Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید کی تیاریاں: اِن باتوں کا خیال رکھیں

Updated: April 18, 2023, 11:13 AM IST | ODhni desk | Mumbai

عام طور پر خواتین عید کے کپڑوں کی خریداری رمضان کے پہلے عشرے سے ہی شروع کر دیتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنے لئے آرام دہ خوبصورت اور منفرد ڈریس کا انتخاب کریں، کیونکہ عموماً عیدکا دن مصروفیت میں گزرتا اس لئے وہ ایسا لباس لیں جسے پہن کر امورِ خانہ داری بھی نبٹا سکیں

Jewelry has a special importance in women`s Eid preparations
خواتین کی عید کی تیاری میں زیورات کی خاص اہمیت ہوتی ہے

رمضان کا آخری عشرہ تیزی سے گزر رہا ہے اور خواتین کی عید کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ یوں تو عید کا تہوار بچے، بڑوں اور بوڑھوں سب کے لئے یکساں اہمیت کا حامل ہے، لیکن خاص طور پر خواتین عید الفطر کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی پُرجوش نظر آتی ہیں۔ بازار کا رُخ کیا جائے تو وہاں بھی خواتین کی بڑی تعداد نظر آتی ہے۔ 
 عام طور پر خواتین عید کے کپڑوں کی خریداری رمضان کے پہلے عشرے ہی سے شروع کر دیتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنے لئے آرام دہ خوبصورت اور منفرد ڈریس کا انتخاب کریں، کیونکہ عموماً عیدکا دن مصروفیت میں گزرتا اس لئے وہ ایسا لباس منتخب کریں جسے پہن کر امورِ خانہ داری بھی نبٹا سکیں۔ آج کل بازار میں کئی ورائٹی دستیاب ہے۔ نیٹ اور چکن کڑھائی والے کپڑے زیادہ ،پسند کئے جا رہے ہیں جو موتی اور دھاگوں کے کام والے ہوتے ہیں۔ ان میں بھاری بھرکم ڈیزائن والے بھی مل جائیں گے۔ رواں برس آرگنزا دوپٹے اور ڈریس کافی پسند کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ریڈی میڈ کپڑوں کی مانگ بھی زیادہ ہے۔ البتہ اب بھی کئی خواتین کپڑے سلوانا پسند کرتی ہیں۔ جن خواتین نے رمضان کی ابتدا میں کپڑے خرید کر ٹیلر کو سیلنے کے لئے دے دیئے تھے ان کے لئے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے البتہ جن خواتین نے ایسا نہیں کیا تھا انہیں اب ٹیلر کی دکانوں پر ’’ہاؤس فل‘‘ کی تختی نظر آجائے گی۔ وہ مایوس نہ ہوں، ریڈی میڈ کپڑے آپ کیلئے بہترین متبادل ثابت ہوسکتے ہیں۔
 اب گرمی کی شدت بڑھتی جارہی ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ خواتین سوتی یا لان کے کپڑوں کو ترجیح دیں تاکہ عید کے دن آپ گرمی سے پریشان نہ ہوں۔ بہتر ہوگا کہ بھاری بھرکم کام والے کپڑوں کے بجائے ہلکے رنگ کے لان یا کاٹن کے کپڑوں کا انتخاب کریں۔ کپڑے کا انتخاب کرنے کے بعد ایک مرتبہ پہن کر دیکھ لیں۔ بعض دفعہ نیٹ یا ایمبرائیڈری والے کپڑے چبھتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، اس لئے پہلے ٹرائل کر لینا مناسب ہوتا ہے۔
 بازار میں کپڑوں کی خریداری کرتے وقت جو ڈریس پہلی نظر میں پسند آجائے اسے فوراً خرید لیں۔ خواتین اکثر مختلف کپڑے دیکھ دیکھ کر پریشان ہوجاتی ہیں کہ کون سا لوں؟ اس پریشانی سے بچنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ جو کپڑا پہلے پسند آجائے اسے خرید لیں، اکثر ’’اور دکھاؤ.... اور دکھاؤ....‘‘ کے چکر میں آپ کا پسندیدہ ڈریس کوئی اور خرید لیتا ہے اور آپ افسوس کرتی رہ جاتی ہیں۔
 کپڑوں کے بعد کان کی بالیوں کی باری آتی ہے۔ کان کی بالیاں لباس کی مناسبت سے خریدنا چاہئے۔ بالیاں خریدتے وقت ڈریس ساتھ میں رکھیں، اس سے بالیاں خریدنے میں آسانی ہوتی ہے۔ بالیاں بہت بڑی بڑی نہ خریدیں، شوق میں بڑی بڑی بالیاں خریدنے کے بعد اکثر پچھتانا پڑتا ہے۔ اس لئے ہلکی پھلکی بالیاں خریدیں۔ کبھی کبھی بالی میں لگے تار کپڑوں میں پھنس جاتے ہیں، اس لئے خریدتے وقت اچھی طرح دیکھ بھال لیں۔ بالیاں خریدتے وقت جلد بازی نہ کریں، اچھی طرح جانچ کرلینے کے بعد ہی خریدیں۔ البتہ چوڑیاں خریدنا نہ بھولیں۔ بازار میں مختلف قسم کی چوڑیاں دستیاب ہیں۔ اپنی پسند کے مطابق خرید لیں۔
 سینڈل کے بغیر خواتین کی عید ادھوری ہوتی ہے۔ ایک سے ۲؍ انچ والی سینڈل خریدنا زیادہ مناسب ہوتا ہے۔ ۲؍ سے ڈھائی انچ کی ہیل والی سینڈل سے پیروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آج کل دیدہ زیب جوتیاں کافی پسند کی جا رہی ہیں۔ آپ بھی اپنے لباس کی مناسبت سے جوتی خرید سکتی ہیں۔ جوتی خریدتے وقت تسلی کر لیں وہ آرام دہ ہے یا نہیں۔ اس وقت بازار میں جوتیوں کی کئی ورائٹی دستیاب ہے۔ آپ کو سستی سے سستی اور مہنگی سے مہنگی جوتیاں مل جائیں گی۔ آپ اپنے بجٹ کے مطابق جوتیاں خرید سکتی ہیں۔
 عید کی تیاری میں میک اپ بھی شامل ہوتا ہے۔ اس لئے اس کی خریداری بھی لازمی ہے۔ گرمی کا موسم ہے اس لئے ’’نو میک اَپ لُک‘‘ بہترین ثابت ہوگا۔ میک اپ میں پیسٹل رنگوں کو ترجیح دیں۔ البتہ گہرے رنگ کی لپ اسٹک کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ میک اپ اچھی کوالیٹی کا خریدنا سمجھداری ہوگی۔ گرمی کے موسم کے اعتبار سے واٹر پروف میک اپ مناسب ہوگا۔ میک اپ کے بعد ہیئر اسٹائل کی بھی اپنی اہمیت ہے۔ گرمی کی وجہ سے بال کھلے رکھنے کے بجائے جوڑا بنایا جاسکتا ہے۔ ’’بریڈ ہیئر اسٹائل‘‘ ہمیشہ پسند کیا جاتا ہے۔ ہیئر ایکسس سریز کی مدد سے منفرد ہیئر اسٹائل اپنایا جاسکتا ہے۔ البتہ عید سے قبل ایک دو بار وہ ہیئر آزما کر ضرور دیکھ لیجئے گا۔
 عید کی تیاری کرتے وقت خواتین چاند رات تک کا انتظار نہ کریں۔ عین وقت کی تیاری میں کوئی نہ کوئی کمی و بیشی رہ جاتی ہے اس لئے بہتر ہے کہ جلد سے جلد ساری تیاریاں مکمل کرلیں تاکہ عید کے دن کوئی ہنگامہ نہ ہو۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK