عنقرب موسم ِ سرما کا آغاز ہونے والا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بار ٹھنڈ زیادہ پڑنے والی ہے۔ اسلئے موسم کے اعتبار سے اپنے گھر میں تبدیلی لے آئیں۔ اس مضمون میں آپ کیلئے ’To Do List‘ بتائی جا رہی ہے۔ اپنی ڈائری میں یہ سارے کام نوٹ کرلیں تاکہ سردیاں شروع ہونے کے ساتھ آپ اس موسم کیلئے تیار رہیں۔
             
            
                                    
                
                                
                موسم ِ سرما شروع ہونے سے قبل گرم کپڑوں کی دھلائی یا ڈرائی کلیننگ کرکے رکھ لیں۔ تصویر:آئی این این                 
             
            بدلتے موسم کے ساتھ اپنے گھر، آس پاس اور کھانے پینے کے انداز میں بھی کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹھنڈ بڑھے گی تو ٹھنڈ کیلئے ضروری تیاریاں بھی کرنی ہوں گی۔ اس کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس مضمون میں آپ کے لئے ’To Do List‘ بتائی جا رہی ہے۔ اپنی ڈائری میں یہ سارے کام نوٹ کرلیں تاکہ سردیاں شروع ہونے کے ساتھ آپ اس موسم کیلئے پوری طرح چاق و چوبند اور تیار ہوں۔ ذیل میں جانئے چند باتیں:
(۱)رضائی کمبل کو دھوپ دکھائیں
عنقرب موسم ِ سرما کا آغاز ہونے والا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بار ٹھنڈ زیادہ پڑنے والی ہے۔ اس لئے کمبل، رضائی وغیرہ کو ابھی سے دھوپ دکھائیں۔ مہینوں سے بند پڑے ہونے کے سبب ان میں کیڑے مکوڑوں اور بیکٹیریا پنپ سکتے ہیں، جو صحت کیلئے نقصاندہ ہوسکتے ہیں۔ دھوپ سے جراثیم ختم ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مہینوں بند رہنے سے ان میں عجیب سی بوٗ آنے لگتی ہے۔ دھوپ دکھانے سے مہک بھی چلی جاتی ہے۔
(۲)کمبل کو ڈرائی کلین کروا لیں
کمبل، رضائی وغیرہ کو سال میں ایک بار ڈرائی کلین کروانا چاہئے۔ روئی کی موٹی رضائی کو گھر میں پانی سے تو دھو نہیں سکتے۔ ڈرائی کلین کروانے سے ان کی گندگی، دھول، بیکٹیریا وغیرہ سب صاف ہوجاتے ہیں اور خوشبو بھی اچھی آتی ہے۔
(۳)گرم کپڑوں کی دھلائی
سردیوں میں ٹھنڈ سے بچنے کے لئے سوئٹر، جیکٹ، اِنر جیسے کپڑوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ ان کپڑوں کو پہننے سے پہلے ایک مرتبہ اچھے سے دھونا بہت ضروری ہے۔ طویل عرصے تک رکھے رہنے سے کپڑوں سے سیلن والی بوٗ آتی ہے جس سے بے چینی محسوس ہوتی ہے اور اسکن انفیکشن کا خطرہ بھی رہتا ہے۔ اس لئے الماری سے سارے گرم کپڑے نکالئے اور چھٹائی کریئے۔ گھر میں دھونے والے کپڑے الگ اور ڈرائی کلیننگ کیلئے جانے والے کپڑے الگ۔ اب ان سب کو ایک ایک صاف کرکے، سکھا کر الماری میں رکھ لیجئے۔ آپ کی الماری سردیوں کیلئے تیار ہے۔ گرم کپڑوں کو گھر پر دھونے کیلئے مائلڈ، سافٹ یا لیکویڈ ڈٹرجنٹ کا ہی استعمال کرنا چاہئے۔ ہارڈ ڈٹرجنٹ سے کپڑے سخت ہوجاتے ہیں۔
(۴)بچوں کیلئے نئے کپڑوں کی شاپنگ لسٹ
بچوں کی نشوونما تیزی سے ہوتی ہے۔ اس لئے ممکن ہے کہ پچھلی سردی کے کپڑے انہیں نہ آئیں۔ پہلے بچوں کو پرانے گرم کپڑے پہنا کر دیکھیں پھر لسٹ بنائیں۔ اس کے علاوہ اِنر، موزے، ٹوپی وغیرہ پھٹ گئے ہوں یا خراب ہوگئے ہوں تو ان کی بھی ایک لسٹ بنائیں اور ٹھنڈ شروع ہونے سے پہلے اِن کی شاپنگ کرلیں۔
(۵)گیزر کی سروسنگ کروائیں
سردیوں میں ٹھنڈ سے بچنے کے لئے لوگ گرم پانی سے نہانا پسند کرتے ہیں۔ اس کے لئے گیزر کا استعمال خوب کیا جاتا ہے۔ بہتر ہے کہ سیزن شروع ہونے سے پہلے اپنے گیزر کی سروسنگ کروا لیں۔ اگر گیزر خراب پڑا ہے تو اس کی مرمت کروا لیں یا نیا خرید لیں۔ جو بھی آپ کے گھر کی ضرورت ہو، اس حساب سے ابھی سے تیاری کرلیں۔
(۶)پردے، صوفے کور وغیرہ کی دھلائی
موسم ِ سرما میں دھوپ کم نکلتی ہے۔ اس صورت میں کپڑوں کو سکھانا پریشانی کا سبب بن جاتا ہے۔ خاص طور پردے، صوفے کے کور جیسے کپڑے دھونے کے بعد کئی دنوں تک سوکھتے نہیں ہیں۔ اس لئے شدید ٹھنڈ شروع ہونے سے پہلے ہی ان کپڑوں کو دھو کر سکھا کر رکھ لیں۔
(۷)گھر میں ’ڈی ہیموڈیفائر‘ لگائیں
سردیوں میں گھروں کے اندر کی نمی بڑھنے سے فرنیچر سے لے کر دیواروں تک سیلن بڑھنے لگتی ہے۔ سیلن الرجی یا دمہ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اسے کم کرنے کے لئے ڈی ہیموڈیفائر لگانا ایک اچھا فیصلہ ہوسکتا ہے۔ ڈی ہیموڈیفائر ہوا سے نمی کو کم کرتا ہے اور گھر کو سیلن سے بچاتا ہے۔
(۸)گھر کی ڈیپ کلیننگ
ٹھنڈ کے دنوں میں گھر میں نمی زیادہ ہوتی ہے۔ اس صورت میں گھر کو دھونے سے نمی میں اضافہ ہوجاتا ہے، جسے سوکھنے کیلئے کئی دن درکار ہوتے ہیں۔ اس لئے ٹھنڈ شروع ہونے سے پہلے ایک بار پورے گھر کی ڈیپ کلیننگ کرلینی چاہئے۔ اس سے گھر میں دھول مٹی نہیں رہتی۔ خاص طور پر کچن کی صفائی پر خاص توجہ دینی چاہئے کیونکہ یہاں بیکٹیریا کی افزائش زیادہ ہوتی ہے۔ ٹھنڈ سے پہلے اپنے فریج اور اَوَن کی صفائی بھی ضرور کریں۔
اسکے علاوہ کھانے پینے کا خیال رکھیں۔ وٹامن اے، وٹامن ای اور وٹامن سی، کوپر، سیلینیم اور زنک موسمی تبدیلی کے منفی اثرات کو زائل کرنے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ موسم ِ سرما کی سوغات آپ کو صحتمند رکھنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ جڑ والی سبزیاں، مچھلیاں، خشک میوہ جات، گرم مشروبات اور پھل اپنی خوراک میں شامل کریں۔