• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ازدواجی زندگی: یہ سفر بہت آسان ہے نہ بہت مشکل

Updated: November 10, 2024, 3:13 PM IST | Faiqa Hammad Khan | Mumbai

شادی کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔ یہ سفر بہت آسان ہے نہ بہت مشکل۔ شادی اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک مقدس رشتہ ہے۔ یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس میں صرف دو لوگ نہیں

Patience and tolerance are very important in this beautiful relationship. Photo: INN
اس خوبصورت رشتے میں صبر اور تحمل انتہائی اہم ہے۔ تصویر: آئی این این

شادی کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔ یہ سفر بہت آسان ہے نہ بہت مشکل۔ شادی اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک مقدس رشتہ ہے۔ یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس میں صرف دو لوگ نہیں بلکہ دو خاندان جوڑے ہوتے ہیں۔  شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے۔ دل اور زندگی کا ایک نیا سفر ہے،جس میں ہمیں ڈھیر ساری خوشیاں ملتی ہیں مگر کئی قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں۔ میں نے اپنی ایک سالہ شادی شدہ زندگی میں جو محسوس کیا ہے وہ یہ ہے کہ شادی کے بعد کا ابتدائی عرصہ بہت اہم اور نازک ہوتا ہے۔ جس میں کچھ رشتے مضبوط ہوجاتے ہیں، مگر اکثر رشتے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بہت افسوس کی بات ہے کہ آج ہمارے معاشرے میں شادی شدہ جوڑے کئی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ جس کی سب سے بڑی وجہ اَنا ہے۔ لوگ اپنی اَنا کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے اس مقدس رشتہ کو تباہ کر لیتے ہیں۔ اس مضمون میں چند اہم باتوں کا ذکر کیا جا رہا ہے جن پر عمل کرکے شادی جیسے مقدس رشتے کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے:
صبر اور تحمل
 اس خوبصورت رشتے میں صبر اور تحمل انتہائی اہم ہے۔ بعض دفعہ ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں جہاں ہمیں ہمیشہ صبر سے کام لینا چاہئے۔ جیسے کہ آپس میں کسی بات پر بحث ہو جائے تو بحث کے درمیان اپنے غصے پر قابو رکھیں۔ کسی سخت الفاظ کا انتخاب نہ کریں جس کا ملال زندگی بھر رہے۔

یہ بھی پڑھئے: دسترخوان جو ’قناعت‘ کا بھی سبق دیا کرتے تھے!

آپس میں گفتگو بند نہ کریں
 اس بات کا ہمیشہ خیال رکھیں کہ لاکھ نااتفاقی پیدا ہوجائیں آپس میں گفتگو بند نہ کریں۔ آپس میں بات چیت بند ہونے کی وجہ سے دوریاں بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس کے علاوہ، اس صورتحال میں غلطی فہمی پیدا ہوسکتی ہے۔
ایک دوسرے کی عزت کریں
 ایک دوسرے کی عزت کریں۔ ایک دوسرے کو سمجھیں۔ ایک دوسرے کی خوشیوں کا خیال رکھیں۔ مجھے یوں لگتا ہے کہ اگر ایک دوسرے کی خوشیوں کے لئے اپنی کچھ قیمتی چیزوں کی قربانیاں دینی پڑیں تو ضرور دیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے شوہر کو بیوی اور بیوی کو شوہر کا لباس قرار دیا ہے۔ اگر یہ دونوں ہی آپس میں ایک دوسرے کی عزت نہ کریں، ایکدوسرے کی خوشیوں کا خیال نہ رکھیں تو یہ مقدس رشتہ بکھر جائے گا۔
گھر کے تمام لوگوں کو اپنا سمجھیں
 جیسا کہ میں نے اوپر ذکر کیا ہے کہ شادی میں صرف دو لوگ نہیں بلکہ پورے دو خاندان جوڑے ہوتے ہیں۔ خاص طور پر، خواتین کو یہاں توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ اپنے تمام نئے سسرالی رشتوں کو خلوص نیت کے ساتھ نبھائیں۔ جہاں تک ممکن ہوسکے صبر اور ہمت کا مظاہرہ کریں۔ اکثر گھرانوں میں شادی کے بعد ہی ساس بہو کے درمیان لڑائی جھگڑے شروع ہوجاتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایک دوسرے سے شکایتیں شروع ہوجاتی ہیں اور پھر بات علاحدگی تک پہنچ جاتی ہے۔ یہ وہی نازک مرحلہ ہے جہاں اگر خواتین تھوڑا سا صبر کا مظاہرہ کر لیں تو آگے چل کر اسی خوبصورت رشتے میں ڈھیر ساری خوشیاں میسر ہوں گی۔
درگزر کا رویہ اپنائیں
 ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ درگزر کا رویہ اختیار کریں۔ ایک دوسرے کی کمی اور کوتاہیوں کو نظرانداز کریں۔ اگر کبھی کوئی نااتفاقی پیدا ہو جائے تو بجائے اس کے کہ ایک دوسرے کی کمی اور کوتاہیوں کو دوسروں میں بیان کیا جائے۔ خود آپس میں اطمینان اور سکون کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے پر گفتگو کریں اور ایک دوسرے کو بتائیں کہ مجھے آپ کے فلاح رویے سے تکلیف ہو رہی ہے۔ اس کا کیا حل ہوسکتا ہے؟ اس رویے کو اختیار کرنے سے آپس میں ایک دوسرے کے دل میں عزت اور محبت برقرار رہتی ہے جس کے سبب رشتے میں مضبوطی پیدا ہوتی ہے۔
ہر حال میں گزارا کرنا سیکھیں
اکثر گھرانوں میں شادی کے بعد مالی مسائل شروع ہوجاتے ہیں۔ اکثر خواتین یہاں پر غلطی کر جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے کی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا ہے۔ اسی لئے ایک دوسرے کیلئے آزمائش نہ بنیں۔ ایک دوسرے کے لئے سکون کا باعث بنیں۔ شوہر جتنا بھی کماتا ہو اس پر صبر کے ساتھ گزارا کریں۔ دوسروں سے مقابلہ ہرگز نہ کریں۔ اللہ تعالیٰ نے ہر ایک کا رزق اس کے ساتھ بھیجا ہے اس دنیا میں، اس لئے اگر مشکل وقت ہو تو صبر کریں۔ ایک دوسرے کو سمجھیں۔ ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔
ایک دوسرے کا سہارا بنیں
ہمیشہ ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں۔ ایک دوسرے کی شخصیت کو نکھاریں۔ اس رشتے میں ایک دوسرے کے سہارے کی بہت ضرورت ہے تبھی یہ رشتہ عروج پر پہنچ سکے گا۔  یاد رہے کہ تھوڑی سی سمجھداری سے اس رشتے کو خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK