خواتین کے معمولات تقریباً روزانہ ایک جیسے ہوتے ہیں اسطرح وہ اپنی ذات تک محدود ہوجاتی ہیں۔ انہیں اپنی دلچسپی کے مطابق چند سرگرمیاں انجام دینی چاہئیں۔ مشغلے صرف وقت گزاری کا نام نہیں، دراصل یہ ہماری صلاحیتوں کو نئی توانائی عطا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کا اثر ذہنی و جسمانی صحت پر بھی پڑتا ہے۔
کتب بینی ایک اچھا مشغلہ ثابت ہوسکتا ہے، اس سے آپ کی معلومات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ تصویر: آئی این این
اوڑھنی ڈیسک
inquilab@mid-day.com
مصروفیت کے سبب خواتین اکثر اپنی ذات کو بھول جاتی ہیں۔ چونکہ اُن پر ذمہ داریاں زیادہ ہوتی ہیں اس لئے وہ اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتیں۔ اگر وہ نئی دلچسپی کو اپنی زندگی میں شامل کرنے کی کوشش بھی کرتی ہیں تو انہیں ناکامی ملتی ہے۔ خواتین کو اس جانب سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔ انہیں اپنی دلچسپی کے مطابق چند کام ضرور کرنے چاہئیں۔ مشغلے صرف وقت گزاری کا نام نہیں، دراصل یہ شخصیت کو نکھارنے میں معاون ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کا اثر ذہنی و جسمانی صحت پر بھی پڑتا ہے۔ اس مضمون میں چند مشاغل کا ذکر کیا جارہا ہے جنہیں اپنا کر آپ اپنی شخصیت کو نکھار سکتی ہیں:
فن کا مظاہرہ کریں
پینٹنگ، کرافٹنگ یا فوٹو گرافی کے فن میں مہارت حاصل کریں۔ ہوسکتا ہے کہ اسکول یا کالج کے زمانے میں آپ کو ان میں سے کسی ایک میں دلچسپی تھی لیکن پڑھائی لکھائی اور دیگر ذمہ داریوں کے سبب آپ اپنی اس دلچسپی کو بھول گئی ہوں تو ایک نئی شروعات کیجئے۔ روزانہ کی بنیاد پر صرف ۲۰؍ منٹ نکالئے اور اس دوران اپنے فن کا مظاہرہ کیجئے۔ اگر کیلی گرافی سیکھنا چاہتی ہیں تو یوٹیوب پر ٹٹوریل ویڈیو سے اس ہنر میں ماہر ہوسکتی ہیں۔ اس سرگرمی سے یقیناً آپ کو خوشی ملے گی۔
جسمانی سرگرمی پر توجہ
ہر کوئی اپنی صحت پر توجہ دینا چاہتا ہے لیکن وقت کی کمی اور ہماری سست روی کے سبب ہم صحت کے حوالے سے غافل ہوجاتے ہیں۔ البتہ چند خواتین کو یوگا اور ورزش سے خاصا لگاؤ ہوتا ہے۔ وہ خواتین گھر پر رہتے ہوئے بھی اس مشغلے پر عمل کرسکتی ہیں۔ روزانہ ۳۰؍ منٹ نکالئے اور گھر پر ایکسر سائز یا یوگا کیجئے۔ اس معاملے میں کسی ماہر سے مشورہ ضرور کریں۔ روزانہ باقاعدگی سے ورزش کرنے سے آپ کی ذہنی و جسمانی، دونوں صحت اچھی رہتی ہے۔ ورزش کی مدد سے آپ دن بھر چاق و چوبند رہتی ہیں۔
باغبانی
یہ صحت کے لئے اچھا مشغلہ ہے۔ خواتین اس مشغلے کو پسند بھی کرتی ہیں لیکن وقت کی کمی اور جگہ کی قلت کے سبب وہ اس میں دلچسپی نہیں لے پاتیں۔ حالانکہ اس مشغلے کو اپنانے کے لئے بہت زیادہ مشقت کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ ابتدا میں اُن پودوں کو لگائیں جن کی نگہداشت میں بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ آپ باورچی خانہ کے ایک گوشے میں دھنیا، پودینہ، کڑی پتہ جیسے پودے لگا سکتی ہیں۔ پودوں کی نگہداشت کے ذریعہ آپ کو ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے اور آپ میں صبر کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ جب پودوں اُگ آگے ہیں تب آپ کی خوشی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ مشغلہ یقیناً آپ کی شخصیت میں چار چاند لگا دے گا۔
کتب بینی
کتابیں معلومات کا خزانہ ہوتی ہیں۔ اچھی کتابوں سے انسان کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس لئے روزانہ کسی اچھی کتاب کا مطالعہ کیجئے۔ بہتر ہوگا کہ رات کو سونے سے قبل ۱۵؍ منٹ مطالعہ کیجئے۔ اس مشغلے سے آپ کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے اور آپ کی شخصیت پر بھی مثبت اثر پڑتا ہے۔ آپ اپنے شعبے کے مطابق بھی کتابوں کا انتخاب کرسکتی ہیں جن سے آپ کو اپنے کریئر میں بہتر کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اگر آپ کوئی نیا ہنر سیکھنا چاہتی ہیں تو اس پر مبنی چند کتابوں کا مطالعہ کیجئے، اس طرح آپ کو مطالعے کی عادت بھی ہوگی اور آپ کسی ہنر میں بھی ماہر ہوجائے گی۔
کوکنگ اینڈ بیکنگ
بیشتر خواتین بہت اچھا کھانا بناتی ہیں۔ اس کے باوجود وہ مختلف قسم کے پکوان سیکھنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔ اگر آپ کا شمار ان میں ہوتا ہے تو اس مشغلے کو ضرور اپنایئے۔ اٹالین، میکسیکن، کونٹینینٹل، چائنیز جیسے پکوان سیکھے جاسکتے ہیں۔ آج کل بہت سے پکوان اَوَن میں تیار کئے جاسکتے ہیں تو آپ بیکنگ کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی بھی کوشش کرسکتی ہیں۔ جب آپ ہفتے میں ایک بار کوئی نیا پکوان تیار کرکے دسترخوان پر سجائیں گی تب گھر والے بھی آپ کی کوشش کو سراہیں گے۔ اس مشغلے سے آپ کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور ساتھ ہی آپ کو خوشی بھی ملتی ہے۔
نئی زبان سیکھئے
ہر شخص ۲؍ سے ۵؍ زبان سیکھ سکتا ہے۔ یہ بہت اچھا مشغلہ ہے۔ اس سے ہماری شخصیت نکھرتی ہے۔ آپ اپنی دلچسپی کے مطابق کوئی نئی زبان سیکھ سکتی ہیں۔ پلے اسٹور پر کئی لینگویج ایپس موجود ہیں جو آپ کو نئی زبان سیکھنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ مختلف زبان میں پوڈ کاسٹ یا نیوز سن سکتی ہیں۔
خواتین کے معمولات تقریباً روزانہ ایک جیسے ہوتے ہیں اس طرح وہ اپنی ذات تک محدود ہوجاتی ہیں۔ انہیں اپنی دلچسپی کے مطابق چند سرگرمیاں انجام دینی چاہئیں، اس سے ان کی زندگی میں یکسانیت ختم ہوگی اور صلاحیت نکھرے گی۔n