چیتا کیمپ میں رہنے والے ایک شخص نے سڑک حادثہ میں اپنے چھوٹے بھائی کے انتقال کے بعد بی ایم سی اور پولیس کو خط لکھ کر شکایت کی ہے کہ ٹرامبے کے راستے میں آئی این ایس تاناجی کے مین گیٹ کے سامنے سڑک خراب حالت میں ہونے کی وجہ سے یہاں کئی جان لیوا حادثات ہوچکے ہیں تاہم پولیس ہر حادثہ کے بعد ڈرائیور کے ذریعہ لاپروائی سے گاڑی چلانے کا کیس درج کرلیتی ہے۔
رحیمنشا شیخ۔ تصویر: آئی این این
چیتا کیمپ میں رہنے والے ایک شخص نے سڑک حادثہ میں اپنے چھوٹے بھائی کے انتقال کے بعد بی ایم سی اور پولیس کو خط لکھ کر شکایت کی ہے کہ ٹرامبے کے راستے میں آئی این ایس تاناجی کے مین گیٹ کے سامنے سڑک خراب حالت میں ہونے کی وجہ سے یہاں کئی جان لیوا حادثات ہوچکے ہیں تاہم پولیس ہر حادثہ کے بعد ڈرائیور کے ذریعہ لاپروائی سے گاڑی چلانے کا کیس درج کرلیتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس تفتیش کرے کہ آیا اتنے سارے حادثات کی وجہ سڑک کی خستہ حالی تو نہیں ہے۔
جاگیر حسین شیخ نے ٹرامبے پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر اور بی ایم سی کے ایم ایسٹ کی وارڈ آفیسر الکا سسانے کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ ۱۹؍ ستمبر کی شام کو ان کا بھائی رحیمنشا شیخ رکشا چلا رہا تھا جو حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اس حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور ۱۰؍ دنوں تک اسپتال میں بیہوش رہنے کے بعد اس کا انتقال ہوگیا۔ اس کے رکشا میں بیٹھی ایک بیوہ خاتون کو کئی فریکچر آئے تھے جبکہ جس رکشا سے ان کے بھائی کے رکشا کی ٹکر ہوئی تھی اس کے ڈرائیور کی شکایت پر پولیس نے لاپروائی سے گاڑی چلانے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گھاٹکوپر مدرسہ میں صرف لڑکیاں پڑھتی ہیں، مار پیٹ کرنے والے لڑکوں سے کوئی تعلق نہیں
خط میں بتایا گیا ہے کہ جس جگہ یہ حادثہ پیش آیا ہے وہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی حادثات ہوئے ہیں کیونکہ یہاں آدھی سڑک سیمنٹ کی ہے اور آدھی چارکول کی۔ دونوں سڑکوں کے درمیان اونچائی کا بہت زیادہ فرق ہے۔ اس فرق کی وجہ سے رکشا وغیرہ کے پلڑنے کا خطرہ ہوجاتا ہے اور لوگ غلط سمت گاڑی چلانے پر مجبور ہوجاتے ہیں یا موٹر سائیکل وغیرہ پھسل جاتی ہیں۔ یہاں وارننگ کا سائن بورڈ، ریفلیکٹریا بیریکیڈ نہیں ہے۔
خط کے مطابق سڑک کی خراب حالت اور کئی حادثات سے نہ صرف ٹھیکیدار کے کام کے معیار پر سوال اٹھتا ہے بلکہ اس کی نگرانی پر مامور بی ایم سی افسران کی ذمہ داری اور جوابدہی پر بھی سوال اٹھتا ہے،اس لئے اس ٹھیکیدار اور متعلقہ بی ایم سی افسران کے تعلق سے تفتیش کی جائے۔ پرانے حادثات کی بھی تفتیش کی جائے۔