گھر کی چھت اور بالکونی کو عام طور پر صرف غیر ضروری سامان رکھنے یا کپڑے سکھانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اِن دونوں جگہوں کی سجاوٹ پر توجہ دی جائے تو گھر کی خوبصورتی کو بڑھا سکتے ہیں، ساتھ ہی یہاں اپنوں کے ساتھ فرصت کے چند لمحات گزار سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 5:30 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
گھر کی چھت اور بالکونی کو عام طور پر صرف غیر ضروری سامان رکھنے یا کپڑے سکھانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اِن دونوں جگہوں کی سجاوٹ پر توجہ دی جائے تو گھر کی خوبصورتی کو بڑھا سکتے ہیں، ساتھ ہی یہاں اپنوں کے ساتھ فرصت کے چند لمحات گزار سکتے ہیں۔
عام طور پر گھر کی سجاوٹ کے دوران بیڈ روم، ڈرائنگ روم، اور لاؤنج پر خاص توجہ دی جاتی ہے لیکن چھت اور بالکونی کو نظرانداز دیا جاتا ہے۔ شہر سے دور علاقوں میں گھروں کی بڑی بڑی چھتیں ہوتی ہیں حالانکہ ممبئی والوں کو فلیٹ میں چھوٹی سی بالکونی ضرور نصیب ہوجاتی ہے۔ لیکن ان دونوں کی سجاوٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ عام طور پر لوگ ان جگہوں کو کاٹھ کباڑ یا صرف کپڑے سکھانے کے لئے استعمال کرتے ہیں، لیکن تھوڑی سی توجہ سے انہیں گھر کا سب سے دلکش حصہ بنایا جاسکتا ہے۔
کام کاج کی طرح گھر کی سجاوٹ بھی خواتین کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ خواتین اگر چاہیں تو اپنے گھر کی چھت یا بالکونی کو خوبصورت بناسکتی ہیں۔ عام طور پر گھروں کی اکثر فضول چیزیں اور پرانا کاٹھ کباڑ چھت پر ڈال دیا جاتا ہے۔ یہی حال بالکونی کا بھی ہوتا ہے۔ آپ کے گھر کی چھت یا بالکونی پر ایسا کچھ ہے تو اس سے نجات حاصل کریں۔ اس تحریر میں بالکونی اور چھت سجانے کے چند طریقے بتائے جا رہے ہیں:
بالکونی کی سجاوٹ کے لئے آئیڈیاز
بالکونی چاہے چھوٹی ہو یا بڑی، اسے ایک پُرسکون بیٹھک میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ بالکونی کو قدرتی تازگی دینے کے لئے پودے سب سے اہم ہیں۔ اگر جگہ کم ہے تو دیوار پر اسٹینڈ لگا کر یا گملے لٹکا کر پودے لگائیں۔ بالکونی کی گرل یا ریلنگ پر لٹکنے والے گملے لگائیں، جن میں رنگ برنگے پھول بہت خوبصورت لگتے ہیں۔ فرش پر آرٹی فیشل گرین گراس (گھاس) کی چٹائی بچھائیں، جس سے بالکونی میں بالکل باغیچے جیسا احساس آئے گا۔
بالکونی میں چائے پینے یا کتاب پڑھنے کے لئے پُرسکون بیٹھنے کی جگہ بنائیں۔ چھوٹی بالکونی کے لئے فولڈ ہونے والی لکڑی یا لوہے کی کرسیاں اور میز بہترین ہیں جنہیں ضرورت نہ ہونے پر ہٹایا جا سکتا ہے۔ بالکونی کے ایک کونے میں چھت سے لٹکنے والا خوبصورت جھولا لگائیں۔ ایک چھوٹی چٹائی یا رنگین قالین بچھائیں اور اس پر کچھ نرم اور بڑے کشن رکھ دیں۔
یہ بھی پڑھئے: آپ بھی ایک شیف کی طرح کھانا بنا سکتی ہیں!
شام کے وقت بالکونی کا ماحول رومانوی اور پُرسکون بنانے کے لئے لائٹنگ کا صحیح انتخاب کریں۔ ریلنگ پر یا دیواروں کے ساتھ باریک ایل ای ڈی لائٹس لٹکائیں۔ میز پر یا کونوں میں ونٹیج اسٹائل کی لالٹینیں رکھیں جن میں موم بتیاں یا مصنوعی لائٹس ہوں۔ اگر بالکونی اوپر سے ڈھکی ہوئی ہے تو بانس یا جوٹ سے بنے ہوئے لیمپ چھت سے لٹکائیں۔
فرش پر لکڑی کے ٹائلز یا بلاکس کا استعمال بالکونی کو ایک لگژری اور ماڈرن لُک دیتا ہے۔ دیوار پر لکڑی کے فریم، کوئی خوبصورت پینٹنگ یا مٹی کے بنے ہوئے شو پیس لٹکائے جاسکتے ہیں۔
چھت کی سجاوٹ کے لئے آئیڈیاز
اگر چھت کی منڈیر اونچی ہے تو اس پر بہت اچھا اور شوخ کلر کا پینٹ کروا دیں۔ نقلی پھولوں سے بنی بیلیں مارکیٹ میں آسانی سے مل جاتی ہیں وہ خرید لائیں اور کیلوں کی مدد سے انہیں دیواروں پر جھالر کی شکل میں لٹکا دیں۔ چھوٹے چھوٹے بلب یا ایل ای ڈیز کی جھالر بھی بازار میں عام مل جاتی ہے۔ منڈیر کی لمبائی کے اعتبار سے جھالریں منگوالیں اور ان میں لگے ہوئے بلبوں پر مختلف رنگوں کی پنی لپیٹ دیں۔ ایل ای ڈیز پر پنی لپیٹنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ مختلف رنگوں کی مل جاتی ہیں۔ اب برقی قمقموں کی ان لڑیوں کو جھالروں سے ذرا اوپر تھوڑے تھوڑے فاصلے پر لگا دیجئے۔ جب آپ بلب روشن کریں گی تو رنگ برنگی روشنی سے آپ کی چھت کو چار چاند لگ جائیں گے۔
منڈیر اگر چھوٹی ہے تو اسے پینٹ کروا کر یونہی چھوڑ دیں ۔ پھولوں والے پودے کے گملے منگا کر دیواروں کے ساتھ رکھ دیں۔ صبح صبح ان گملوں کے پاس کھڑے ہو کر چند لمحے تازہ ہوا اپنے اندر اتارنے سے آپ کی صحت کو بھی فائدہ پہنچے گا اور پھولوں کی مسحور کن خوشبو آپ کی چھت کا حسن بڑھا دے گی۔ دو تین چارپائیاں چھت پر ڈالیں اور ان پر نفاست سے خوبصورت سی چادریں بچھا دیں۔ ساتھ ہی چھوٹی سی تپائی رکھ کر اس پر جگ گلاس یا کولر رکھ دیں۔ بالکل شاہانہ انداز محسوس ہوگا۔
یہ بات ہمیشہ یاد رکھئے کہ کھلی فضا میں کتاب پڑھنے کا جو لطف ہے وہ کبھی بند کمرے میں ایزی چیئر پر بیٹھ کر نہیں آسکتا۔ اس لئے جب بھی کوئی اچھی کتاب پڑھنے کا جی چاہے تو چھت پر بچھی چارپائی پر بیٹھ کر پڑھیں۔ شام میں تو ہمیشہ ہی موسم سہانا ہوتا ہے۔ اس وقت اگر مہمان بھی چلے آئیں تو انہیں چھت پر بٹھانے میں کوئی مضائقہ نہیں بلکہ آپ خود محسوس کریں گی کہ مہمان چھت پر بیٹھ کر زیادہ اچھا محسوس کریں گے۔
مختصراً یہ کہ چھت یا بالکونی کی سجاوٹ کے ساتھ یہاں اپنوں کے ساتھ وقت گزارئیے۔ چائے کا اہتمام چھت یا بالکونی پر کیجئے، مل کر بیٹھئے، اپنے مسائل اپنوں کو بتائیے۔ ویسے بھی مہنگائی کے اس دور میں چھت یا بالکونی کسی کسی کو ہی نصیب ہوتی ہے اس لئے گھر کے ان دونوں اہم اور خوبصورت حصے کو نظر انداز ہرگز نہ کریں۔