نیا سال کسی بڑے جشن کا محتاج نہیں ہے بلکہ ایک فیصلے، ایک عہد کی ضرورت ہے اور آپ حوصلے سے اپنی زندگی کو درست سمت پر گامزن کرسکتی ہیں۔
نیا سال یہ کہنا چاہتا ہے کہ تمہارے اندر وہ روشنی ہے جو تمہاری زندگی بدل سکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
نیا سال ہمارے دل پر ایک خاموش دستک ہے.... ایسی دستک جو کسی شور یا ہنگامے کے بغیر آتی ہے، اور خاموشی سے کہتی ہے: ’’اگر تم چاہو تو اپنی زندگی کو پہلے سے زیادہ خوبصورت بنا سکتی ہو۔‘‘ خواتین کی زندگی مسلسل ذمہ داریوں، محبتوں اور قربانیوں سے بھری ہوتی ہے۔ وہ گھر والوں کیلئے اتنا کچھ کرتی رہتی ہیں کہ ایک وقت آتا ہے جب وہ خود کو بھولنے لگتی ہیں۔ نیا سال ان کیلئے ایک چھوٹا سا وقفہ لاتا ہے.... اپنی سانسیں سمیٹنے، اپنے دل کو سننے اور اپنے آپ کو سمجھنے کا موقع۔ یہ لمحہ خواتین کو یاد دلاتا ہے کہ باقیوں کیلئے جینے میں کوئی برائی نہیں، لیکن خود کیلئے جینا بھی ضروری ہے۔
پچھلے سال کا جائزہ
نیا سال شروع کرنے سے پہلے چند لمحے نکالیں اور دل سے بات کریں۔ اپنے آپ سے یہ سوال کریں: پچھلے سال میں نے اپنے دل اور صحت کا کتنا خیال رکھا؟ میں کن باتوں سے خوش ہوئی؟ کون سی چیزیں میرے لئے مشکل تھیں؟ میں نے کہاں خود کو مضبوط اور کہاں کمزور محسوس کیا؟ یہ سوال آپ کو اداس نہیں کرتے.... بلکہ آپ کو باخبر بناتے ہیں، تاکہ آپ آنے والے سال کو بہتر طریقے سے گزار سکیں۔
۲۰۲۶ء کا پہلا عہد: خود کو ترجیح دینا سیکھیں
ہماری سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ خود کو ہمیشہ آخری نمبر پر رکھتے ہیں۔ لیکن یاد رکھیں: ایک خوش اور پُرسکون خاتون پوری دنیا کیلئے رحمت ہوتی ہے۔ اس سال کا سب سے پہلا، سب سے ضروری عہد یہ ہونا چاہئے، ’’مَیں خود کو نظر انداز نہیں کروں گی۔ اپنی صحت، ذہن اور دل کو وقت دوں گی اور اپنی خوشیوں کا خیال رکھوں گی۔‘‘
چھوٹے مگر زندگی بدل دینے والے فیصلے: روزانہ چند منٹ صرف خود کیلئے نکالیں۔ مناسب نیند لیں، پانی زیادہ پئیں اور واک کریں۔ جذبات کو دبانے کے بجائے انہیں سمجھیں اور سنبھالیں۔ ذہنی سکون کیلئے روزانہ چند لمحات کی خاموشی اختیار کریں۔ یہ معمولی نہیں.... یہ زندگی میں نئی روشنی بھر دینے والے قدم ہیں۔
رشتوں میں محبت بھی اور حدود بھی
خواتین دل سے نرم ہوتی ہیں، مگر اس نرمی کو کمزوری سمجھ لیا جاتا ہے۔ ۲۰۲۶ء کا یہ عہد ضرور کریں کہ، ہر رشتے میں اپنی عزت کو مقدم رکھیں گی۔ جہاں آپ کو تکلیف ملے، وہاں خاموشی نہیں.... گفتگو اور وضاحت ضروری ہے۔ کسی کو اپنی حد سے آگے جانے کی اجازت نہیں دیں گی۔ اور جہاں محبت ہو، وہاں اس کی قدر بھی کریں گی۔ نرمی حسن ہے، مگر خودداری عزت ہے اور احترام کی علامت ہے۔
ذہنی و جذباتی صحت
اکثر خواتین اپنی ذہنی تھکن کو معمولی سمجھ لیتی ہیں، لیکن مسلسل بےچینی، تھکاوٹ، غصہ، یا آنسو.... یہ سب نشانی ہیں کہ آپ کو اپنے دل کو آرام دینے کی ضرورت ہے۔ اس سال خود سے وعدہ کریں: ’’جو چیز میرے ذہنی سکون کو چھین لے، میں اسے اپنی زندگی میں جگہ نہیں دوں گی اور اپنے دل و دماغ کی حفاظت کروں گی۔‘‘
اس کیلئے چند ضروری اقدامات: ضرورت پڑے تو ’نہ‘ کہنا سیکھیں۔ دل کو ٹھیس پہنچانے والوں سے فاصلہ رکھیں۔ مثبت گفتگو اور مثبت ماحول کو ترجیح دیں۔ اپنی تعریف سنیں اور قبول کریں۔ خود کو معاف کریں اور خود پر مہربان رہیں۔ یہ قدم آپ کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور پر اعتماد بناتے ہیں۔
مالی خود مختاری: خاتون کی طاقت اور اعتماد
۲۰۲۶ء کا ایک مضبوط عہد یہ بھی ہونا چاہئے کہ ہر خاتون: اپنی کوئی مہارت بڑھائے، کچھ نیا سیکھے یا کمائے، یا کم از کم مالی فیصلوں میں خود کو شامل کرے۔ چاہے وہ گھر بیٹھے ہوم بزنس ہو، کوئی آن لائن اسکل ہو، پڑھائی مکمل کرنا ہو یا چھوٹی سی بچت۔ مالی آزادی خاتون کے اندر نیا وقار، اعتماد اور خود اعتمادی پیدا کرتی ہے۔
گھر کے ماحول کو خوبصورت بنانے
کیلئے کچھ تبدیلیاں
خواتین گھر کی رونق ہوتی ہیں۔ ان کے لہجے، انداز اور مسکراہٹ سے پورا ماحول بدل جاتا ہے۔ اس سال یہ وعدے کریں: بچوں کو پیار اور سمجھداری کے ساتھ سنبھالیں۔ غیر ضروری بحثوں سے خود کو دور رکھیں۔ خود کو تھکانے کے بجائے وقت پر آرام کریں۔ گھر میں محبت، شکرگزاری اور سکون پیدا کریں۔ یہ تبدیلیاں گھر کو جنت بناتی ہیں اور خاندان میں خوشی لاتی ہیں۔
اپنی پہچان: خود کو کبھی نہ بھولیں
خواتین جتنے بھی کردار نبھائیں، ان سب سے پہلے وہ ایک مکمل انسان ہوتی ہیں۔ ان کے اپنے خواب، خواہشیں اور جذبات ہوتے ہیں۔ ۲۰۲۶ء کا سب سے اہم عہد یہ ہو: ’’مَیں اپنی پہچان کو زندہ رکھوں گی، اپنے خوابوں کو نہیں چھوڑوں گی اور اپنے آپ پر یقین رکھوں گی۔‘‘
نیا سال آپ سے ایک بات کہہ رہا ہے... ’’مَیں خالی صفحات لے کر آیا ہوں۔ اگر تم چاہو تو ان صفحات پر اپنی خوشی، اپنی طاقت، اپنے فیصلے، اپنی پہچان.... سب کچھ لکھ سکتی ہو۔‘‘