Inquilab Logo

والدین بچوں کو حوصلہ نہ ہارنے کی ترغیب دیں

Updated: October 15, 2020, 1:08 PM IST | Kamla Baduni

بچوں کو بتائیں کہ کھیل میں ہار جیت تو ہوتی رہتی ہے۔ آج آپ کا دوست جیتا ہے، کل آپ جیت سکتے ہیں لیکن کھیل میں آگے بڑھنے کیلئے آپ کو ہمیشہ محنت کرنی ہوگی۔ تبھی آپ ہمیشہ کھیل میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ایسا ہی اسے پڑھائی کے بارے میں بھی بتائیں کہ اچھے نمبر لانے کیلئے اسے ہمیشہ زیادہ محنت کرنی ہوگی

Family - PIC : INN
فیملی ۔ تصویر : آئی این این

مقابلہ دو طرح کا ہوتا ہے.... مثبت اور منفی۔ مثبت مقابلے میں انسان اپنے حریف سے آگے نکلنے کے لئے سخت محنت کرتا ہے اور اس سے آگے نکل جاتا ہے۔ اسے ’صحتمند مقابلہ‘ کہتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو خود تو کچھ نہیں کرتے لیکن دوسروں کو بھی آگے نہیں بڑھنے دیتے۔ ایسے لوگ اپنے سے کامیاب لوگوں کی برائی کرتے رہتے ہیں، ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ایسے لوگ نہ خود آگے بڑھ پاتے ہیں اور نہ ہی دوسروں کو آگے بڑھتا دیکھ سکتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنے آس پاس صرف منفیت پھیلاتے ہیں۔ لہٰذا سبھی والدین کے لئے یہ بے حد ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو صحتمند مقابلہ کرنا سکھائیں تاکہ ان کے بچے اپنے دم پر آگے بڑھیں اور کامیابی حاصل کریں:
بچپن سے سکھائیں یہ عادت
 کئی بچے جب کھیل میں ہارنے لگتے ہیں تو کھیل چھوڑ کر چلے جاتے ہیں یا پھر اپنے دوستوں سے جھگڑنے لگتے ہیں۔ خود دھوکہ دینے کے باوجود وہ دوستوں پر اس کا الزام لگاتے ہیں۔ ایسے بچوں کو دوسرے بچے کھیل میں شامل نہیں کرنا چاہتے، جس سے ان کے دوست بھی نہیں بن پاتے۔ اس سے بھی بڑی پریشانی یہ ہوتی ہے کہ ایسے بچے آگے چل کر مقابلے کا دباؤ برداشت نہیں کر پاتے۔ لہٰذا والدین کو چاہئے کہ وہ چھوٹی عمر ہی سے اپنے بچوں کو صحتمند مقابلے کے بارے میں سکھائیں۔ انہیں بتائیں کہ کھیل میں ہار جیت تو ہوتی رہتی ہے۔ آج آپ کا دوست جیتا ہے، کل آپ جیت سکتے ہیں لیکن کھیل میں آگے بڑھنے کیلئے آپ کو ہمیشہ محنت کرنی ہوگی۔ تبھی آپ ہمیشہ کھیل میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ایسا ہی اسے پڑھائی کے بارے میں بھی بتائیں کہ اچھے نمبر لانے کے لئے اسے ہمیشہ زیادہ محنت کرنی ہوگی۔
صحتمند مقابلہ ضروری ہے
 آج کی بھاگ دوڑ بھری زندگی میں ہائی پروفیشنل لائف اسٹائل کی چاہت نے لوگوں کے مسابقتی جذبے کو بڑھا دیا ہے۔ ہر کوئی ایک دوسرے سے بہتر طرز زندگی چاہتا ہے اور اس چاہت کو پورا کرنے کے چکر میں لوگ سامنے والے کے پیر کھینچ کر آگے بڑھنے سے بھی پرہیز نہیں کرتے۔ جبکہ مقابلے کا مطلب دوسروں کو پیچھے کھینچنا نہیں بلکہ خود آگے بڑھنا ہوتا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ صحیح معنوں میں اور اپنے دم پر کامیابی حاصل کرے تو اسے ابھی سے صحتمند مقابلے کی اہمیت اور اس کی خوبی بتائیں۔
ہر موڑ پر مقابلہ ہے
 آج کے دور میں بغیر مقابلے کے کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کی اُمید ہی نہیں کی جاسکتی۔ اسکول کالج سے لے کر دفتر تک.... اس کا دائرہ بہت بڑا ہے۔ اسکول کالج میں طلبہ کے مابین ایک دوسرے سے اچھے نمبر لانے کی ہوڑ لگی رہتی ہے، تو دفتر میں دوسروں کو نیچا دکھا کر خود کو بہترین ثابت کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ مقابلہ اگر ایمانداری سے کیا جائے تو اس سے کام کا معیار بہتر ہوتا ہے کیونکہ اپنے دفتری ساتھی کو اچھا کام کرتے ہوئے دیکھ کر دوسرا شخص بھی اس سے آگے بڑھنے کیلئے اپنے کام میں بہتری لائے گا۔ لیکن مقابلے میں اگر ایمانداری نہ ہو تو اس کا انجام ہمیشہ منفی ہی ہوتا ہے۔ لہٰذا اپنے بچے کو سکھائیں کہ اچھے نمبر لانے یا کھیل میں بہتر مظاہرہ کرنے کیلئے اسے اپنے ساتھی سے زیادہ محنت کرنی ہوگی تبھی وہ ان سے آگے بڑھ سکتا ہے۔
آگے بڑھنے کا جذبہ
 اپنے بچے کو سکھائیں کہ زندگی میں کسی کامیاب انسان کو دیکھ کر اس کی طرح بننے یا اس سے آگے بڑھنے کی بات سوچنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ اپنے ساتھی سے آگے بڑھنے کیلئے اگر آپ سخت محنت کررہے ہیں تو اس میں بھی کچھ غلط نہیں ہے کیونکہ یہ سب آپ اپنی ترقی کے لئے کر رہے ہیں۔ لیکن آپ اگر کسی کو پیچھے ڈھکیل کر یا کسی کو نیچے گراکر آگے بڑھ رہے ہیں تو یہ مقابلے کے زمرے میں قطعی نہیں آئے گا۔ اپنے بچے کو یہ بھی سمجھائیں کہ غلط طریقے سے ملی کامیابی کی عمر زیادہ طویل نہیں ہوتی اس لئے ہمیشہ خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے اور اس کیلئے ہمیشہ محنت کرنی چاہئے۔
نفرت یا حسد کا جذبہ
 کئی مرتبہ آپ کا بچہ بھی اپنے دوست کو پڑھائی یا کھیل میں اس سے آگے بڑھتے دیکھ کر مایوس ہوجاتا ہوگا۔ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کے بچے میں اپنے دوست کو لے کر جلن یا نفرت کا جذبہ پیدا ہوجائے۔ ایسا ہونا فطری ہے کیونکہ ہر کوئی آگے بڑھنا چاہتا ہے اور خود کو دوسروں سے بہتر ثابت کرنا چاہتا ہے۔ اگر آپ کا بچہ بھی ایسا سوچتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں اپنے بچے کو سکھائیں کہ کامیابی کی راہ میں آگے بڑھنے کیلئے وہ پوری ایمانداری سے اپنا کام کرتا رہے۔ پڑھائی یا کھیل میں آگے بڑھنے کے لئے سخت محنت کرے۔ ایسا کرکے جلد ہی وہ اپنے دوست سے آگے نکل سکتا ہے۔ بچوں کو بتائیں کہ محنت کبھی بھی رائیگاں نہیں جاتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK