گفتگو محض الفاظ کی ترتیب نہیں بلکہ ایک فن، ایک تہذیب اور ایک آئینہ ہے جو انسان کے باطن، تربیت اور علم کو نمایاں کرتا ہے۔ گفتگو ہی وہ عمل ہے جس کی وجہ سے انسان لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتا یا دلوں سے اتر جاتا ہے۔ اس کے ذریعہ انسان کی سوچ اور تربیت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
سلیقہ سے کی گئی بات چیت سامعین کو سننے کے لئے مجبور کرتی ہے۔ تصویر: آئی این این
انسان کو اشرف المخلوقات اس کی عقل، شعور اور اظہار خیال کی صلاحیت کی بنا پر کہا گیا ہے۔ زبان جو ایک چھوٹا سا عضو ہے، اپنی تاثیر کے لحاظ سے تلوار سے بھی کہیں زیادہ اثر رکھتی ہے۔ آداب زندگی میں بہت سارے آداب کے ساتھ گفتگو کا سلیقہ اور آداب بھی شامل ہے۔ گفتگو محض الفاظ کی ترتیب نہیں بلکہ ایک فن، ایک تہذیب اور ایک آئینہ ہے جو انسان کے باطن، تربیت اور علم کو نمایاں کرتا ہے۔ گفتگو ہی وہ عمل ہے جس کی وجہ سے انسان لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتا یا دلوں سے اتر جاتا ہے۔ اس کے ذریعہ انسان کی سوچ اور تربیت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ لوگوں سے بات چیت کے دوران اچھے لفظوں کا چناؤ اور لہجے پر قابو رکھنا نہایت ضروری اور اہم شے ہے۔
اگر ہم بغیر سوچے صرف بولتے جاتے ہیں سننے والا ہماری گفتگو سے اُکتا جاتا ہے اس کے برعکس اگر آپ کا لہجہ اچھا ہے اور مناسب الفاظ کا چناؤ آپ بات کرتے ہوئے کرتے ہیں تو لوگ آپ سے بات کرنے کے بہانے ڈھونڈتے ہیں۔ انسان کی گفتگو اس کی شخصیت کا آئینہ ہوتی ہے۔ اچھی اور پُر اثر شخصیت کے لئے آپ کا انداز گفتگو کا پر اثر ہونا نہایت ضروری ہے۔ اگر آپ لوگوں کے دلوں میں اپنی شخصیت کا انمٹ چھاپ چھوڑنا چاہتی ہیں تو اپنی باتوں اور اپنے لہجے کو پُر اثر بنائیے اور تلخی، ترشی، طنز، غیبت جیسی بری عادتوں سے دور رہئے۔ آئیے کچھ گفتگو کے آداب سیکھ لیتے ہیں:
گفتگو کا مقصد خیر ہو
اکثر آدمی اپنی زبان اور بات کی وجہ سے ہلاکت کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس لئے جب بھی زبان کھولیں خیر کے الفاظ کہیں۔ کسی انسان کے بارے میں ایسی کوئی بات مت کہیں جس کا صحیح علم آپ کو نہ ہو، اور نہ ہی کسی دوسرے کی بات پر یقین کرکے کسی پر الزام تراشی کیجئے۔ بلکہ ایسی گفتگو کریں جس کا مقصد صرف خیر ہو۔
غیبت، چغل خوری سے پرہیز کریں
گفتگو کرتے وقت غیبت اور چغل خوری سے گریز کریں۔ لوگوں کے متعلق کوئی بھی ایسی بات جو غیبت کے زمرے میں آتی ہو اس سے بچیں کیونکہ غیبت بہت بڑا گناہ ہے۔ اور اکثر لوگوں میں یہ عادت بھی پائی جاتی ہے کہ جس سے وہ حسد کرتے ہیں اور ان کی برابری نہیں کرسکتے، اس انسان کو لوگوں کی نظر سے گرانے کے لئے سطحی حرکتیں کرکے اپنا ہی معیار گراتے ہیں۔ ہمیں ایسی چیزوں سے بچنا چاہئے۔
مخاطب کو بولنے کا موقع دیں
آپ جب بھی کسی سے گفتگو کریں تو اس شخص کو بھی بولنے کا موقع دیں کہ وہ آپ کی باتوں کا جواب دے سکے ورنہ وہ بہت جلد اپ سے فرار کی راہ ڈھونڈے گا۔ ایک اچھی گفتگو اجنبی کو دوست بنا سکتی ہے اور ایک تلخ کلامی برسوں کی دوستی کو دشمنی میں بدل سکتی ہے۔ زبان اگر سنبھال کر استعمال کی جائے تو رحمت اور اگر بے لگام ہو جائے تو زحمت بن جاتی ہے۔
لہجہ نرم رکھیں
گفتگو کرتے وقت الفاظ اور لہجے کو نرم رکھیں۔ مناسب الفاظ کے چناؤ سے کڑوی بات بھی بری نہیں لگتی جبکہ غیر مناسب الفاظ جہاں آپ کی عزت گھٹا دیتے ہیں وہیں آپ کے کردار کو بھی مسخ کر دیتے ہیں۔ آپ کے الفاظ آپ کی پہچان ہیں۔ گفتگو کے وقت الفاظ کو پھینک کر مارنے کے بجائے خوش گفتاری سے اپنی بات کہیں۔ بلاشبہ اس سے آپ کے وقار اور تمکنت میں اضافہ ہوگا اور سامنے والا آپ کی بات سننے پر مجبور ہوگا۔
کسی کی دل آزاری نہ کریں
گفتگو میں ایسا لہجہ یا الفاظ استعمال کرنا جس سے کسی کی دل آزاری ہو اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ اگر ہم سب ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھیں اور دل آزاری سے پرہیز کریں تو معاشرہ ایک خوبصورت باغ کی مانند بن سکتا ہے جہاں ہر فرد کو سکون، محبت، اور احترام میسر ہو۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ایک نرم لفظ کسی کا دن سنوار سکتا ہے اور ایک سخت جملہ کسی کی راتیں بے چین کرسکتا ہے۔ لہٰذا ہمیشہ نرمی اور محبت سے پیش آئیں اور کسی کی دل آزاری نہ کریں۔
اختلاف رائے میں شائستگی
کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کسی سے بات اختلاف تک جا پہنچتی ہے۔ اس موقع پر بھی اپنے لہجے اور باتوں میں شائستگی برقرار رکھنی چاہئے۔
اخیر میں ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ گفتگو محض الفاظ کا تبادلہ نہیں بلکہ ایک اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری ہے، اس میں ہمارے مزاج، تربیت، دین اور معاشرے کی جھلک نظر آتی ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی گفتگو کو نرم، شیریں، حکمت اور شائستگی کا رنگ دیں۔
یاد رکھیں، دلوں پر قبضہ تلوار سے نہیں زبان سے کیا جاتا ہے۔