• Thu, 13 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مثبت سوچ اور خوداعتمادی معاشرہ میں تبدیلی کا محرک

Updated: November 13, 2025, 3:58 PM IST | Momin Rizwana Muhammad Shahid | Mumbai

ہمیشہ امیدوں کا دامن تھامے رہنے والی وہ خواتین جو مثبت سوچ رکھتی ہیں، معاشرہ میں نہایت اہم رول ادا کرتی ہیں۔ وہ اپنی اولاد میں حوصلہ، امید اور خودی کی روح پھونکتی ہے۔ ایسے میں پورا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، کیونکہ عورت معاشرے کی بنیاد ہے۔

A confident and positive-thinking woman is the architect of a strong, informed, and enlightened society. Photo: INN
ایک پر اعتماد اور مثبت سوچ رکھنے والی عورت ہی دراصل ایک مضبوط، باشعور اور روشن معاشرے کی معمار ہوتی ہے۔ تصویر:آئی این این
دنیا کی ہر ترقی یافتہ قوم کے پس منظر میں خواتین کی تعلیم، شعور اور مثبت سوچ کارفرما رہی ہے۔ ایک عورت کی مثبت سوچ نہ صرف اس کی ذات کو جِلا بخشتی ہے بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔ مثبت سوچ وہ چراغ ہے جو عورت کے دل میں امید کی روشنی پیدا کرتا ہے، اس کے ڈر کو حوصلے میں اور کمزوری کو طاقت میں بدل دیتا ہے۔
خواتین کی زندگی میں خوداعتمادی ایک بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ جب عورت اپنے آپ پر یقین کرتی ہے تو وہ ہر رکاوٹ کو چیلنج میں بدل دیتی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ کامیابی کا راستہ آسان نہیں، مگر اس کی ہمت، ثابت قدمی اور پختہ ارادہ اسے آگے بڑھنے پر مجبور کرتا ہے۔ خوداعتماد عورت کسی سہارے کی محتاج نہیں ہوتی.... وہ اپنی پہچان خود تراشتی ہے، اپنے فیصلے خود کرتی ہے، اور اپنے خواب خود تعبیر دیتی ہے۔
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں عورتوں کو اکثر کمزور یا دوسروں پر انحصار کرنے والا سمجھا جاتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ عورت کے اندر ایک بے پناہ قوتِ برداشت، ایثار اور ارادے کی طاقت موجود ہے۔ جب وہ اپنی سوچ کو مثبت بناتی ہے تو ناممکنات کے دروازے خود بخود کھلنے لگتے ہیں۔ وہ نہ صرف اپنی زندگی سنوارتی ہے بلکہ دوسروں کے لئے بھی مشعلِ راہ بن جاتی ہے۔
مثبت سوچ کا مطلب صرف خوش گمانی نہیں بلکہ زندگی کی حقیقتوں کو سمجھ کر اُن سے بہتر راستہ نکالنا ہے۔ وہ عورت جو مشکلات میں بھی مسکرا کر آگے بڑھتی ہے، وہ دراصل اپنے اندر کے یقین کو جگا رہی ہوتی ہے۔ یہی یقین اس کی کامیابی کا پہلا زینہ بنتا ہے۔ ضرورت ہے کہ ہم اپنی بیٹیوں اور بہنوں کی تربیت میں صرف تعلیم پر نہیں بلکہ اعتماد اور خودشناسی پر بھی زور دیں۔ انہیں یہ احساس دلائیں کہ ان کی پہچان دوسروں کی رائے میں نہیں بلکہ ان کے اپنے کردار، عزم اور اخلاق میں پوشیدہ ہے۔
یاد رکھئے، مثبت سوچ عورت کی سب سے بڑی خوبصورتی ہے، اور خوداعتمادی اس کا سب سے قیمتی زیور۔ جب عورت خود پر یقین کرتی ہے تو وہ صرف ایک فرد نہیں رہتی، بلکہ ایک مکمل ادارہ بن جاتی ہے .... جو روشنی بکھیرتا ہے، حوصلہ دیتا ہے اور معاشرے میں تبدیلی کا علمبردار بن جاتا ہے۔
دنیا میں کامیابی اور سکونِ قلب حاصل کرنے کا سب سے مضبوط ذریعہ مثبت سوچ ہے۔ یہ وہ طاقت ہے جو انسان کے اندر سے اندھیروں کو مٹا کر اُمید کی کرن جگاتی ہے۔ خاص طور پر خواتین کے لئے مثبت سوچ ایک ایسا اثاثہ ہے جو نہ صرف اُن کی شخصیت نکھارتا ہے بلکہ معاشرے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مثبت سوچ: خوداعتمادی کی بنیاد
خوداعتمادی کسی بھی عورت کیلئے کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے، اور مثبت سوچ اُس سیڑھی کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔ جو عورت حالات کا سامنا حوصلے، تدبیر اور امید کے ساتھ کرتی ہے، وہ زندگی کے ہر موڑ پر سرخرو ہوتی ہے۔ مشکلات اُس کے حوصلے کو توڑ نہیں سکتیں، بلکہ مزید بلند کرتی ہیں۔ ایسی خواتین گھر، تعلیم، ملازمت اور معاشرتی سرگرمیوں میں ایک مثال بن جاتی ہیں۔
منفی سوچ کا اثر
منفی سوچ عورت کو خوف، احساسِ کمتری اور مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیتی ہے۔ باصلاحیت ہونے کے باوجود خود کو کمزور سمجھتی ہیں۔ اگر وہ یہ یقین کر لیں کہ ان کے اندر بھی وہی قوت ہے جو دنیا بدل سکتی ہے تو اُن کی کامیابی یقینی ہے۔
مثبت سوچ پیدا کرنے کے طریقے
(۱)اپنے آپ پر یقین رکھیں: ہر صبح یہ سوچ کر دن کا آغاز کریں کہ ’’مَیں کرسکتی ہوں۔‘‘
(۲)اظہارِ تشکر: زندگی کے چھوٹے چھوٹے تحفوں پر شکر ادا کریں، یہ خوشی اور اطمینان پیدا کرتا ہے۔
(۳)اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کریں: وہ لوگ جو آپ کے اندر حوصلہ اور اعتماد جگائیں، اُن کے ساتھ رہنا مثبت سوچ کو فروغ دیتا ہے۔
(۴)اپنے خوابوں کو سنجیدگی سے لیں: خواب محض خیال نہیں، زندگی کی سمت طے کرنے والے چراغ ہوتے ہیں۔
(۵)خود کو معاف کرنا سیکھیں: ماضی کی غلطیوں کو بوجھ نہ بنائیں بلکہ اُن سے سبق حاصل کریں۔
اختتامیہ:
آج کے دور میں، جب عورت مختلف میدانوں میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہے، تو سب سے زیادہ ضرورت اسی بات کی ہے کہ وہ اپنے دل و دماغ میں مثبت سوچ اور خوداعتمادی کو جگہ دے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK