• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوعمر لڑکیوں کو کون کون سے کورس کرنے چاہئیں؟

Updated: November 20, 2024, 2:36 PM IST | Afreen Abdul Manan Shaikh, | Mumbai

بی اے، بی کام یا بی ایس سی میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چند کورسیز بھی کرنے چاہئیں تاکہ نوعمر لڑکیوں کو کسی بھی شعبے میں کریئر بنانے میں دشواری نہ ہو۔ کریئر کے بے شمار متبادلات کے اس دور میں کئی کورسیز ہیں جن کے ذریعے نوعمر لڑکیاں اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتی ہیں۔

Many drawing and art courses are also for short duration. Photo: INN
ڈرائنگ اور آرٹ کے کئی کورسیز قلیل مدت کے لئے بھی ہوتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے۔ بی اے، بی کام یا بی ایس سی میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چند کورسیز بھی کرنے چاہئیں تاکہ طالب علم کو کسی بھی شعبے میں کریئر بنانے میں دشواری نہ ہو۔ اس مضمون میں چند کورسیز کے بارے میں بتایا جا رہا ہے جو نوعمر لڑکیوں کیلئے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں:
ؕڈرائنگ اور آرٹ
 اس شعبے میں نوعمر لڑکیوں کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع مل سکتا ہے۔ بیشتر نوعمر لڑکیاں ڈرائنگ میں مہارت رکھتی ہیں۔ وہ یہ کورس کرکے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکتی ہیں۔ آپ اس میں ایک سال ڈپلومہ کرسکتی ہیں۔ اس قسم کے کئی کورس قلیل مدت کے لئے بھی ہوتے ہیں۔ آپ اپنی سہولت کے مطابق ان میں کسی ایک کا انتخاب کرسکتی ہیں۔
غیر ملکی زبانوں کا سیکھنا
 ماہرین کہتے ہیں کہ ہر شخص کو ایک سے زائد زبانیں سیکھنی چاہئے۔ موجودہ دور ترقی یافتہ دور ہے۔ مادری زبان کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنا انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔ خاص طور پر طالب علم کے لئے۔ نوعمر لڑکیاں اگر کسی غیر ملکی کمپنی میں اپنی قسمت آزمانا چاہتی ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ غیر ملکی زبان سیکھیں، خواہ وہ فرانسیسی، جرمنی، کورین، جاپانی، چینی، یا ہسپانوی ہو۔ یہ بات جان لیں کہ انجینئر کی سند حاصل کرنے کے بعد مختلف کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے کے بعد غیر ملکی زبان سیکھنے کی وجہ سے بہترین مستقبل اور عمدہ پیکیج کے لسٹ میں آپ شامل ہوسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں پرائیویٹ کوچنگ یا آن لائن غیر ملکی زبان دوسروں کو سیکھا کر ایک اچھی آمدنی حاصل کرسکتی ہیں۔
یوگا کورس
 یوگا، آپ کو متحرک اور صحتمند رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ اس شعبے میں مہارت حاصل کرکے آپ ایک اچھا کریئر بنانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ موجودہ دور میں نوجوان ڈپریشن جیسے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ یوگا اس مرض سے نجات دلانے میں کارگر ثابت ہوتا ہے۔ آپ یوگا انسٹرکٹر بن کر نوجوانوں کو موجودہ دور کے چیلنجز اور پرسنل لائف کے درمیان توازن قائم کرنے میں مدد کرسکتی ہیں۔ یوگا سیکھنے کے لئے آپ آف لائن یا آن لائن، دونوں صورتوں میں سیکھ سکتی ہیں۔ اس کا ایڈوانس کورس بھی کرسکتی ہیں۔
کوڈنگ
 کوڈنگ نوعمروں کے لئے ٹیکنالوجی اور اختراع کی دنیا کے لئے دروازے کھولتا ہے۔ مسائل کو حل کرنے کی مہارت کو فروغ دیتا ہے۔ آج کے ڈجیٹل دور میں، بہت سے آن لائن پلیٹ فارمز کوڈنگ کورسیز فراہم کرتے ہیں۔
کیلکولس کورسیز
 یہ کورس آپ کو اپنی تعلیمی دشواریوں کے لئے تیار رہنے میں مدد دے سکتا ہے اور ساتھ ہی  آپ کو وقت کا مؤثر طریقے سے انتظام کرنا بھی سکھا سکتا ہے۔ آپ اپنے نصاب، گریڈ لیول، یا سیکھنے کی سطح کی بنیاد پر مختلف کیلکولس کورسیز آن لائن تلاش کرسکتی ہیں۔
بجٹ سازی کی مہارتیں
 پیسہ زندگی میں سب سے اہم چیز نہیں ہے لیکن یہ یقینی طور پر طرز زندگی کو آرام دہ بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ بجٹ سازی ایک ایسا ہنر ہے جس کی بدولت پیسے کی قدر، شعوری طور پر خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کوکنگ کورسیز
 کھانا انسان کی بنیادی ضرویات میں سے ایک ضرورت ہے۔ مختلف نت نئے پکوان بنانا سیکھ کر آپ کوکنگ کلاس شروع کرسکتی ہیں۔ آج کل کچن کلاؤڈ کا بھی رجحان ہے، اس سے آپ اچھی آمدنی کرسکتی ہیں۔
بنیادی طبی امداد مہارت
 یہ کورس انتہائی کارگر ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کورس کے ذریعے آپ اپنے ساتھ ساتھ اپنے گھر والوں کا بھی خیال رکھ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بنیادی طبی معلومات کے ذریعے دوسروں کو بھی فیض پہنچا سکتی ہیں۔
تنظیمی مہارت
 اس کورس کے ذریعہ آپ وقت کا درست استعمال کرنا، پلاننگ کرنا، اہداف طے کرنا، ذرائع کا استعمال کرنا وغیرہ سیکھ سکتی ہیں۔ اگر آپ کارپوریٹ کمپنی جوائن کرنا چاہتی ہیں تو یہ کورس آپ کے لئے کارگر ثابت ہوسکتا ہے۔ ساتھ ہی آپ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
لیڈر شپ کوالیٹی
 بہترین ٹیم ورک اور لیڈر شپ کا ہنر لڑکیوں میں ہونا چاہئے تاکہ مستقبل میں گھر اور باہر کی دہری ذمہ داریوں کو بحسن و بخوبی نبھا سکیں۔
 اِن کورسیز کے ذریعے نوعمر لڑکیاں مختلف شعبوں میں اپنا کریئر بنا سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK