گی، تو منفی سوچیں خود بخود جگہ بنا لیں گی۔
عمل کی کمی 
منفی سوچوں کی پیداوار ہے
اکثر خواتین سوچتی ہیں کہ اچھی نیت کافی ہے۔ لیکن نیت کو عملی شکل نہ دینا، ایک ایسی کمی ہے جو ذہن کے مثبت گوشے کو خالی کرنے کا سب سے بڑا سبب بنتی ہے۔ اگر نیکی، محبت، ہمدردی اور امید کے خیالات دل میں جنم لیں، مگر انہیں عملی جامہ نہ پہنایا جائے، تو یہ خیالات بھی رفتہ رفتہ زوال کا شکار ہو جاتے ہیں۔
خواتین کو چاہئے کہ جو بھی پاکیزہ خیال، اچھی بات یا مثبت تجویز دل میں آئے، اس پر فوراً عمل کریں۔ چاہے وہ خیال کسی کتاب سے آیا ہو، کسی اچھے انسان کی بات سے متاثر ہو کر ذہن میں آئے، یا آپ کی اپنی سوچ کا نتیجہ ہو.... اسے ضائع نہ ہونے دیں۔ یہ خیالات آپ کی شخصیت کو روشن کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
مثبت عمل سے ذہن کا سیراب ہونا
جب خواتین مستقل مزاجی سے ہر چھوٹے بڑے اچھے خیال پر عمل کرتی ہیں، تو نہ صرف ان کی زندگی میں خوشی آتی ہے بلکہ یہ ایک زنجیر کی مانند منفی خیالات کو پیچھے دھکیلتی ہے۔ ایک دن ایسا آئے گا جب آپ خود محسوس کریں گی کہ آپ کا ذہن روشن، امیدوں سے لبریز اور کام کرنے کی طاقت سے بھرپور ہے۔ اور حیرت انگیز طور پر آپ پر کسی کی تنقید یا منفی تبصرے کوئی اہمیت نہیں رکھیں گے۔
’’کامیابی کا راز عمل میں ہے، نہ کہ صرف خیالات میں۔‘‘ جے پی مورگن
خواتین کے لئے مشورے
(۱)روزانہ اپنے آپ سے مثبت دعائیں کریں اور اچھی باتیں لکھ کر اپنے پاس رکھیں۔
(۲)اپنی سوچوں کا جائزہ لیں۔ جیسے کہ کیا یہ خیال مجھے آگے بڑھا رہا ہے یا پیچھے کھینچ رہا ہے؟
(۳)نیکی اور بہتری کے لئے چھوٹے چھوٹے عملی قدم اٹھائیں، جیسے کسی کی مدد کرنا، کسی کو مسکرا کر دیکھنا یا کسی اچھے کام کا آغاز کرنا۔
(۴)منفی خیالات پر قابو پانے کی مشق کریں۔ جیسے جب دل میں کوئی پریشان کن بات آئے، فوراً اس کا مثبت حل سوچیں۔
خلاصہ کلام
خواتین کو اپنی ذہنی صحت کی حفاظت کے لئے علم کے ساتھ عمل بھی اپنانا ہوگا۔ خیالات کی دنیا میں پیدا ہونے والی روشنی کو عملی زمین پر اُگانے سے نہ صرف ان کا ذہن سرسبز و شاداب ہوگا بلکہ وہ اپنے ماحول میں بھی مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں گی۔
اپنے ذہن کو منفی خیالات کے ہاتھوں ویران نہ ہونے دیں، اسے اُمید، عمل اور روشنی سے آباد رکھیں۔ زندگی خوشگوار ہوجائے گی۔
یہ ایک ایسا سفر ہے جو صبر، مستقل مزاجی اور ارادے سے طے کیا جاتا ہے۔ ہر خاتون کے اندر یہ طاقت ہے کہ وہ اپنے ذہن کو منفی سوچوں سے پاک کرے اور اسے نیکی، محبت، اور امید کی زمین میں بدل دے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمیشہ مثبت سوچ اور عمل کی توفیق دے، آمین۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK