شخصیت کی اصل خوبصورتی انسان کے کردار، علم، دیانتداری اور حسنِ سلوک میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ آپ اپنی شخصیت کی بہتر تعمیر کے ذریعہ اپنی منفرد شناخت قائم کرسکتی ہیں۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 3:17 PM IST | Firdous Anjum | Buldhana
شخصیت کی اصل خوبصورتی انسان کے کردار، علم، دیانتداری اور حسنِ سلوک میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ آپ اپنی شخصیت کی بہتر تعمیر کے ذریعہ اپنی منفرد شناخت قائم کرسکتی ہیں۔
شخصیت محض ظاہری خوبصورتی، لباس یا اندازِ گفتگو کا نام نہیں بلکہ اس میں انسان کے خیالات، اخلاق، عادات، رویے، صلاحیتیں اور دوسروں کے ساتھ برتاؤ بھی شامل ہوتے ہیں۔ شخصیت سازی ایک مسلسل عمل ہے جس کے ذریعہ انسان اپنی خوبیوں کو نکھارتا ہے، خامیوں کو دور کرتا ہے اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرتا ہے۔ عہد ِ حاضر میں خواتین کی شخصیت سازی ضروری ہے۔ خواتین کو گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ تعلیم، ملازمت، کاروبار اور سماجی زندگی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں خود اعتمادی، فکری پختگی، جذباتی توازن اور مؤثر گفتگو ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شخصیت سازی کی اہمیت:
خواتین شخصیت سازی کا اندازہ ظاہری آراستگی، نمائش اور کامیابی تک محدود سمجھتی ہیں مگر حقیقت میں اس کا دائرہ وسیع ہے۔ مناسب لباس، صفائی ستھرائی، سماجی آداب، اخلاق، مطالعہ، خود آگاہی اور گفتگو کا ہنر، سب شخصیت کے اہم پہلو ہیں۔ تاہم، شخصیت کی اصل خوبصورتی انسان کے کردار، علم، دیانتداری اور حسنِ سلوک میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ شخصیت سازی کا مقصد دوسروں کو متاثر کرنا یا ان کی نقل کرنا نہیں بلکہ اپنی انفرادیت کو پہچاننا اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔
خود کے ساتھ دیانتدار بنیں:
خوداعتمادی شخصیت سازی کی بنیادی خصوصیت ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ خواتین اپنی خوبیوں اور کمزوریوں کو پہچانیں، ان کا سامنا کریں اور اپنی اصلاح کی کوشش کریں۔ اپنے ظاہری رویوں، عادات اور ردعمل کا جائزہ لینا خود کے ساتھ دیانتداری ہے۔ خامیوں کو تسلیم کرنا اور کمزوریوں کو جاننا، خود کی بہتری کی جانب پہلا قدم ہے۔
تعلیم اور مطالعہ:
تعلیم شخصیت کو نکھارنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ یہ انسان میں سوچنے، سوال کرنے، مسائل کو سمجھنے اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔ خواتین کو رسمی تعلیم کے ساتھ مطالعے کی عادت بھی اپنانی چاہئے۔ کتابیں، اخبارات اور علمی مضامین ان کے علم میں اضافہ اور ذہنی افق کو وسیع کرتے ہیں۔ ایک مشہور عربی قول ہے ’’الکتب تربی مثل الام، مثل الحياۃ، مثل الشوارع‘‘ (ترجمہ: کتاب تربیت و پرورش و راہنمائی کرتی ہے۔ ماں کی طرح، زندگی کی طرح، راستوں کی طرح)۔ روزانہ کچھ وقت مطالعے کے لئے مختص کرنے سے ذخیرۂ الفاظ، تنقیدی سوچ اور گفتگو کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بچوں میں غصے کا بڑھتا رجحان؛ وجوہات اور حل
گفتگو کا ہنر اور جذباتی ذہانت:
مؤثر گفتگو شخصیت کا اہم حصہ ہے۔ اپنی بات واضح اور شائستہ انداز میں کہنا، دوسروں کی بات توجہ سے سننا اور اختلاف کے باوجود احترام برقرار رکھنا ایک متوازن شخصیت کی علامت ہے۔ جذباتی ذہانت سے مراد اپنے جذبات کو سمجھنا، ان پر قابو رکھنا اور دوسروں کے احساسات کا احترام کرنا ہے۔ غصے یا پریشانی میں فوری ردعمل دینے کے بجائے تحمل سے کام لینا تعلقات کو بہتر بناتا ہے۔ جس سے آپ کی شخصیت کی پختگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
معاشی خود مختاری اور فیصلہ سازی:
خواتین کی شخصیت سازی میں معاشی شعور اور خود مختاری اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مالی معاملات کو سمجھنا، بچت کرنا، آمدنی و اخراجات کی منصوبہ بندی کرنا اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے مواقع تلاش کرنا خواتین کے اعتماد میں اضافہ کرسکتا ہے۔ اسی طرح فیصلہ سازی کی صلاحیت بھی ضروری ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی ضروریات اور حالات کو سمجھتے ہوئے مناسب فیصلے کریں۔ اپنے مؤقف کو دلیل اور احترام کے ساتھ پیش کرنا بھی اہم ہے۔
سماجی روابط اور قیادت:
اچھے سماجی روابط انسان کو مختلف خیالات اور تجربات سے روشناس کراتے ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ خاندان، دوستوں اور معاشرہ کے دیگر افراد کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کریں۔ دوسروں کی مدد کرنا، اختلافِ رائے برداشت کرنا، باہمی احترام کو فروغ دینا اور مسائل کا حل تلاش کرنا اچھی شخصیت کی نشانیاں ہیں۔
ظاہرداری سے پرہیز کریں:
مصنوعی رویے اور ظاہرداری انسان کو ذہنی طور پر تھکا دیتی ہے۔ سچائی، اخلاص اور بنیادی اقدار پر قائم رہنا ہی شخصیت کو پائیدار نکھار عطا کرتا ہے۔
آراء طلب کریں:
دوست، اہل خانہ، ساتھی اور لیڈر آپ کو شخصیت کے بارے میں دیانتدارانہ رائے دے سکتے ہیں کہ سماجی یا پیشہ ورانہ ماحول میں آپ کا تاثر کیسا ہے، اور آپ کس طرح بات چیت یا برتاؤ کرتی ہیں۔ ہمیں اکثر اپنی ان عادات یا رویوں کا علم نہیں ہوتا جو ہمیں نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔ تعمیری تنقید یا تجاویز کو قبول کرکے آپ ایسی باتیں سیکھتی ہیں جو آپ کے طرزِ عمل میں بہتری کا باعث بنتی ہیں۔ فیڈ بیک آپ میں عاجزی اور کشادہ دلی بھی پیدا کرتا ہے جو شخصیت سازی کیلئے مفید ہے۔
ڈجیٹل شعور اور سماجی چیلنجز:
موجودہ دور میں ڈجیٹل شعور بھی شخصیت سازی کا اہم حصہ ہے۔ خواتین کو انٹرنیٹ، جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن ذرائع سے سیکھنے کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ساتھ ہی ذاتی معلومات کی حفاظت اور آن لائن مواد کی تصدیق پر بھی توجہ دینی چاہئے۔
شخصیت سازی مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے جس میں خود احتسابی، مطالعہ، تجربات اور مثبت تبدیلی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ خواتین کو اپنی شخصیت کی تعمیر پر توجہ دینا چاہئے اور ہر دن خود کو پہلے سے بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
خیال رہے کہ ہیرا بھی تراش خراش کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اپنی اصل چمک اور قدر و قیمت پاتا ہے۔