• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگال میں بی جے پی حکومت کے چھ ماہ

Updated: November 25, 2026, 2:59 PM IST | Pervez Hafeez | Mumbai

بی جے پی بنگال میں اقتدار میں آتوگئی اورشوبھیندو ادھیکاری کو ریاست کی کمان سنبھالے چھ ماہ ہوچکے ہیں لیکن بنگال ان سے سنبھل نہیں پارہا ہے۔ سڑکوں پر جلسے جلوس نکالنا انہیں خوب آتا ہے لیکن حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بنگال کے اسمبلی انتخابی مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کا کلیدی انتخابی نعرہ تھا: ’’بھوئے آؤٹ، بھورشا ان۔‘‘ نریندر مودی سمیت بی جے پی کے تمام لیڈروں نے بنگال باسیوں کو اس بات کا’’ بھروسہ‘‘ دلایا تھا کہ بی جے پی حکومت کے آتے ہی انہیں ترنمول کانگریس کی دہشت سے نجات مل جائے گی۔سوال یہ ہے کہ پھر آج صوبے کی اقلیتیں  اتنی  دہشت زدہ کیوں ہیں؟ مغربی بنگال کی کرسچین تنظیموں نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور زیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری کو خط لکھ کر یہ فریاد کیوں کی ہے کہ عیسائیوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائیں اورتمام گرجاگھروں اورمشنری اسکولوں کے لئے پولیس کی سیکورٹی اور کرسمس کی تقریبات کے پرامن انعقاد کی ضمانت دیں؟گرجاگھروں پر بڑھتے حملوں کے خلاف پادری اور راہبائیں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیوں کررہی ہیں؟بنگال کے عیسائیوں کے جان و مال،ایمان و عقیدہ اور عبادت گاہوں و تعلیمی اداروں کو کس سے خطرہ لاحق ہوگیا ہے؟
 امریکہ کے India Hate Labکی حالیہ رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے بنگال میں اقتدار میں آنے کے بعد سے عیسائیوں کی عبادتگاہوں پر اور تبلیغی اجتماع کے دوران ساٹھ حملے ہوچکے ہیں۔ عیسائیوں کو تسلی دینے کے بجائے  بی جے پی کے ریاستی صدر اور ایم پی شمیک بھٹاچاریہ نے  خود ان کے خلاف محاذ آرائی شروع کردی۔ شمیک نے جبری تبدیلی مذہب اور ملک دشمن کارستانیوں میں ملوث مشنری اسکولوں کو بند کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔ بنا کوئی ثبوت پیش کئے شمیک نے پرولیہ،بانکوڑہ، بشنو پور، بردوان اور آسنسول جیسے علاقوں میں تبدیلی مذہب میں تیزی سے اضافہ ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ الزامات یہ بھی لگائے گئے کہ آدیباسیوں کو کرسچین بنانے کے لئے غیر ممالک سے فنڈ بھیجا جارہا ہے،ایک خاتون ٹیچر کو اسکول انتظامیہ نے زعفرانی ساڑی پہننے سے روک دیا اور ایک پرنسپل کی میز پر پاکستان کا جھنڈا رکھا ہوا ہے۔ درحقیقت ایک فرضی بیانیہ اچھالا جارہا ہے اور پوری عیسائی اقلیت کو خوف و ہراس  میں مبتلا کیا جارہاہے۔

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کیس میں انصاف کا کون سا پیمانہ استعمال کیا گیا یا کیا جا رہا ہے؟

بی جے پی اور سنگھ پریوار کو ہمیشہ ایک دشمن کی تلاش رہتی ہے۔ بنگال میں بایاں محاذ کے طویل دور حکومت میں بی جے پی کی دال نہیں گل سکی لیکن ۲۰۱۱ء  میں کمیونسٹ حکومت کی رخصتی کے بعد بی جے پی کو اپنی جڑیں مضبوط کرنے کا موقع مل گیا۔ پچھلے پندرہ برسوں میں بی جے پی نے کشادہ ذہن بنگالی ہندوؤں کے دماغ میں مسلمانوں کے خلاف زہر بھردیا اور انہیں یہ باور کرادیا کہ چونکہ مسلمان ممتا بنرجی کے ووٹ بینک ہیں اس لئے مسلمانوں کو سات خون معاف ہیں۔بی جے پی کا یہ منظم پروپیگنڈہ کہ ترنمول کانگریس کی سرپرستی میں گھس پیٹھیوں کا سیلاب آگیا ہے جس کے سبب کئی اضلاع کی آبادیاتی ہیئت (demography) بدل گئی ہے لوگوں کو ممتا سے بدظن کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ لوگوں کا یہ برین واش کیا گیا کہ اگر انہوں نے اس بار ممتا کو اقتدار سے نہیں ہٹایا تو وہ بنگال کوبنگلہ دیش بنادیں گی۔
بی جے پی بنگال میں اقتدار میں آ توگئی اورشوبھیندو ادھیکاری کو ریاست کی کمان سنبھالے چھ ماہ ہوچکے ہیں لیکن یہ واضح ہورہاہے کہ بنگال ان سے سنبھل نہیں پارہا ہے۔سڑکوں پر جلسے جلوس نکالنا انہیں خوب آتا ہے لیکن حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے باوجودان کا رویہ غیر ذمہ دارانہ، ان کے بیانات اشتعال انگیزاوران کے اقدامات کینہ پرور ہیں۔ وہ بات نہیں تکرار کرتے ہیں۔ وہ بیان نہیں دھمکی دیتے ہیں۔ انہیں اختلاف رائے قابل قبول نہیں ہے۔
 کلکتہ شہر دانشوروں اور فنکاروں کا شہر ہے جن کی اکثریت بائیں بازو کے نظریات اور سیکولر اقدار پر یقین رکھتی ہے۔ کلکتہ شہر جلسے، جلوسوں کا اور احتجاجی مظاہروں کا بھی شہر ہے۔ بی جے پی اور شوبھیندو کویہ سب قطعی ناپسند ہے۔ وہ شہر کا یہ دیرینہ چہرہ بدل دینے پر مصر ہیں۔ پہلے دوسرے صوبے بنگال کو رشک سے دیکھتے تھے کیونکہ بنگال ’’ جو آج سوچتا ہے وہ پورا ہندوستان کل سوچتا ہے‘‘ لیکن شوبھیندو کابینہ کے اہم وزیر دلیپ گھوش دھمکی دے رہے ہیں کہ بی جے پی بنگال کو اترپردیش اور گجرات بناکر دم لے گی۔ کسی نے سوچا نہیں تھا کہ بنگال میں بھی پولیس ملزموں کو گرفتارکرنے کے بعد گولی مارکر ہلاک کردے گی۔مختلف علاقوں میں پچھلے چند ماہ میں پولیس نے پانچ افراد کو انکاؤنٹرمیں مار گرایا۔ وزیر اعلیٰ پولیس کی زیادتیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ پولیس پر اگر حملہ ہوگاتو پولیس انہیں گولی نہیں مارے گی تو کیا ان پر رس گلے اچھالے گی۔ دلیپ گھوش نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ جنہیں یہ سب ناپسند ہو وہ بنگلہ دیش چلے جائیں۔  

یہ بھی پڑھئے: دنیا بھر میں صحافت ایک جوکھم بھرا کام کیوں بن گیا ہے؟

چاروں جانب افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔سنگھی کارکن کبھی جادوپور یونیورسٹی تو کبھی کلکتہ یونیورسٹی میں تانڈو چلارہے ہیں۔ کلکتہ میڈیکل کالج ملک کا قدیم ترین اور صوبے کا بہترین میڈیکل کالج اور اسپتال ہے۔ پچھلے ہفتے سنگھی بلوائیوں نے اس کالج پر بھی حملہ کردیا۔ وجہ یہ تھی کہ میڈیکل کالج کے جونیئر ڈاکٹر کسی بات پرپرنسپل کے دفتر کے باہر احتجاج کررہے تھے۔بی جے پی کو احتجاج یا اختلاف رائے گوارا نہیں ہے۔شوبھیندو پولیس کے ذریعہ عوام کے جمہوری حقوق سلب کررہے ہیں۔
بنگال کی بی جے پی حکومت ایک جانب ہر محاذ پر ناکام نظر آرہی ہے تو دوسری جانب بی جے پی لیڈران کرپشن، اقرباپروری اوروصولی میں جسے مقامی زبان میں ’’تولابازی‘‘کہتے ہیں مصروف ہیں۔بی جے پی کے خلاف یہ الزام اپوزیشن یا میڈیا نہیں لگارہا ہے۔بی جے پی لیڈران خود اس کا اعتراف کررہے ہیں۔ریاستی بی جے پی صدر شمیک بھٹاچاریہ، ریاستی وزیر خزانہ سپن داس گپتا اور مرکزی وزیر اور سابق پارٹی صدر سکانت مجمدار سمیت متعدد اہم لیڈران برملا ناجائز وصولی اور تولابازی پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ کئی مقامات پر مال غنیمت کی تقسیم پر بی جے پی لیڈر ان کے درمیان  مارپیٹ اور تشددکی وارداتیں بھی ہورہی ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے عوام میں بیزی اور برہمی بڑھ رہی ہے۔      
شوبھیندو حکومت کی ناکامیوں سے بنگال کے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی خاطر بی جے پی لیڈروں نے یہ شوشہ چھوڑا ہے کہ غیرملکی فنڈز کا استعمال کرکے بڑے پیمانے پر ہندوؤں کو عیسائی بنانے کی سازش  ہورہی ہے۔ یہ ایک فرضی بیانیہ ہے جس کو فروغ دے کرہندوؤں کے سامنے عیسائیوں کو ان کا نیا دشمن بناکر پیش کیا جارہا ہے۔بنگال کی آبادی تقریباً دس کروڑ ہے اور عیسائیوں کی تعداد دس لاکھ سے بھی کم ہے مطلب یہ کہ ان کاتناسب ایک فی صد سے بھی کم ہے۔ مسلمانوں کے بعد در اصل اب عیسائی بی جے پی کے نشانے پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK