Inquilab Logo Happiest Places to Work

با اعتماد خواتین ایک مضبوط معاشرہ کی بنیاد اور مشعلِ راہ

Updated: April 02, 2026, 3:03 PM IST | Mumbai

آج کی زندگی غیر یقینی حالات سے بھری ہوئی ہے۔ ہر دن نئے چیلنجز سامنے آتے ہیں ۔ ایسے میں خود اعتمادی ایک مضبوط سہارا بنتی ہے۔ یہ انسان کو گھبراہٹ، خوف اور مایوسی سے نکال کر امید اور ہمت کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ خواتین کیلئے یہ لازمی ہے کیونکہ انہیں بیک وقت کئی ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہیں۔

To build self-confidence within yourself, study the lives of famous personalities and try to learn from their experiences. Photo: INN
اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنے کے لئے معروف شخصیات کی زندگی کا مطالعہ کریں اور ان کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش کریں۔ تصویر: آئی این این

ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ اسی وقت تشکیل پاتا ہے جب اس کی خواتین بااعتماد، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہوں۔ آج کا دور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کا دور ہے جہاں زندگی کے تقاضے بھی بدل رہے ہیں۔ ایسے میں خواتین کا کردار صرف گھر کی چار دیواری تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ گھر ہو یا باہر، ہر جگہ خواتین اپنی محنت، قابلیت اور خود اعتمادی کے ذریعے کامیابی کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہیں۔ ماضی کے برعکس آج کی عورت زیادہ باشعور اور خود مختار ہے۔ وہ نہ صرف اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتی ہے بلکہ ان کو احسن طریقے سے نبھانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے سب سے اہم عنصر خود اعتمادی ہے۔ خود اعتمادی وہ قوت ہے جو انسان کو مشکلات کا سامنا کرنے، فیصلے کرنے اور اپنے مقصد کے حصول کیلئے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ ایک بااعتماد عورت نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بناتی ہے بلکہ اپنے خاندان اور معاشرہ پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کچھ خواتین زمانے کو بدلنے کیلئے پیدا ہوتی ہیں

تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ خود اعتمادی کے ساتھ کام کیا ہے، انہوں نے حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ چاہے وہ تعلیم کا میدان ہو، سیاست، میڈیکل یا کاروبار کا، ہر جگہ خواتین نے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ یہ سب اس وقت ممکن ہوا جب انہوں نے خود پر یقین کیا اور اپنی صلاحیتوں کو پہچانا۔ خود اعتمادی کا تعلق صرف ذاتی کوشش سے نہیں بلکہ خاندانی ماحول اور تربیت سے بھی ہوتا ہے۔ ایک ایسا گھر جہاں حوصلہ افزائی کی جاتی ہو، جہاں لڑکیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیئے جاتے ہوں، وہاں خود اعتمادی خود بخود پروان چڑھتی ہے۔ اسکے علاوہ تعلیم بھی اس حوالے سے بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تعلیم انسان کو شعور دیتی ہے، سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بڑھاتی ہے اور مسائل کا حل تلاش کرنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ ایک تعلیم یافتہ عورت نہ صرف اپنے حقوق سے آگاہ ہوتی ہے بلکہ وہ اپنے فرائض بھی بہتر انداز میں ادا کرتی ہے۔ اس کے باوجود آج بھی بہت سی خواتین ایسی ہیں جو خود اعتمادی کی کمی کا شکار ہیں۔ خاص طور پر گھریلو خواتین اکثر اپنے فیصلوں میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں۔ وہ اپنی رائے دینے سے کتراتی ہیں اور خود کو دوسروں سے کمتر سمجھتی ہیں۔ اس کی بڑی وجہ معاشرتی دباؤ، منفی سوچ اور اعتماد کی کمی ہے۔ لیکن یہ ایک ایسی کیفیت ہے جسے بدلا جاسکتا ہے، اگر عورت خود اپنے اندر تبدیلی لانے کا عزم کرے۔ خود اعتمادی پیدا کرنے کیلئے چند اہم نکات پر عمل کرنا ضروری ہے:

ز سب سے پہلے، کسی ایسی شخصیت کو اپنا رول ماڈل بنائیں جو باوقار، کامیاب اور بااعتماد ہو۔ اس کی زندگی کا مطالعہ کریں، اس کے تجربات سے سیکھیں اور اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کریں۔ اس سے نہ صرف حوصلہ ملے گا بلکہ ایک واضح سمت بھی ملے گی۔

یہ بھی پڑھئے: کھانے کے فوراً انجام دی جانیوالی یہ سرگرمیاں صحت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں

ز دوسرا ہمیشہ مثبت سوچ اپنائیں۔ منفی خیالات انسان کو کمزور بناتے ہیں جبکہ مثبت سوچ انسان کو آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔ اپنی ناکامیوں کو اپنی کمزوری نہ بنائیں بلکہ ان سے سبق سیکھیں۔ اپنی خوبیوں و صلاحیتوں کو پہچانیں اور انہیں نکھارنے کی کوشش کریں۔

ز تیسرا اپنے حالات اور خیالات کا جائزہ لیتے رہیں۔ خود احتسابی انسان کو بہتر بناتی ہے۔ مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کریں اور اپنے راستے کا تعین کریں۔ جب انسان کو اپنی منزل کا پتہ ہوتا ہے تو وہ زیادہ خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔

ز چوتھا گفتگو کے انداز پر توجہ دیں۔ جب بھی کسی سے بات کریں تو اعتماد کیساتھ بات کریں، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں اور اپنی بات واضح انداز میں پیش کریں۔ ایک مضبوط اور واضح آواز خود اعتمادی کی علامت ہوتی ہے۔

ز پانچواں اپنی ذہنی اور نفسیاتی صحت کا خیال رکھیں۔ ذہنی دباؤ، خوف اور پریشانی خود اعتمادی کو کمزور کر دیتے ہیں۔ اس لئے خود کو پر سکون رکھنے کی کوشش کریں، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے آپ کو مضبوط بنائیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسکرین سے باہر کی حقیقی دُنیا کیسے دریافت ہو؟

ز چھٹا غلطیوں سے نہ گھبرائیں۔ غلطی کرنا انسان کی فطرت ہے۔ اگر آپ سے کوئی غلطی ہو جائے تو خود کو ملامت کرنے کے بجائے اس سے سیکھیں اور آئندہ بہتر کرنے کی کوشش کریں۔ یہی عمل انسان کو مضبوط اور بااعتماد بناتا ہے۔

خواتین کا بااعتماد ہونا نہ صرف ان کی اپنی زندگی کو بہتر بناتا ہے بلکہ پورے معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ جو خواتین خود اعتمادی کی دولت سے مالا مال ہوتی ہیں، وہ نہ صرف اپنی ذاتی زندگی میں کامیاب ہوتی ہیں بلکہ معاشرے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ دوسروں کے لئے مثال بنتی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK